• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب معاشی طورپر کمزور مریضوں کاعلاج بھی گلوبل اسپتال میں ممکن

Updated: November 18, 2026, 3:42 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بی ایم سی نے معاہدہ کیا۔ غریب مریضوں کیلئے پریل کے اس اسپتال میں رعایتی شرح پرعلاج کی راہ ہموار۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
ممبئی،(سعادت خان ): ممبئی میونسپل اسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے ضرورتمند اور معاشی طور پر کمزور مریضوں کا علاج اب پریل کے گلوبل اسپتال میں بھی رعایتی شرح پر ہوسکے گا۔ شہری انتظامیہ اور گلوبل اسپتال کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق بی ایم سی اسپتالوں کے مریضوں کیلئے گلوبل اسپتال میں ۳۷؍ بیڈمحفوظ رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے  جس کی وجہ سے میونسپل اسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کیلئے پرائیویٹ اسپتالوں میں بہتر علاج کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔
نجی اسپتالوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور   خصوصی دیکھ بھال کی صلاحیت موجود ہے جبکہ میونسپل کارپوریشن کے پاس صحت عامہ کا ایک جامع نظام اور ضرورتمند مریضوں تک پہنچنے کا طریقہ کار ہے۔ ان دونوں سہولیات کو مربوط کرکے ضرورتمند مریضوں کاعلاج آسانی اور وسیع طور پر کیا جاسکتاہے، اس بات کو ذہن میں رکھ کر بی ایم سی اور گلوبل اسپتال نے ایک معاہدہ کیا ہے ۔
گلوبل اسپتال میں ۲۴۵؍ بستر ہیں جن میں سے ۱۵؍ فیصد یعنی ۳۷؍بستر میونسپل کارپوریشن کے نامزد کردہ اہل مریضوں کے لئے دستیاب کرائے جائیں گے۔ اس میں عام اسپتال کے بستر، انتہائی نگہداشت کے یونٹس، ایمرجنسی علاج، ہیموڈائلیسس اور ضروری خصوصی نگہداشت کی سہولیات شامل ہیں ۔یہاں اہل مریض مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ہیلتھ اسکیموں سے متعلق مقررہ رعایتی نرخوں پر علاج کروا سکیں گے۔ کے ای ایم اسپتال اس نظام کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اہل مریضوں کے انتخاب، ان کی طبی ضروریات کا اندازہ لگانے اور انہیں علاج کیلئے گلوبل اسپتال بھیجنے کا عمل کے ای ایم کے اصولوں کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔ اس سے مریض کے انتخاب اور علاج کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی ۔
شہری انتظامیہ اور گلوبل ہاسپٹلس کے معاہدہ سے عام شہریوں کا معیاری علاج ہوسکے گا۔ اس معاہدہ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ ماضی کے زیرالتواء دعوئوں اور میونسپل کارپوریشن کے قانونی حقوق کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مریضوں کی دیکھ بھال کی راہ ہموار کرنا ہے ۔بی ایم سی اور گلوبل اسپتال کے معاہدے کے موثر نفاذ کے بعد یہ اقدام دیگر اہل نجی اسپتالوں کے ساتھ بھی کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔  اس لئے معاہدے پر موثر عمل درآمد کی ذمہ داری کےای ایم اسپتال کو سونپی گئی ہے تاکہ بستروں کی دستیابی، باقاعدہ نگرانی، علاج معالجے کے نرخوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور مریضوں کو علاج کیلئے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اس تعلق سے میئر ریتو تائوڑے نے کہا ہے کہ’’ پبلک اور پرائیویٹ ہیلتھ کیئر سسٹم ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں ہیں لیکن مناسب منصوبہ بندی اور سماجی ذمہ داری کے ذریعے ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتے ہیں ۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK