Inquilab Logo

پاکستان کے صدر وزیراعظم اور دیگر نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا

Updated: February 14, 2023, 12:49 PM IST | Islamabad

عارف علوی کی نظر میں وہ فنون لطیفہ کا عظیم نام تھے۔ ایک اداکار، پروڈیوسر، ہدایت کار اور سب سے بڑھ کر نثر و شاعری کے بہترین قاری تھے۔ نوجوان صحافیوں نے بھی خراج عقیدت پیش کیا

An era ended with the death of Zia Mohyeddin
ضیاء محی الدین کی موت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔

: پاکستان  کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ساتھ دیگر  افرادنے ضیا ء محی الدین کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور ان کی موت کو ناقابل تلافی نقصان بتایا  ۔ واضح رہےکہ ضیاء محی الدین پیر کی صبح کراچی میں۹۱؍ سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
 پاکستان کے صدر عارف علوی نے ان کی موت کو ذاتی صدمہ بتایا ۔ انہوں نے  ٹویٹ کیا ،’’ضیاء محی الدین کا انتقال... انا لله وانا اليه راجعون، میرے لئے ذاتی صدمہ ہے۔ میری واقفیت ان سے دہائیوں پرانی تھی۔  وہ فنون لطیفہ کا عظیم نام تھے۔ ایک اداکار، پروڈیوسر، ہدایت کار اور سب سے بڑھ کر نثر و شاعری کے بہترین قاری تھے جو موسیقی کا وقفہ دیتے تھے یہ کہہ کرتو پھر لگے ٹھیکا۔‘‘
   پاکستان کے صدر نے ایک اور ٹویٹ کیا جس میں انہوں  نے لکھا،’’ایک دن۹۰ء کی دہائی میں قدرے پریشان ضیاء میرے پاس آئے اور کہا کہ وہ ذہنی دباؤ میں ہیں۔ پوچھا کیوں؟ تو کہا کہ شیکسپیئر کے ڈرامے مجھے زبانی یاد ہیں لیکن اب میں بھول جاتا ہوں۔ اللہ تعالی فن کی دنیا،  عذرا ان کی اہلیہ،  اہل خانہ اور بچوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘
  پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں کما ل خصوصیات کا حامل بتایا ۔ انہوں نے  ٹویٹ کیا،’’ضیاء صاحب کی شخصیت کمال خصوصیات کی حامل تھی۔تھیٹر، براڈکاسٹنگ اور فن تقریر میں اپنی بےمثال مہارت اور آواز کے جادو سےانہوں نے نصف صدی سےزائد عرصہ تک عوام کو مسحور کئےرکھا۔ان کے زیر تربیت  سیکڑوں طلبہ ان کی میراث کو زندہ رکھیں گے۔  اللہ تعالی ان کے درجات بلند کریں۔ آمین‘‘
  پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی  نظر میں ضیاء محی الدین  وسیع المطالعہ تھے۔    انہوں نے اپنے ٹویٹ میں بتایا  ،’’ضیاءمحی الدین کی رحلت پر افسردہ ہوں۔میری ان سے شناسائی دہائیوں پرمحیط ہے۔وہ نہایت مہذب اوراردو ادب کےحوالےسے خاص طور پر ایک وسیع المطالعہ شخصیت تھے جنہیں تفریح کی دنیا میں ایک ادارےکامقام حاصل تھا۔وہ ہماری یادوں کاحصہ رہیں گے۔میری دعائیں اور ہمدردیاں انکےاہل خانہ کےساتھ ہیں۔‘‘
  صحافی آمنہ جبیں کی   نظر میں ضیا ء محی الدین کی موت ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے  ضیا ء محی الدین کا ایک ویڈیو ٹویٹ کیا ،جس میں وہ کہتےہیں کہ زندگی سے ڈرتے ہو؟زندگی تو تم بھی ہو، زندگی تو ہم بھی ہیں۔
  آگے وہ لکھتی ہیں ،’’  خوبصورت آواز ، خوبصورت انداز بیاں کے مالک ضیاء محی الدین دنیا فانی سے رخصت ہو گئے۔ ایک نایاب اور سحر انگیز آواز جو اب کبھی سننے کو نہیں ملے گی۔ ایک عہد تمام ہوا۔‘‘
 نوجوا ن صحافی  حسیب ارسلان  نے   ضیاء محی الدین کی موت پر کچھ اس طرح افسو س کا اظہار کیا ،’’مشتاق احمد یوسفی مرحوم کہتے تھے: روز محشر اپنا نامۂ اعمال ضیاء محی الدین سے پڑھنے کو کہوں گا۔‘‘ آگے حسیب ارسلان نے لکھا ،’’جن کا لہجہ اور تلفظ اردو سے محبت گہری کر دے۔جن کو سنیں تو جی چاہے سنتے چلے جائیں۔ آج وہ آواز خاموش ہو گئی۔ 

islamabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK