Inquilab Logo

سماج کے ہرطبقے تک سہولتیں پہنچانا ہمارا مقصد : وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

Updated: August 16, 2023, 9:29 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے مہاتما پھلے جیون دائی آروگیہ یوجنا کے تحت ریاست کے سبھی شہریوں کو ۵؍ لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت کا اعلان

Chief Minister Eknath Shinde and Chief Justice of High Court Devendra Kumar Upadhyay giving salute to the national flag. (Photo: PTI)
قومی پرچم کو سلامتی دیتے ہوئے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 ملک کی آزادی کے ۷۷؍ویں جشن کے موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منترالیہ میں پرچم کشائی کی اور عوام کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ ’’سماج کے آخری طبقے تک سرکاری اسکیمیں پہنچانا اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’سماج کے ہر طبقے کو آزادی اور ترقی کا احساس ہونا چاہئے اس لئےمَیںاور میری ٹیم ( نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس اور اجیت پوار)کام کر رہی ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ آج مہاراشٹر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں ملک میں اول مقام پر ہے۔ اس کی وجہ سے روزگار میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ ریاست زراعت، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر سیکٹر، صحت کی خدمات اور سیاحت جیسے تمام شعبوں میں ملک میں اول مقام پر رہے گی۔ 
 وزیر اعلیٰ  نے مہاتما پھلے جیون دائی آروگیہ یوجنا کے تحت ریاست کے سبھی ساڑھے ۱۲؍ کروڑ  شہریوں کو ۵؍ لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ  مہاراشٹر پہلی ریاست ہے جس نے  عوام کیلئے اس طرح کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا  ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ لڑکی ۱۸؍سال ہونے پر حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے مالی مدد دینے والی ’ لیک لاڈکی ‘  اسکیم بھی شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ معذروں اور کسانوں کیلئے متعدد اسکیمیں نافذ کی  جارہی ہیں۔
 پرچم کشائی کے اس موقع پر بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے، چیف سیکریٹری منوج سونک، ایڈیشنل چیف سیکریٹری سجاتا سونک، ممبئی میں ہندوستان کی تینوں فوج کے چیف افسران کے ساتھ منترالیہ کے افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے ہندوستانی یوم آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ریاست کے لوگوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے ملک کیلئےجان کا نذرانہ پیش کرنے والے معلوم اور نامعلوم مجاہدین  اور شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’معاشرے کے آخری فرد کو ضرورت مندوں کے درد کو دور کرنےکے قابل ہونا چاہئے تاکہ وہ آزادی اور ترقی کا تجربہ کرسکیں۔  وزیر اعلیٰ  ایکناتھ شندے نے ۱۵؍ اگست کو ’’چیف منسٹر میڈیکل اسسٹنس فنڈ‘‘ (وزیر اعلیٰ طبی امداد) کے حصول میں سہولت کیلئے  ایک موبائل ایپ اور وہاٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر کا بھی افتتاح کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK