Inquilab Logo

گورنر کوشیاری پر شیواجی مہاراج کی توہین کا الزام اپوزیشن برہم، معافی کا مطالبہ

Updated: November 20, 2022, 11:32 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست کے آئینی سربراہ نے چھترپتی کو ’پُرانا رول ماڈل‘ قرار دیتے ہوئے عوام کو نیا تلاش کرنے کی صلاح دی، اپوزیشن نے اسے شیواجی کی توہین قرار دیا

Maharashtra Governor Bhagat Singh Koshyari speaking in Aurangabad.
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اورنگ آباد میں تقریر کرتے ہوئے ۔

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری  پراورنگ آباد میں تقریر  کے دوران چھتر پتی شیواجی  مہاراج کی توہین کرنے کا الزام عائد ہوا ہے۔ انہوں نے شیواجی کو پرانا رول ماڈل قرار دیتے  ہوئے نوجوانوں کو نتن گڈکری اور شرد پوار جیسے موجودہ لیڈروں میں سے کسی کو اپنا  رول ماڈل چننے کا مشورہ دیا۔گورنر کے اس بیان پر سب سے پہلے عام آدمی پارٹی نےمذمت کی اور کہا کہ شیواجی کی تضحیک کرنے والے شخص کو ریاست کے گورنر کے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں انہیں برخاست کیاجائے۔این سی پی نے بھی کوشیاری کے استعفیٰ کی مانگ کی ہے۔ 
  اورنگ آبادمیں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی  نے این سی پی صدر شرد پوار  اور مرکزی وزیر  و بی جے پی لیڈر نتن گڈکری کو اعزاز سے نوازا  ہے ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں گورنر کوشیاری نے کہا کہ ’’ ہم جب اسکول میں پڑھتے تھے  اس وقت ہمارے ٹیچر ہم سے پوچھتے تھے کہ آپ کا پسندید لیڈر اور رول ماڈل کون ہے ؟ تو جن طلبہ کو سبھاش چندربوس اورجنہیں نہرو پسند تھے یا جنہیں گاندھی جی اچھے لگتے تھے ۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر آپ سے کوئی پوچھے کہ آپ کا ’آئیکون‘ یا پسندید ہ ہیرو ( رول ماڈل) کون ہے تو آپ کو باہر جانے کی ضرورت نہیں ہے، یہیں مہاراشٹر میں آپ کو مل جائیں گے۔ شیواجی تو پرانے ’یُگ‘(دور)کی بات ہو گئے  مَیں  نئے یُگ کی بات کررہاہوں۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سے لے کر نتن گڈکری  اور شرد پوار تو یہیں مل جائیں گے ۔‘‘ انہوںنے طلبہ کو پوار  اور گڈکری  سے تحریک  لینے کی صلاح دی۔
 گورنر کے اس بیان کی این سی پی کی جانب سے بھی مذمت کی گئی ہے ۔این سی پی کے رابطہ عامہ کے اکاؤنٹ سے ٹیوٹ کر کے کہا گیا کہ ’’مہاراشٹر کے پیارے دیوتا، چھترپتی شیواجی مہاراج کا مقام کل، آج اور ہمیشہ ایک مثالی ہے، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ لوگ ایسی فکری صلاحیت تک پہنچنے سے مستثنیٰ ہیں۔‘‘
   عام آدمی پارٹی کی ممبئی صدر پریتی شرما مینن  نے کہا کہ ’’ گورنر مہاراشٹر کے آئیڈیل چھترپتی شیواجی مہاراج کے بارے میں ایسی باتیں کہنے کی ہمت کیسے کر سکتے ہیں؟ اس سے قبل بھی وہ مہاتما جیوتی راؤ پھلے اور ساوتری بائی پھلے کے خلاف قابل اعتراض بیان دے چکے ہیں۔‘‘ 
 پریتی نے مطالبہ کیا کہ گورنر کو مہاراشٹر میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کوشیاری کے ذریعہ چھترپتی کی توہین کو برداشت نہیں کرے گا جو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سرپرستی میں پلے بڑھے ہیں۔  کوشیاری پہلے بھی کئی بار مہاراشٹر کے شہریوں کی توہین کر چکے ہیں۔ مہاتما پھلے کی توہین کے ساتھ ہی وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ممبئی کو گجراتیوں اور مارواڑیوں  نے بنایا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK