Inquilab Logo

۳۱؍مئی تک سڑکوں کا کام مکمل کرنے کا حکم

Updated: May 05, 2024, 8:42 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

موسم باراں میں شہریوں کو دشواریوں سے بچانے کیلئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے تمام کانٹریکٹروں کو کام جلد پورا کرنے کیلئے کہا۔

BMC has issued an order to the contractors to complete the road work as soon as possible. Photo: INN
بی ایم سی نے سڑکوں کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ٹھیکہ داروں کو فرمان جاری کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

موسم باراں میں شہر اور مضافات کے اکثر و بیشتر نچلے علاقوں میں پانی بھرنے سے شہریوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہیں امسال شہر میں بے شمار عوامی ترقیاتی پروجیکٹ کا سلسلہ جاری ہے جس میں ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی چلانے والوں اور پیدل چلنے والوں کو بہتر سڑک فراہم کرنے کے مقصد سے سیمنٹ کے روڈ بنائے جارہے۔ سیمنٹ کانکریٹ کے روڈ بنانے کے طے شدہ وقت میں کام مکمل نہ ہونے پر موسم باراں کی آمد کے سبب شہر میں جا بجا کھودی جانے والی سڑکوں میں پانی بھرنے سے شہریوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس مسئلہ کے پیش نظر بی ایم سی کمشنر نے تمام کانٹریکٹرس کو ۳۱؍ مئی تک کھودی گئی  سڑکوں کی تعمیرات کو مکمل کر نے کا فرمان جاری کیا ہے۔
شہر اور مضافات میں سیمنٹ کانکریٹ کی سڑکوں کا ٹھیکہ لینے والے ٹھیکیداروں کو شہری انتظامیہ کے کمشنر بھوشن گگرانی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن علاقوں میںپرانی سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کیا جارہا ہے انہیں ۳۱؍ مئی تک مکمل کر لیا جائے ۔ ساتھ ہی کمشنر نے یہ فرمان بھی جاری کیا ہے کہ جن علاقوں کی سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنے کے لئے کھدائی نہیں کی گئی ہے، انہیں موسم باراں تک نہ کھودا جائے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات کے جنوبی اور مغربی حصہ میں ۳۲۵؍ کلو میٹر تک کی سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی :چلچلاتی دھوپ میں شہری ٹریفک جام سے پریشان

بی ایم سی کے بقول کسی بھی علاقے کی ایک سڑک کی کھدائی سے لے کر سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنے تک ڈیڑھ سے دو ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے ۔ کمشنر نے شہر اور مضافات میں پرانی سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنے میں ہونے والی تاخیر اور موسم باراں کے دوران کام مکمل نہ ہونے کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور اس کی وجہ سے شہریوں کی تکالیف میں اضافہ ہونے کے پیش نظر ٹھیکیداروں کو مئی کے آخری ہفتہ میں تمام سڑکوں کا کام مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
  کمشنر نے اس سلسلہ میں تمام کانٹریکٹر کو متنبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ مذکورہ بالا پروجیکٹ شہریوں کی سہولت کے لئے لایا گیا ہے لیکن اس کی وجہ سے اگر انہیں ہی تکلیف ہوگی اور موسم باراں سے قبل کام مکمل نہیں ہوگا تو اس کا ذمہ دار ٹھیکیدار ہوگا اور پھر ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ساتھ ہی کمشنر نے موسم باراں سے قبل جہاں سیمنٹ کانکریٹ کا نامکمل کام ۳۱؍ مئی تک پورا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وہیں ٹھیکیداروں کو بارش سے قبل شہر کے تمام گڑھوں کو بھرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ گڑھے نہ بھرنے اور شکایت ملنے پر کانٹریکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK