مہاراشٹر اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے رمضان المبارک کے دوران ہاکرس کو خصوصی رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 28, 2026, 3:02 PM IST | Mumbai
مہاراشٹر اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے رمضان المبارک کے دوران ہاکرس کو خصوصی رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے رمضان المبارک کے دوران ہاکرس کو خصوصی رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ایوان میں کہا کہ کئی ایسے ہاکرس ہیں جن کی سال بھر کی روزی روٹی کا بڑا حصہ رمضان سے وابستہ ہوتا ہے اس لئے اس مہینے میں ان کے خلاف سخت کارروائی غریبوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی کے مینارہ مسجد کے قریب ایک بیوہ خاتون اپنے بچوں کی کفالت کیلئے بریانی اور گھریلو سامان فروخت کرتی ہے اور رمضان کے دوران اسی کمائی سے گھر چلاتی ہے مگر موجودہ کارروائیوں کے باعث وہ اور اس جیسے دیگر افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
ابوعاصم اعظمی اعظمی نے نشاندہی کی کہ کچھ لوگ صرف رمضان کے مہینے میں ہی بازار لگاتے ہیں لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ اس عرصے میں نرمی اختیار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاکرس کیلئے ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق پالیسی تیار کی گئی تھی، تاہم اب تک انہیں متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔ حکومت نے رات بھر دکانیں اور ہوٹل کھلے رکھنے کا فیصلہ تو کیا ہے لیکن ریلوے اسٹیشنوں کے ۱۰۰ ؍ میٹر کے دائرے میں بھیڑ کا حوالہ دے کر ہاکرس کو ہٹایا جا رہا ہے۔ رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ کمرشیل علاقوں میں ہاکرس کی بازآبادکاری کی جائے کیونکہ وہ ممبئی اور ریاستی معیشت کا اہم حصہ ہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔