• Mon, 22 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ انتظامیہ نے ۹۵؍ ہزار سے زائد ویزے منسوخ کئے، ہزاروں غیر ملکی طلبہ متاثر

Updated: December 21, 2025, 9:11 PM IST | Washington

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق رواں سال اب تک۹۵؍ ہزار سے زائد امریکی ویزے منسوخ کئے جا چکے ہیں جن میں بڑی تعداد غیر ملکی طلبہ اور ورک ویزوں کی ہے۔ یہ سخت اقدامات ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کی نئی امیگریشن پالیسیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد ویزا نظام کو مزید سخت اور محدود بنانا بتایا جا رہا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال اب تک۹۵؍ ہزار سے زائد ویزے منسوخ کئےجا چکے ہیں۔ یہ بڑی تبدیلی ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت سامنے آئی ہے، جہاں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اس مہم کی قیادت کر رہے ہیں اور بار بار غیر ملکی شہریوں کو یاد دلا رہے ہیں کہ امریکی ویزا ایک سہولت (Privilege) ہے، کوئی حق (Right) نہیں۔ حکومتی محکمے نے جمعہ (امریکی وقت) کو فاکس نیوز کو اس اہم پیش رفت کی تصدیق کی۔ امریکہ میں ویزوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کی رفتار اب ایک ایسے انتباہ کے طور پر دیکھی جا رہی ہے جو اُن لوگوں کو بھی روک سکتی ہے جو امریکہ کو اپنا ہدف سمجھتے تھے۔ یہ اعداد و شمار اس لئے بھی چونکا دینے والے ہیں کیونکہ اسی ماہ پہلے رپورٹ ہونے والی تعداد ۸۵؍ ہزار کے قریب تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایپسٹین فائلز: ڈی او جے ویب سائٹ سے۱۶؍دستاویزات غائب، ٹرمپ کی تصویر بھی شامل

امریکی ویزے منسوخ، بین الاقوامی طلبہ سب سے زیادہ متاثر
فاکس نیوز ڈجیٹل کی سابقہ رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ کے تحت منسوخ کئےگئے ہزاروں امریکی ویزوں میں بڑی تعداد بین الاقوامی طلبہ کے ویزوں کی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے نے پہلے انکشاف کیا تھا کہ اب تک ۸؍ ہزار سے زائد بین الاقوامی طلبہ کے ویزے منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ 
پالیسی میں تبدیلیاں، ویزا اور امیگریشن کا ازسرِنو جائزہ
جنوری۲۰۲۵ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے غیر مہاجر کارکنوں (Nonimmigrant workers) اور غیر ملکی طلبہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ صدر نے خاص طور پر ’ایچ ون بی ‘ویزا پروگرام کے ذریعے امریکہ آنے والے اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کے خلاف سخت اقدامات کئےہیں۔ ستمبر میں جاری ایک صدارتی اعلامیے میں انہوں نے اعلان کیا کہ نئی ایچ ون بی درخواستوں پر اضافی ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کی جائے گی۔ اس فیصلے نے سلیکون ویلی اور ملک کی بڑی کمپنیوں جیسے گوگل، امیزون، ایپل، والمارٹ اور میٹا کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے، جو بڑی حد تک ایچ ون بی ورک فورس پر انحصار کرتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: توشہ خانہ ۲؍کیس: عمران خان کا ’’اسٹریٹ موومنٹ‘‘ شروع کرنے کا پیغام

اس کے بعد ایچ ون بی ویزا میں مبینہ ’’دھوکہ دہی‘‘، ’’اسکیم‘‘ یا’’غلط استعمال‘‘ کو روکنے کیلئے’’پروجیکٹ فائر وال‘‘ متعارف کرایا گیا۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ یہ نان امیگرنٹ ویزا پروگرام امریکی کارکنوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا ہے جنہیں سستی اور غیر ملکی لیبر سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ امریکہ میں حالیہ مہلک فائرنگ کے واقعات نے بھی ٹرمپ کی امیگریشن کریک ڈاؤن کو تقویت دی ہے۔ صدر نے اس کے بعد تیسری دنیا کے ممالک کو نشانہ بناتے ہوئے سخت بیانات جاری کئے اور افغان شہریوں کیلئے امیگریشن درخواستوں پر پابندی عائد کی۔ جون میں جاری کردہ ان کا ٹریول بین بھی مزید توسیع کے ساتھ۲۰؍ اضافی ممالک تک بڑھا دیا گیا ہے۔ 
غیر ملکی شہریوں کے خلاف تازہ اقدام میں انہوں نے گرین کارڈ لاٹری، جسے ڈائیورسٹی ویزا پروگرام بھی کہا جاتا ہے، ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی ایچ ایس کی سیکریٹری کرسٹی نوئم نے اس حوالے سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ براؤن یونیورسٹی شوٹنگ اور ایم آئی ٹی کے ایک پروفیسر کے قتل میں ملوث ملزم ایک پرتگالی شخص تھا جو گرین کارڈ لاٹری کے ذریعے امریکہ آیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK