عمدہ قسم کی اشیاء خورد ونوش، ۲؍ ڈرم شربت اوربعد نمازِ مغرب چائے کا خصوصی نظم کیا جاتا ہے۔ ممبئی سینٹرل سےباندرہ کےدرمیان یہ پہلی مسجد ہے جہاں اتنی بڑی تعداد میںروزہ دار افطار کرتے ہیں۔
پیربغدادی مسجد میں افطار کےوقت روزہ دار نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
پیر بغدادی مسجد (دادرمغرب) میں یومیہ۱۵۰۰؍ روزہ دار افطار کرتے ہیں ۔عمدہ نظم ، دو ڈرم شربت اور نماز کے بعد۴۰؍ لیٹر دودھ سے چائے کا بھی نظم کیا جاتا ہے۔ خاص بات یہ ہےکہ مسجد کےاطراف میں مسلمان نہ کے برابر ہیں، اس کے باوجود یہاں اتنی بڑی تعداد میں روزہ دار افطار کرتے ہیں۔ دراصل یہ دکاندار، فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے، کارخانوں میںکام کرنے والے اوردفاتر میں کا کرنے والے جو گھر نہیں پہنچ پاتے، وہ دادر اسٹیشن اتر کر یہاں آجاتے ہیں، اسی سبب افطار کرنےوالوں کی کثرت ہوتی ہے۔
افطارکا نظم مقامی تاجرمسجد انتظامیہ کمیٹی کے اشتراک سےکرتے ہیں اور دیگر صاحب ِ خیر بھی اس میں حصہ لیتے ہیں ۔ افطار کی اشیاء سموسہ ،بھجیا اوردیگر آئٹم مسجد سے متصل حصے میںتیار کرایا جاتا ہے ،اس کےبعد قطارسے لگائی جانے والی تھال میںچھوٹی گاڑی کی مدد سے اشیاء پہنچائی جاتی ہیں۔ مقامی نوجوان اورخدمت کمیٹی کے کارکنان افطار کی اشیاء تیار کرانے اوردسترخوان سجانے میں ذوق وشوق سے حصہ لیتے ہیں ۔چندہ نہیںلیا جاتا ہے اورنہ ہی کسی سے تقاضا کیاجاتا ہے بلکہ مل جل کریہ پورا نظم کیاجاتا ہے اورپورے ماہ انواع و اقسام کی اشیاء روزہ داروں کے لئے مہیا کرائی جاتی ہیں ۔ چونکہ بڑی مقدار میںپھل استعمال ہوتا ہے اس لئے واشی مارکیٹ سے براہ راست منگوایا جاتاہے۔
یہ تفصیلات مسجدٹرسٹ کےمنیجرمحمدصدیق سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر مہیا کرائیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہری انتظامیہ اورپولیس کا عملہ بھی اس پر حیرت کا اظہار کرتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میںروزہ داروں کےلئے پابندی سے افطار کا نظم کس طرح ممکن ہوتا ہے ۔