این پی سی آئی نے یوپی آئی کو تیز تر، محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے بینکوں اور ادائیگی ایپس کے لیے اے پی آئی کے نئےقوانین بنائے ہیں۔ یہ تبدیلیاں تکنیکی ہیں، لیکن براہ راست یومیہ لین دین کو متاثر کریں گی۔
EPAPER
Updated: July 21, 2025, 2:06 PM IST | Agency | New Delhi
این پی سی آئی نے یوپی آئی کو تیز تر، محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے بینکوں اور ادائیگی ایپس کے لیے اے پی آئی کے نئےقوانین بنائے ہیں۔ یہ تبدیلیاں تکنیکی ہیں، لیکن براہ راست یومیہ لین دین کو متاثر کریں گی۔
اگر آپ روزانہ یو پی آئی ایپس جیسےفون پے، گوگل پےیا پے ٹی ایم استعمال کرتے ہیں تویکم اگست ۲۰۲۵ء سے آپ پر کچھ نئے اصول نافذ ہوں گے۔نیشنل پےمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی ) نے یوپی آئی کو تیز تر، محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے بینکوں اور ادائیگی ایپس کے لیے اے پی آئی کے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کیے ہیں۔ یہ تبدیلیاں تکنیکی ہیں، لیکن یہ براہ راست آپ کے یومیہ یوپی آئی لین دین کو متاثر کریں گی۔
بیلنس چیک کرنے کی حد مقرر ہے
اب آپ کسی بھی ایک یو پی آئی ایپ کے ساتھ دن میں صرف ۵۰؍ بار اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کر سکیں گے۔ یہ حد اس لیے لگائی گئی ہے تاکہ سسٹم بار بار بیلنس کی درخواستوں سے بھرا نہ ہو۔ یہ حد عام صارفین کے لیے کافی ہے اور اس سے سرور کی رفتار بھی بہتر ہوگی۔
منسلک اکاؤنٹس کو دیکھنے کی حد بھی مقرر
اب کوئی بھی ایپ دن میں صرف ۲۵؍ بار چیک کر سکے گا کہ آپ کے موبائل نمبر سے کون سے بینک اکاؤنٹس جڑے ہوئے ہیں۔ اس سے غیر ضروری اے پی آئی کالز کم ہوں گی اوریو پی آئی سروس زیادہ آسانی سے چلے گی۔
آٹو ڈیبٹ ادائیگیوں کے لیے ٹائم سلاٹ طے
نیٹ فلکس، ایس آئی پی یا دیگر سبسکرپشنز کے آٹو ڈیبٹ ٹرانزیکشنز کو اب صرف۳؍ ٹائم سلاٹس میں پروسیس کیا جائے گا: صبح۱۰؍ بجے سے پہلے، دوپہر ایک بجے سے شام۵؍ بجے کے درمیان اور ساڑھے ۹؍ بجے کے بعد۔ اس سے مصروف اوقات میں سرور پر بوجھ کم ہو جائے گا اور آٹو پے سروس آسانی سے چلے گی۔اس سے لین دین میں تیزی آئے گی۔
ناکام ادائیگی چیک کرنے پر پابندی
اگر کوئی ادائیگی ناکام ہو جاتی ہے تو اب آپ صرف۳؍ بار اسےچیک کر سکیں گے۔ وہ بھی ہر بار کم از کم۹۰؍ سیکنڈ کا وقفہ رکھنا ہوگا۔ اس کا مقصد سرور پر بوجھ کو کم کرنا اور لین دین کی دوبارہ کوشش یا ریورسل کی کامیابی کی شرح کو بڑھانا ہے۔
اسپیڈ بوسٹ جون میں پہلے ہی آچکا ہے
یکم اگست کے اپ ڈیٹ سے پہلے، جون ۲۰۲۵ء میں این پی سی آئی نے اے پی آئی کے جوابی وقت کو کم کر دیا تھا، ادائیگی کے لیے۱۵؍ سیکنڈ، ناکام لین دین کے لیے۱۰؍ سیکنڈ۔ اس سے لین دین تیزی سے ہوتا ہے اور غلطیاں تیزی سے ٹھیک ہو رہی ہیں۔
رجسٹرڈ نام سب سے پہلے نظر آئے گا
۳۰؍ جون۲۰۲۵ء سے تمام یو پی آئی ایپس پر لین دین سے پہلے جس شخص کو آپ رقم بھیجنے جا رہے ہیں اس کا رجسٹرڈ نام دکھایا جا رہا ہے۔ اس سے فریب دہی یا رقم کے غلط اکاؤنٹ میں جانے کا خطرہ کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔
چارج بیک کی حد بھی نافذ کر دی گئی ہے
دسمبر۲۰۲۴ء سے چارج بیک پر ایک حد بھی لگائی گئی ہے۔ اب آپ مہینے میں صرف۱۰؍ بار اور کسی ایک صارف یا کمپنی کے ساتھ صرف۵؍ بار چارج بیک کر سکتے ہیں۔ اس سے سسٹم کے غلط استعمال کو روکا جا سکے گا اور حقیقی معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔