Inquilab Logo

پاکستان : جمعیۃ علماء اسلام کے کنونشن میں دھماکہ ،۴۰؍ افراد جاں بحق، ۱۵۰؍ زخمی

Updated: July 31, 2023, 10:24 AM IST | Peshawar

کئی زخمیوں کی حالت نازک، ہنگامی طور پر پشاور منتقل کیاگیا، خیبر پختونخوا کے صدر مقام خار میں  خود کش حملے کے بعد افراتفری مچ گئی، اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ

After the explosion, the injured are being transferred to the hospital. (Photo: Agency)
دھماکہ کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔(تصویر: ایجنسی)

  پاکستان میں افغانستان کی سرحد کے قریب صو بۂ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں اتوار کو سہ پہر ۴؍ بجے   جمعیۃ علماء اسلام ( مولانا فضل الرحمٰن گروپ) کے کنونشن میں خود کش  دھماکے میں۴۰؍ افراد ہلاک اور ۱۵۰؍ سے زائد زخمی ہوگئے۔ جس وقت دھماکہ ہوااس وقت پارٹی کنونش میں۵۰۰؍ سے زائد افراد موجود تھے تاہم سینئر لیڈر نہیں پہنچے تھے۔ خبر لکھے جانے تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن  نے وزیراعظم شہبارز شریف اور مقامی وزیراعلیٰ  سے دھماکے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 دھماکے کے  بعد شدید افراتفری  کے بیچ  ان  زخمیوں کو بہتر علاج کیلئے  طیاروں  کے ذریعہ پشاور منتقل کیاگیاہے جن کی حالت نازک ہے۔ زخمیون میں  پاکستان کے جیو نیوز کا ایک کیمرہ مین بھی  شامل ہے جبکہ مہلوکین میں جمعیۃ علمائے  اسلام کے کئی مقامی عہدیدارہیں۔ 
ابتدائی رپورٹوں میں اسے خود کش دھماکہ  بتایاگیاہے مگر  انتظامیہ نے فوری طوراس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مالاکنڈ ناصر ستی کے مطابق’’ دھماکے کی نوعیت سے یہ خود کش معلوم ہوتا ہے البتہ ابھی  تحقیقات جاری ہیں۔‘‘  انتظامیہ نے ضلع کے تمام  اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو باجوڑ شہر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت  پاکستان کے اہم لیڈروں  نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا ہے کہ ’’ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں۔ پاکستان کے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔‘‘
 مقامی میڈیا کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر فیصل نے ان سے گفتگو میں  بتایا کہ  باجوڑ کے اسپتال میں ۴۰؍  افراد کی لاشیں منتقل کی گئی ہیں۔  انہوں نے ۱۵۰؍ سے زائد افراد دھماکے زخمی ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ  ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ان کے بقول ایسے زخمی جن کی حالت زیادہ خراب ہے انہیں فوج کے ہیلی کاپٹرز سے پشاور منتقل کیا جارہاہے۔  حکام نے اموات میں اضافے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK