وزیر اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان نئے سال میں ترقی کی نئی منزلیں طے کریگا ،کانگریس لیڈروںکا اپنے پیغامات میںامید ، ہم آہنگی اور مشترکہ ذمہ داری پر زور،فرنویس کا عوام کو نئے عزم کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام
EPAPER
Updated: January 01, 2026, 11:03 PM IST | New Delhi
وزیر اعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان نئے سال میں ترقی کی نئی منزلیں طے کریگا ،کانگریس لیڈروںکا اپنے پیغامات میںامید ، ہم آہنگی اور مشترکہ ذمہ داری پر زور،فرنویس کا عوام کو نئے عزم کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام
نئے سال کے موقع پرمتعددسیاسی لیڈروںنے مبارکبادی کے پیغامات جاری کئے اورعوام کی اچھی صحت ، خوشحالی اورامن وامان کی تمنا کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے۲۰۲۶ء کے موقع پرجمعرات یکم جنوری کو ملک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئےاپنے پیغام میں کہا کہ آنے والا برس عوام کی کوششوں میں کامیابی، کاموں میں تکمیل اور سماج میں ہم آہنگی لے کر آئے۔وزیر اعظم نے یہ پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیا، جس میں انہوں نے نئے سال کو امیدوں، نئے عزم اور اجتماعی اعتماد کے ساتھ شروع کرنے کی تلقین کی۔وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی کے لیے اتحاد اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان نئے سال میں ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرے گا۔وزیر اعظم نے ایک اور پیغام میں سنسکرت کا ایک شلوک بھی شیئر کیا اور کہا کہ نیا سال ہر شہری کے لیے نئی امنگیں، نئے ارادے اور نیا اعتماد لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ علم، صبر، ہمت، خود اعتمادی اور اخلاقی قدریں ہی کسی بھی معاشرے کو مضبوط بناتی ہیں، اور انہی اصولوں کے ساتھ آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال، پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لیے مل جل کر کام کریں۔
نئے سال کے موقع پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے عوام کے نام الگ الگ پیغامات جاری کرتے ہوئے جمہوری اقدار کے تحفظ، سماجی انصاف اور باوقار زندگی کے حق کو مرکزی موضوع بنایا۔ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اپنے پیغامات میں امید، ہم آہنگی اور مشترکہ ذمہ داری کا پیغام دیا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے پیغام میں شہریوں کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سال کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک عوامی تحریک کی صورت اختیار کرے۔ انہوں نے حق روزگار، حقِ رائے دہی اور باعزت زندگی کے حق کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین اور جمہوری اقدار کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے۔کھرگے کے مطابق شہریوں کو بااختیار بنانا اور معاشرے میں ہم آہنگی مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے عوام کے لیے خوشیوں، بہتر صحت اور کامیابیوں کی دعا کی۔ ان کے پیغام میں سادگی کے ساتھ مثبت طرزِ فکر نمایاں رہاجس میں نئے سال کو امید اور امکانات سے جوڑتے ہوئے اجتماعی خوشحالی کی تمنا ظاہر کی گئی۔پرینکا گاندھی نے اپنے پیغام میں نئے سال کے لیے سکون، امن، خوشحالی اور مسرت کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک کے عوام کے درمیان باہمی محبت، تعاون اور بھائی چارہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماجی یکجہتی ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق نئے سال کا آغاز اسی وقت بامعنی ہوگا جب معاشرے میں اعتماد اور جذبۂ خیرسگالی مضبوط ہو گا۔کانگریس قیادت کے ان پیغامات میں مجموعی طور پر آئینی اقدار، جمہوری روایات اور سماجی انصاف کی بازگشت سنائی دی۔ پارٹی لیڈروں نے جہاں ایک طرف روزمرہ مسائل- جیسے روزگار، سلامتی اور کسانوں کی فلاح کو اجاگر کیا، وہیں دوسری طرف شہریوں کی مشترکہ شرکت کو بھی کلیدی قرار دیا ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نےعوام کو نئے سال کی مبارکبادیتے ہوئے اپیل کی وہ خوشگوارواقعات سےسیکھتے ہوئے اورتلخ باتوں کو فراموش کرتے ہوئےنئے عزم کےساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ نیا سال مہاراشٹر کی ترقی کی نوید ثابت ہوگا ۔