Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ اورنوجوانوں میںقرآن فہمی کے فروغکیلئےقرآن کوئز کاانعقاد

Updated: December 28, 2022, 10:06 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

یکم جنوری کو اس کا اہتمام معہد العلوم الاسلامیہ اورجمعیۃ علماء پربھنی کے اشترا ک سے کیا جارہا ہے،کامیاب طلبہ کو نقد انعامات اورتمام شرکاء کوتوصیفی سند دی جائے گی

A file photo of the 2018 All Maharashtra Naat Nabi Competition organized by the Institute of Islamic Sciences.
معہد العلوم الاسلامیہکی جانب سے۲۰۱۸ء میں منعقدہ آل مہاراشٹر نعت نبیؐ مقابلہ کی ایک فائل فوٹو

قرآن کوئز کے ذریعے طلبہ کوقرآن کریم پڑھنےاور اس کے معانی و مفاہیم کوسمجھنے کی جانب راغب کرانے کےلئے معہد العلوم الاسلامیہ ،عالم گیر کالونی (پربھنی) کے ذمہ داران اور اساتذہ کوشاں ہیں ۔اس اہم مقصد کے تحت جمعیۃ علماء پربھنی کے اشتراک سے یکم جنوری ۲۰۲۳ءکو قرآن کوئزکا انعقاد کیا جارہا ہے، نتائج کی تاریخ کا اعلان بعد میںکیا جائے گا ۔اس میں حصہ لینے والے طلبہ کی عمر کا لحاظ رکھتے ہوئے ان سے قرآن فہمی کے تعلق سے سوالات کئے جائیں گے اور جو طلبہ صحیح جوابات دیںگے ان میںسے تین طلبہ کواول دوم اورسوم کےحساب سے نقد انعامات اور اسناد سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ حصہ لینے والے دیگرطلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں اسناد اورترغیبی انعامات دیئے جائیں گے۔ 
  ۹؍سال قبل معہد العلوم الاسلامیہ کا قیام عمل میںآیاتھا ۔ یہ ادارہ ملک کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء (لکھنؤ ) سے ملحق ہے۔ اس کے ذمہ داران اوراساتذہ میں سے بیشتر اسی ادارہ کی چہار دیوار ی کے پروردہ ہیں۔ اس ادارے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ اقامتی درسگاہ نہیںہے بلکہ عصری علوم حاصل کرنے والو ں کے لئے خاص کورس ترتیب دے کر ان کی تعلیم وتربیت کا نظم کیا گیا ہے جس سے وہ عالم اورحافظ بن رہے ہیں۔ اب تک ۱۶؍طلبہ حافظ اور۲۳؍ طلبہ عالم بن کر دارالعلوم ندوۃ العلماء سے فراغت کی سند لے چکے ہیں۔یہ وہ حفاظ اورعلماء ہیںجنہوں نے ۱۰؍ ویں اور۱۲؍ ویں جماعت تک عصری تعلیم بھی حاصل کی ہے۔
 ان طلبہ کےلئے دینی علوم کے حصول کی ترتیب کچھ اس طرح سے رکھی گئی ہے کہ پانچویں اور ساتویں جماعت میں زیرتعلیم طلبہ معہد میں آکر حفظ شروع کرتے ہیں اوراسی دوران ایس ایس سی کا امتحان دینے کے ساتھ وہ حافظ قرآن بن جاتے ہیں۔اسی طرح ایچ ایس سی کرنے والے طلبہ کیلئے ندوہ کے نصاب کے مطابق ۵؍برس کاکورس رکھا گیا ہے۔ عالم بننے والے طلبہ۳؍سال تک معہد العلوم الاسلامیہ میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ، پھر۲؍ سال کے لئے انہیں ندوہ بھیجا جاتا ہے اور وہاں سے وہ سندِفراغت حاصل کرتے ہیں۔ اس طرح وہ ایچ ایس سی کرنے کےساتھ عالم بھی بن جاتے ہیں۔ 
  اس ادارہ کے زیر انتظام یہ پہلا ایسا قرآن کوئز ہے جوبین الاضلاع کہا جاسکتا ہے۔ اس دفعہ اس میں جالنہ، اورنگ آباد اور ناندیڑ کے طلبہ بھی شریک ہورہے ہیں۔ اس کے برعکس معہد العلوم کی سطح پر ادارے کے ذمہ داران کی جانب سے حفظ حدیث کوئز(جس میں ۴۰؍ احادیث مبارکہ یاد کرنا ہوتا ہے )، صَرف و نحو کوئز اور سیرت کوئز کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔ ان امتحانات میںطلبہ جوش وخروش سے حصہ لیتے ہیں۔ اسی سبب اس دفعہ اس دائرے کومزیدوسعت دی گئی ہے اورتین اضلاع کے طلبہ کوشامل کیا گیا ہے ۔ 
اس قرآن کوئزمیں’اے ‘اور’بی ‘گروپ بنائے گئےہیں
  ’اے ‘گروپ کے طلبہ کے لئے ۳۰۰؍ سوالات وجوابات پر مشتمل پرچے اورکتابچے مہیا کروائے گئے ہیںتاکہ عمر کی مناسبت سے وہ اس سے استفادہ کرتے ہوئے صحیح جوابات پرنشان لگا سکیں ۔ 
 ’بی ‘گروپ کے طلبہ کے لئے بزرگ عالم دین مولانا سید مصطفےٰمظاہری کی بیان کردہ تفسیر کو سن کر اسے بیان کرنا ہے۔اس کے لئے ۶؍ ۱۳؍ اور۲۰؍ دسمبر۲۰۲۲ء کو(۳؍دروس )ہونے والے درسِ قرآن کو مختص کیا گیا ہے ۔ بی گروپ کے طلبہ کے لئے ا س سے ہی متعلق سوالات ہوں گے۔ 
 مولانا سید مصطفےٰ پربھنی کی محبوب شاہی مسجد میں۲۰۱۳ءسے تفسیر قرآن بیان کررہے ہیں ۔ ۹؍ سال گزرچکے ہیں، اس وقت ۱۸؍ویں پارہ کی سورہ نور کی تفسیر بیان کی جارہی ہے۔ مولانا سید مصطفےٰ مظاہری کا ہرماہ ۲۷؍ دن الگ الگ مقامات پرتفسیر کاسلسلہ جاری رہتا ہے۔ اوریہی قرآن کوئز کے بڑے پیمانے پر انعقاد کا سب سے اہم محرک بنا۔
 ادارہ کے نائب ناظم مولانا عبدالرحیم خان ندوی نے اس نمائندہ کے استفسار پرآگاہ کروایا۔ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ مولانا سید مصطفٰے کااندازتفسیر اتنا عمدہ ، سلیس اور منفرد ہے کہ اس میںتمام مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوکر استفادہ کرتے ہیں۔ 
 کوئز میںشامل ہونے والے طلبہ کو مولانا کی بیان کردہ تفاسیر کا مجموعہ اور آڈیو مہیا کروایاگیا ہےتاکہ وہ سن کر ذہن نشین کرلیں ۔
 مولانا عبدالرحیم خان کے مطابق ادارے کی مذکورہ سرگرمیوں کے علاوہ وہ ذاتی طور پر بھی مقابلوں کا انعقاد کرواتے رہتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل بطور خاص نعت خوانی کا ریاستی سطح پر بڑا مقابلہ منعقد کروایا گیا تھا جس میںاول انعام ۵۰؍ہزار روپےرکھا گیا تھا، یہ مقابلہ کافی کامیاب رہا اورلوگوں نے کافی پسند کیا ۔اس سے قبل قرآن کوئز اورنگ آباد ٹائمس کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔طلبہ اورلوگو ںکی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس دفعہ نئے انداز میں قرآن کوئزکا انعقاد یکم جنوری کو کیا جارہا ہے تاکہ قرآن کریم پڑھنے اورسمجھنے کی جانب طلبہ اورنوجوان راغب ہوں اوروہ یہ جان سکیں کہ اللہ جل شانہ نے اپنے پاک کلام میںکیا فرمایا ہے اور قرآن کو کس طرح کا انسان اور انسانی معاشرہ مطلوب ہے۔
 اس کوئزکےانعقاد میںمولانا محمد صادق ندوی (صدرجمعیۃ علماء پربھنی وناظم دارالعلوم فرقانیہ سیلو، ومعہدالعلوم الاسلامیہ )کے ساتھ ادارےکے نائب ناظم مولانا عبدالرحیم خان ندوی ، مولانا محمد نعمان انور ندوی،مفتی محمد مبین ندوی، مفتی عبدالبصیر ندوی اور دیگراساتذہ پیش پیش ہیں۔ 
کامیاب ہونے والوں کودیئے جانے والے انعامات 
nگروپ’اے ‘ میںاول انعام :۱۱؍ ہزار روپے نقد ، مومنٹو ا ور سند ۔
 nدوسرا انعام :۷؍ ہزارروپے ، مومنٹو اور سند۔
n تیسرا انعام: ۳؍ ہزار روپے ۔مومنٹو اور سند ۔اس کے علاوہ ۱۰؍ترغیبی انعامات 
nگروپ ’بی‘میںپہلا انعام ۱۵؍ ہزار روپے ۔مومنٹو اورسند۔
nدوسرا انعام :۱۱؍ ہزار روپے ۔ مومنٹو اور سند ۔
nتیسرا انعام :۷؍ ہزار روپے ۔مومنٹو اورسند ۔
اس کےعلاوہ ۱۰؍ ترغیبی انعامات اور تمام شرکاء کو توصیفی سند دی جائےگی۔

quran quiz Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK