• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئن لائن سیل میں ۲؍دنوں میں ۲۴؍ ہزار کروڑ کی فروخت

Updated: October 13, 2026, 1:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

تہواروں پر سیل: ایمیزون، فلپ کارٹ، میشو، اَجیو اور دیگر پلیٹ فارمس پر ۸؍ سے۹؍کروڑ آرڈرس، مالیت کے لحاظ سے موبائل فون سر فہرست۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

تہواروں   کے پیش نظر فلپ کارٹ، ایمیزون ، میشو،اَجیو  اور دیگر آن لائن مارکیٹنگ پلیٹ فارمس  پرشروع کئے گئے سیل میں ۲؍ دنوں میں ۲۴؍ ہزار کروڑ کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے ۔ یہ اعدادوشمار  ریڈسیر اسٹریٹجی کنسلٹینٹ نے جاری کئے ہیں۔ فروخت کی مالیت کے لحاظ سے موبائل فون سر فہرست ہیں۔ سیل شروع ہونے کے بعد ۲؍ دنوں میں ہی  تقریباً۸؍ سے۹؍کروڑ آرڈرس دیئے گئے ہیں۔

آن  لائن خریداری کا دائرہ وسیع

ریڈسیر اسٹریٹجی کنسلٹنٹ کے اسوسی ایٹ پارٹنر نکھل دلال نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پہلے ۲؍ دنوں کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان میں تہواروں کے دوران آن لائن خریداری کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔ فروخت میں   اضافہ آرڈرس کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ہوا ہے اور صارفین اب موبائل فون کے علاوہ فیشن، الیکٹرانکس اور گھریلو آلات پر بھی رقم خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مناسب قیمتوں پر دستیاب  فیشن مصنوعات کی مانگ  خاطر خواہ  رہی جبکہ  چھوٹے شہروں کے صارفین نے تہواروں کیلئے   لباس بھی آن لائن خریدے ہیں۔

زائد از ۶؍ کروڑ صارفین نے خریداری کی

پہلے ۲؍دنوں میں مجموعی طور پر۵ء۲؍ ارب ڈالریعنی تقریباً۲۴؍ہزار ۲۰۰؍ کروڑ روپے کی اشیا فروخت ہوئیں جبکہ اس دوران تقریباً۶؍ سے ۵ء۶؍ کروڑ صارفین نےخریداری کی۔مجموعی تجارتی مالیت عام دنوں کی اوسط یومیہ فروخت کے مقابلے میں تقریباً ۶؍گنا زیادہ رہی۔

کوئک کامرس نے بھی فروخت کو بڑھایا

ایمیزون اور فلپ کارٹ جیسی کمپنیاں اپنی کوئیک کامرس خدمات کے ذریعے بھی فروخت بڑھا رہی ہیں اور اپنے پلیٹ فارمز پر ان خدمات کو زیادہ نمایاں کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کوئک کامرس کے تحت چند منٹوں میں سامان ڈیلیور کیا جاتا ہے۔ ان خدمات کے ذریعے ہونے والی فروخت عام دنوں کی اوسط یومیہ فروخت کے مقابلے میں ۴؍ سے ۵؍گنا  بڑھی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۱۰؍ ماہ میں مزید ۳؍ لاکھ کروڑغیر ملکی سرمایہ نکال لیا گیا

گھریلو آلات اور الیکٹرانکس کی فروخت

ریڈسیر کے تجزیہ کے مطابق بڑے گھریلو آلات اور الیکٹرانکس کی فروخت میں بھی  بازار کی مجموعی شرح کے مقابلہ میں زیادہ تیزی دیکھی گئی، تاہم مالیت کے لحاظ سے موبائل فون سب سے بڑی مصنوعات رہے۔

موبائل فون فروخت کا ۳۸؍ تا ۴۰؍ فیصد

موبائل فون کی فروخت مجموعی فروخت کا ۳۸؍ تا ۴۰؍فیصد رہنے کا اندازہ ہے  جس کی مالیت تقریباً۹؍ ہزار ۱۰۰؍ سے ۹؍ ہزار ۶۰۰؍ کروڑ  روپے بنتی ہے۔ صارفین کے الیکٹرانکس مصنوعات کا حصہ۲۵؍ تا ۲۷؍ فیصد، یعنی تقریباً ۶؍ہزار سے ۶؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے رہا جبکہ فیشن مصنوعات کی فروخت مجموعی مالیت کا۱۵؍ سے ۱۸؍ فیصد یعنی تقریباً۳؍ہزار ۶۳۰؍  سے ۴؍   ہزار ۳۵۰؍کروڑ روپے رہی۔۵۵؍انچ ٹی وی کی خریداری میں اضافہ بڑے گھریلو آلات اور دیگر الیکٹرانکس مصنوعات نے مجموعی تجارتی مالیت میں تقریباً۲۵؍تا۲۷؍فیصد حصہ ڈالا۔

مہنگائی کے پیش نظر خریداری

ریڈسیر کے مطابق۲۰۲۶ءکی پہلی ششماہی میں ہی الیکٹرانکس مصنوعات کی فروخت میں ۲۰؍  فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی رہی کہ صارفین نے۲۰۲۶ءکی دوسری ششماہی میں قیمتیں بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر اپنی خریداری پہلے ہی کر لی۔تہواروں کی سیل کے پہلے ۲؍ دنوں میں الیکٹرانکس مصنوعات کے آرڈرس کی تعداد عام دنوں کی اوسط کے مقابلے میں تقریباً۱۴؍گنا زیادہ رہی۔ اس میں لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) آلات کی مانگ نے اہم کردار ادا کیا۔

خریداری میں جین زی نے سبقت لی

فیشن مصنوعات کی مجموعی تجارتی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں۲۲؍سے۲۵؍فیصد اضافہ ہوا۔ ان مصنوعات کا مجموعی فروخت میں حصہ۱۵؍تا۱۸؍فیصد رہا جبکہ ان کی فروخت عام دنوں کی اوسط کے مقابلے میں تین سے پانچ گنا زیادہ رہی۔ پہلے دن خریداری کرنے والوں میں  ایک تہائی تعداد جین زی کی رہی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK