دونوں ایوانوں میں اس بل کی مخالفت کے بعد پارلیمنٹ غیر متعینہ مدت کے لیے ملتوی، راہل گاندھی نے کہا: منریگا کو پارلیمنٹ کے ذریعہ بلڈوز کردیا گیا
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 11:39 PM IST | New Delhi
دونوں ایوانوں میں اس بل کی مخالفت کے بعد پارلیمنٹ غیر متعینہ مدت کے لیے ملتوی، راہل گاندھی نے کہا: منریگا کو پارلیمنٹ کے ذریعہ بلڈوز کردیا گیا
اپوزیشن کی سخت مخالفت، احتجاج، نعرے بازی،واک آؤٹ اور بل کی کاپیاں پھاڑے جانے کو نظر انداز اور بے اثرکرتے ہوئے حکمراں جماعت نےدیہی روزگار گارنٹی بل ’وکست بھارت۔ گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (گرامین) ( جی رام جی ) بل‘ کوجمعرات کونصف شب کو راجیہ سبھا سے بھی پاس کرالیا۔ بل پاس ہونے سے ناراض اپوزیشن کے لیڈران آدھی رات کو ہی پارلیمنٹ کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ قبل ازیںگزشتہ روز یہ بل لوک سبھا سے پاس کردیا گیا تھا۔ اب یہ بل منظوری کے لیے صدر جمہوریہ کے پاس بھیجا جائے گا۔ وہیں جمعہ کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے دونوںایوانوں میںبل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی، جس کے بعد یکم دسمبر سے شروع ہوا پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جمعہ کو غیر متعینہ مدت کیلئے ملتو ی کردیا گیا ۔
’مہاتماگاندھی نیشنل گرامین روزگار گارنٹی قانون ‘کی جگہ پیش کئے گئے ’وکست بھارت۔ جی رام جی بل‘ پر راجیہ سبھا میں زور دار بحث ہوئی، جہاں حکمراں جماعت نے اس بل کو مزدوروں اور غریبوں کے لیے مفید قرار دیا، وہیں اپوزیشن نے اس بل کو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈران نے اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں شور شرابہ کیا۔ اس دوران مرکزی وزیر شیور راج سنگھ نے بحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں نے سبھی کی بات دھیان سے سنی مگر اپنی بات کہہ کر بھاگ جانا یہ گاندھی جی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اس دوران اپوزیشن کا ہنگامہ جاری رہا جس کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا اور پارلیمنٹ کے باہر سبھی اراکین دھرنے پربیٹھ گئے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شیو راج سنگھ نے کہاکہ کانگریس نے پہلے اس بل میں گاندھی جی کا نام نہیں جوڑا تھا، لیکن جب ۲۰۰۹ء کا الیکشن آیا تب گاندھی جی کا نام جوڑا گیا۔
اس سے قبل راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ یہ قانون ایک بار پھر معاشرے کے سب سے کمزور طبقوں کو بھوک اور غربت کے چکر میں پھنسا دے گا،نیز اس قانون کی ملک بھر میں مخالفت کی جائے گی اور آپ کو اسے واپس لینا پڑے گا۔ اس لیے میں تجویز کرتا ہوں کہ منریگاکو اپنی پرانی شکل میں جاری رکھیں اور مزید فنڈز مختص کریں۔ انھوں نے کہاکہ کووڈ بحران کے دوران جب مزدور پیدل اپنے گاؤں واپس آئے تو منریگا ان کی لائف لائن بن گئی۔ دوسری جانب لوک سبھا کے قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس بل کی مخالفت کی اورکہاکہ کل رات مودی حکومت نے ایک ہی دن میں بیس سال کے منریگا کو منہدم کردیا۔یہ بل ڈیزائن کے لحاظ سے ریاست مخالف اور گاؤں مخالف ہے۔