یہ واقعہ زیتون کی فصل کی کٹائی کے موسم میں فلسطینیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے درمیان ہوا ہے۔
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 1:56 PM IST | Agency | Ramallah
یہ واقعہ زیتون کی فصل کی کٹائی کے موسم میں فلسطینیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے درمیان ہوا ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملے میں ایک شخص شہید اور۱۶؍افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی حکام نے یہ اطلاع دی۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نابلس کے شمال مغرب میں واقع برقہ کے رہائشی ۴۴؍ سالہ علی حسن یاسر البزاری نابلس کے مغرب میں برقہ کے قریب زرعی زمینوں پر زیتون کی فصل کی کٹائی میں مصروف تھے، اسی دوران فلسطینیوں پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں علی حسن شہید ہوگئے۔
وفا نیوز ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون سمیت کئی افراد کو طولکرم اور نابلس کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے مطابق اس کی ٹیموں نے علاقے میں ۵؍ زخمیوں کا علاج کیا جن میں دو افراد کو گولیاں لگی تھیں جبکہ دیگر تین کو مارا پیٹا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی کے دورۂ جنوبی کوریا کا آغاز
پی آر سی ایس نے کہا کہ زخمیوں تک پہنچنے کی کوشش کرنے والی ایمبولینس ٹیموں پر بھی اسرائیلی فورسیز نے حملہ کیا اور ۳؍ طبی اہلکاروں اور ایک رضاکار کو مختصر وقت کے لئے حراست میں لے لیا۔
راملہ سے الجزیرہ کی نامہ نگار ندا ابراہیم نے بتایا کہ یہ تشدد زیتون کی فصل کی کٹائی کے موسم میں فلسطینیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے درمیان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں زیتون کی فصل چننے کے لئے گھر سے نکلنا بھی خطرناک ہوگیا ہے، کیونکہ کسانوں کو اپنی زمینوں تک جانے پر اسرائیلی پابندیوں کے ساتھ ساتھ مسلح اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کا بھی سامنا ہے۔ان کے مطابق ان حملوں نے فلسطینی خاندانوں کے لئے روایتی طور پر اہم سماجی اور معاشی حیثیت رکھنے والے زیتون کی فصل کے موسم کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں عام طور پر فلسطینی اپنے کام سے چھٹی لے کر زمینوں پر جاتے ہیں اور زیتون چنتے ہیں، کیونکہ یہ ان کے لئے خوشی کا موسم ہوتا ہے۔ندا ابراہیم کے مطابق حملوں سے زیتون کی کاشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور رواں سال مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم۴۵؍ ہزار زیتون کے درخت تباہ کئے جاچکے ہیں۔مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے عناتا کے قریب بھی اسرائیلی فورسیز اور آبادکاروں نے زیتون کی فصل چننے میں مصروف متعدد فلسطینیوں پر حملہ کیا۔