• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اُردومیڈیم کے اُمیدواروں کو مراٹھی میں امتحان دینے پرمجبورکرنے کی مخالفت

Updated: November 18, 2026, 3:47 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

جاری ٹریننگ کے آخری دن اردو میڈیم کے اُمیدواروں کو مراٹھی میں سوالیہ پرچہ حل کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ تعلیمی تنظیموں کا اُردومیں امتحان لینے کا مطالبہ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 اُردو اور مراٹھی میڈیم کے اُمیدواروں کو ان دنوں دی جانے والی سینئر پے اسکیل کی ٹریننگ کی سختی اور بے جا ہدایتوں سے اساتذہ پریشان ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریننگ کے آخری دن ہونے والے ۵۰؍نمبروں کے امتحان میں اُردو میڈیم کے اُمیدواروں کو بھی مراٹھی میں سوالیہ پرچہ دئیے جانے کی اطلاع سے اُمیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ تعلیمی تنظیموں نےاس کی مخالفت کی ہے اور اُردو والوں کو اُردو زبان میں پرچہ دینے کامطالبہ کیا ہے۔

اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ ان دنوں سینئرگریڈ اور سینئرپے اسکیل کی ٹریننگ جاری ہےلیکن ٹریننگ کے سخت قوانین اور ضوابط سے ہزاروں اُمیدوار پریشان ہیں۔ ضابطوں کی خلاف ورزی پر اب تک ۴؍ہزار سے زیادہ اُمیدواروں کو ٹریننگ سے باہر کر دیا گیاہے۔ ٹریننگ کے ہر نئےسیشن میں اُمیدواروں کی حاضری لی جا رہی ہے۔ مختلف وجوہات کی بنا پر سیشن سے غیر حاضر رہنے یا تاخیر سے پہنچنے پر اب تک ۴؍ہزار اُمیدواروں کو ٹریننگ سے باہر کر دیا گیا ہے جب کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انتظامیہ کو سمجھنا چاہئے کہ اُمیدواروں کے بھی مختلف مسائل ہوتے ہیں ۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ٹریننگ میں اُردو میڈیم کے اُمیدواروں کیلئے اُردو میں تربیتی مواد اور حوالہ جات دستیاب کرائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کا انتخاب، نیتن یاہو کی گرفت کمزور

ٹریننگ کے نصاب ، مضامین اور تعلیمی مواد کو اردو زبان میں سمجھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ یقیناً خوش آئند ہے ، تاہم ٹریننگ کے اختتام پر۵۰؍ مارکس کا جوتحریری امتحان ہونے والا ہے ،وہ صرف مراٹھی زبان میں  لیا جائے گا، یہ معاملہ انتہائی افسوسناک ،  غیر منصفانہ اور متضاد ہے۔ جب متعلقہ حکام سے اس بارے میں پوچھا گیا تو اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے اردو زبان میں افرادی قوت دستیاب نہیں ہے۔ صرف جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے درکار افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے اردو میڈیم کے ہزاروں اساتذہ کو اپنی مادری زبان میں امتحان دینے سے محروم رکھنا کتنا مناسب ہے ۔ا س وجہ سے ہم نے مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ریسرچ اینڈٹریننگ کے ڈائریکٹر کو مکتوب روانہ کر کے ان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے اور اُردومیڈیم کے اُمیدوارو ں کااُردو زبان کے پرچہ میں امتحان لینے کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘

ساجد نثارکے مطابق ’’ ہم نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ اُردومیڈیم کے اساتذہ کیلئے اردو میں سوالیہ پرچہ تیار کیاجائے اور امتحان اردو زبان میں منعقد کرنے کا سرکاری حکم فوری طور پر جاری کیا جائے۔ جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے اردو زبان کے ماہرین کاانتظام کیاجائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK