Inquilab Logo

اُدیشہ:وزیر اعلیٰ نوینپٹنائک کی ہدایت پرکابینہ کے تمام وزراءمستعفی

Updated: June 05, 2022, 10:47 AM IST | bhubaneswar

نئے وزراء آج حلف لیں گے ،نوین پٹنائک کا نئی ٹیم کے ساتھ اسمبلی الیکشن کی تیاری کرنے کا ارادہ

Odisha Chief Minister Naveen Patnaik
ادیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک

اُدیشہ کی سیاست میں سنیچر کو ایک بڑی اتھل پتھل دیکھنے  ملی ۔یہاں نوین پٹنائک کابینہ کے سبھی وزراء نے استعفیٰ دے دیا۔ دراصل وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک اپنی کابینہ میں رد و بدل کرنا چاہتے تھے اور اسی مقصد سے انہوں نے اپنے سبھی وزراء کو استعفیٰ دینے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سبھی وزراء نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ اب نئے وزراء۵؍ جون کو یعنی آج  حلف  لیں گے۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے سوریہ نارائن پاترو نے ادیشہ اسمبلی کے اسپیکر عہدہ سے اپنا استعفیٰ سونپا، پھر پٹنائک کابینہ کے سبھی وزراء نے یکے بعد دیگرے استعفیٰ دینا شروع کر دیا۔ یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ تنازع کا شکار ہونے والے کچھ لیڈروں کی وجہ سے حکومت پر سوال اٹھ رہے تھے، لہٰذا کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی کابینہ کی حلف برداری اتوار کی صبح ۱۲؍  بجے ہوگی۔
  کون کون سے اراکین اسمبلی وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے، اس سلسلے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ اندازہ ضرور لگایا جا رہا ہے کہ ریاست میں۲۰۲۴ء میں اسمبلی انتخاب ہونے ہیں ، اسی کے پیش نظر نوین پٹنائک اپنی نئی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں۔ اس نئی ٹیم کے ساتھ اسمبلی الیکشن کی تیاریاں بھی شروع ہو جائیں گی۔واضح رہے کہ ادیشہ میں۲۰۱۹ء میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں نوین پٹنایک کی پارٹی نے۱۴۶؍  اسمبلی سیٹوں میں سے۱۱۳؍ پر فتح حاصل کی تھی۔ بی جے پی کو۲۳؍ اورکانگریس کو۹؍سیٹوں پر کامیابی ملی تھی جب کہ بایاں محاذ کے حصے میں ایک اسمبلی سیٹ آئی تھی۔ ایک اسمبلی سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں گئی تھی۔ ادیشہ میں حکومت سازی کے لیے۷۴؍ اراکین اسمبلی کی ضرورت پڑتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK