Inquilab Logo

’’کوئی بھی طاقت ہندوستان سے اس کا آئین نہیں چھین سکتی‘‘

Updated: May 01, 2024, 8:40 AM IST | Inquilab News Network | Bhind

مدھیہ پردیش میں منعقدہ انتخابی ریلی میں راہل گاندھی نے کہا کہ جب تک کانگریس ہے، وہ ایسا نہیں ہونے دے گی، اپنے کارکنان کو آئین ساتھ رکھنے کا مشورہ دی۔

Rahul Gandhi can be seen holding a copy of the Constitution while addressing an election rally in Madhya Pradesh. Photo: PTI
مدھیہ پردیش کی ایک انتخابی ریلی میں راہل گاندھی خطاب کرتے ہوئے، اُن کے ہاتھ میں آئین کی کاپی دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر بی جے پی کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ وہ اسے آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب تک کانگریس ہے، کوئی بھی طاقت ہندوستان سے اس کا آئین نہیں چھین سکتی۔ اسی کےساتھ انہوں نے اپنے کارکنا ن سے کہا کہ وہ جہاں بھی جائیں، اپنے ساتھ آئین کی ایک کاپی ضرور رکھیں۔ 
 بھنڈ میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اگنی ویر کے حوالے سے بھی مودی سرکار پرتنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اگنی ویر جیسی اسکیم جاکر فوج کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی  سرکار نے فوجیوں کے ۲؍ حصوں میں بانٹ دیا ہے۔ اس تقسیم کے مطابق فوجیوں کے ایک طبقے کو پنشن ملے گی، کینٹین ملے گی اور بہتر تربیت حاصل ہوگی  جبکہ دوسرے جوانوں کو نہ تو کینٹین کی سہولت دستیاب ہوگی، نہ پنشن ملے گی اور نہ ہی اچھی تنخواہ حاصل ہوگی۔راہل گاندھی مدھیہ پریش کے بھنڈ حلقہ انتخاب سے کانگریس امیدوار پھول سنگھ بریا کی حمایت میں منعقدہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: کووِڈ ویکسین سے ہارٹ اٹیک کے خطرہ کا اعتراف

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈرنے کہا کہ آج ملک پر بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر بھی ہے اور عوام پر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی الیکشن نہیں ہے بلکہ دو نظریات کی جنگ ہے اور ملک کے آئین کے تحفظ کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے آئین نے غریبوں، آدیواسیوں، دلتوں اور عام زمرے کے لوگوں سمیت ملک کے تمام طبقات کو کچھ حقوق فراہم کئے ہیں، جن کی حفاظت کیلئے کانگریس پارٹی اور’ انڈیا‘ اتحاد میں شامل جماعتیں میدان میں ہیں۔  انہوں نے کہا کہ دوسری طرف بی جے پی اور اس کی نظریات سے اتفاق کرنے والی جماعتیں ہیں جنہوں نے یہ ذہن بنالیا ہے کہ اقتدار میں آئے تو آئین کو تبدیل کرکے اسے اپنے نظریات سے ہم آہنگ کرلیں گی جن میں غریبوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایساکچھ ہوا تو ملک کے لوگوں کو جو کچھ بھی حاصل ہوا ہے، وہ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو الیکشن ہے وہ جمہوریت اور قبائلیوں کے حقوق کی حفاظت کا الیکشن ہے۔اسی کے ساتھ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ دنیا کی کوئی ایسی طاقت نہیں ہے جو آئین کو تبدیل کر سکے، کانگریس انہیں کرنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بی جے پی  ایسا خواب دیکھ رہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے امبیڈکر کے ساتھ مل کر انگریزوں سے لڑائی لڑی ہے اور اس آئین کو ہندوستان کے عوام کی آواز کے حساب سے تیار کیا ہے،اسلئے ہم ہم اسے کسی  صورت ختم نہیں  ہونے دیں گے۔
 اسی دوران راہل گاندھی نے اپنے کارکنوں سےایک خاص اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی جائیں، اپنے ساتھ آئین کی ایک کاپی ضرور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے جائیں، کسی انتخابی ریلی میں شریک ہوں، عوامی میٹنگ میں شرکت کریں یا کوئی اور موقع ہو، وہ اپنے ساتھ آئین کی کاپی ضرور رکھیں، اس سے انہیں تقویت ملے گی۔ اس تعلق سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی کیا۔ اس میں انہوں نے لکھا کہ ’ہمارا آئین غریبوں کیلئے ایک اعزاز ہے،یہ محروموں کیلئے باعث احترام اور تمام شہریوں کیلئے وجہ افتخار ہے۔ کانگریس کے تمام امیدواروں اور لیڈروں سے میری اپیل ہے کہ وہ   ہر قسم کے عوامی رابطے کے دوران مقدس آئین کو اپنے ساتھ رکھیں۔ گاؤں گاؤں اور گلی گلی تک اس پیغام کو عام کریں کہ جب تک کانگریس ہے....بی جے پی کیا، دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان سے اس کا آئین نہیں چھین سکتی۔‘‘اس موقع پر راہل گاندھی کے ہاتھ میں بھی آئین کی کاپی موجود تھی۔
 اس دوران راہل گاندھی نے کچھ اعلانات بھی کئے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اگر کانگریس اقتدارمیں آتی ہے تو کسی خاتون کو اپنا منگل سوتر گروی رکھنے کی نوبت نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جہاں کسانوں کی فلاح پرتوجہ دے گی، ان کیلئے اسکیمیں لائے گی، وہیں ہر خاتون کو لکھ پتی بنائے گی اور ہر نوجوان کیلئے نوکری کی گارنٹی دے گی۔ اسی طرح ۲۵؍ لاکھ روپے تک کی علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK