Inquilab Logo Happiest Places to Work

"عالمی برادری اب مزید آنکھیں بند نہیں کر سکتی": ہندوستان نے دہشت گردی کی حمایت پر پاکستان کی مذمت کی

Updated: April 30, 2025, 9:03 PM IST | Inquilab News Network | New York

اقوام متحدہ میں ہندوستان کی نائب مستقل نمائندہ نے زور دیا کہ پوری دنیا نے پاکستانی وزیر دفاع کو ایک حالیہ انٹرویو میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، تربیت اور فنڈنگ میں پاکستان کے تاریخی کردار کو تسلیم کرتے سنا ہے۔ عالمی برادری اب مزید آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔

Indian Representative at UN Yojna Patel. Photo: INN
ہندوستانی نمائندہ یوجنا پٹیل۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ میں ہندوستان نے پاکستان کو دہشت گردی کی حمایت کرنے پر کھری کھری سناتے ہوئے دہشت گردی کو فروغ دینے میں اس کے کردار کی سخت مذمت کی۔ حال ہی میں پڑوسی ملک کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں تسلیم کیا کہ ان کا ملک گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور تربیت کرتا رہا ہے۔ یہ بیان جموں و کشمیر کے پہلگام میں ۲۲ اپریل کو ہوئے ایک مہلک دہشت گردانہ حملہ کے چند دن بعد سامنے آیا ہے جس میں ۲۶ سیاح ہلاک ہوئے۔ ہندوستان نے اس حملہ کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: حملے کی تیاری ؟ میٹنگوں پر میٹنگیں

اقوام متحدہ کی نئی پہل، وکٹمز آف ٹیررزم ایسوسی ایشن نیٹ ورک (وی او ٹی اے این VOTAN) کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے، اقوام متحدہ میں میں ہندوستان کی نائب مستقل نمائندہ اور سفیر یوجنا پٹیل نے آصف کے بیان کو ایک "کھلا اعتراف" قرار دیا جس سے ہندوستان کے ذریعے طویل عرصہ سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کی تصدیق ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آصف نے اسکائی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم گزشتہ تین دہائیوں سے امریکہ، مغرب اور برطانیہ سمیت دیگر طاقتوں کیلئے یہ گندا کام کرتے آئے ہیں۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ یہ تبصرہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے پھیلاؤ میں اسلام آباد کے کردار کی تصدیق کرتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان پاکستان کے برآمدی ہوائی راستوں پر پابندی عائد کرسکتا ہے: رپورٹ

پٹیل نے کہا، "پوری دنیا نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کو ایک حالیہ ٹیلی ویژن انٹرویو میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، تربیت اور فنڈنگ میں پاکستان کے تاریخی کردار کو تسلیم کرتے اور اس کا اعتراف کرتے سنا ہے۔ یہ کھلا اعتراف کسی کو حیران نہیں کرتا اور پاکستان کو عالمی دہشت گردی کو فروغ دینے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والی ایک بدمعاش ریاست کے طور پر بے نقاب کرتا ہے۔ عالمی برادری اب مزید آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔" پٹیل نے پاکستان پر بین الاقوامی پلیٹ فارمز کا "غلط معلومات اور پروپیگنڈے" کیلئے غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا اور عالمی برادری سے دہشت گردی کی کفالت کرنے والی ریاستوں کو جوابدہ ٹھہرانے کی اپیل کی۔  

ہندوستانی سفیر پٹیل نے پہلگام حملے کے بعد عالمی برادری کی "مضبوط، واضح حمایت" پر شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے اس حملے کی مذمت کو دہرایا۔ انہوں نے کہا، "دہشت گردی کی ہر شکل کی غیر مبہم مذمت کی جانی چاہئے۔ دہشت گردی ایک مجرمانہ اور ناقابل جواز فعل ہے خواہ اس کے محرکات کچھ بھی ہو۔" ہندوستان نے وی او ٹی اے این کے آغاز کو دہشت گردی کے خلاف عالمی ردعمل کو مضبوط کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ پٹیل نے کہا، "یہ متاثرین کیلئے منظم طریقہ سے ایک محفوظ جگہ بنائے گا جہاں ان کی آواز سنی جا سکے اور ان کی حمایت کی جا سکے۔"

یہ بھی پڑھئے: پہلگام حملے سے باہر نکلنے کی کوشش، سیاح پھر کشمیر پہنچنے لگے

واضح رہے کہ حال ہی میں ہوئے پہلگام حملہ، جسے ممبئی کے ۲۶/۱۱ حملوں کے بعد سب سے مہلک قرار دیا گیا ہے، نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی کشیدگی کو جنم دیا ہے۔ حملہ کے بعد پاکستان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ہندوستانی حکومت نے سندھ آبی معاہدے کو معطل، تمام پاکستانی ویزوں کو منسوخ اور عملاً پاکستانی شہریوں کو اپنے ملک لوٹ جانے کا حکم دیا پے۔ پاکستان نے بھی شملہ معاہدہ سمیت ہندوستان کے ساتھ تمام دو طرفہ معاہدوں کو معطل کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK