Inquilab Logo

لاہور میں مینار پاکستان سے پاکستان تحریک انصاف کاطاقت کا مظاہرہ،عمران خان کا خطاب

Updated: March 27, 2023, 12:24 PM IST | Lahore

ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے ۱۰؍ نکاتی پروگرام بھی پیش کیا،حکمراں اتحاد پر تنقید کی، قانون کی حکمرانی پر زور دیا ، کہا :جب تک پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی، ہماری زندگی میں ذلت ہی رہے گی

PTI workers look at the tree. Imran Khan in inset. (AP/PTI)
پی ٹی آئی کارکن درخت پر نظر آرہے ہیں۔ انسیٹ میں عمران خان۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

سنیچر کی شب تراویح کے بعد پاکستان تحریک انصاف(  پی ٹی آئی) نے مینار پاکستان  سے سیاسی  طاقت کا مظاہرہ کیا۔ اس جلسے سے پی ٹی آئی کے سربراہ اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا ۔ اس دوران  انہوں نے ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے ۱۰؍ نکاتی پروگرام بھی پیش کیا۔ یاد رہےکہ عمران خان نے اس جلسے کو ریفرنڈ م قرار دیا تھا۔ میڈیار پورٹس کے مطابق سنیچر کی شب لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے   عمران خان نے حکمراں اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا  ،’’جب تک پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ، ہماری زندگی میں ذلت ہی رہے گی اورپاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں آئی، اس لئے جنگل کا راج ہے۔ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے پوچھیں کیا وہاں قبضہ گروپ ہوتا ہے؟  الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ ابھی ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں تو پھر اکتوبر میں کہاں سے پیسے آئیں گے؟  ان کی کوشش ہے کہ الیکشن سے نہ کرایا جائے۔ اگر آئین توڑنا پڑتا ہے تو آئین توڑا جائے لیکن کسی طرح عمران خان الیکشن میں جیت کر اقتدار میں نہ آنے دیا جائے۔یہی ان کا واحد مقصد ہے، ہم نے الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ پاکستانی عوام کو اب سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔‘‘
 اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا ،’’ جو ہمارے لوگوں کو پکڑ کر برہنہ کر رہے ہیں انہیں ماہر نفسیات کو دکھانا چاہئے۔ پاکستان میں آج جو ہورہا ہے وہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہمارے دو ہزار ا فراد کو اٹھا لیا گیا ہے۔‘‘
   اپنے خطاب میں عمران خان نے  ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔  ان کا کہناتھا ، ’’مشکل فیصلے کرنے کیلئے عوامی مینڈیٹ والی حکومت چاہئے، آج آٹا تین گنا مہنگا کیوں ہے؟ تیل اور چینی کی قیمت کیوں اتنی زیادہ ہے، تنخواہ دار طبقے پر کیا گزررہی ہے؟ پھر کہتے عمران پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔ مجھے اقتدار میں نہ آنے دیں لیکن کیا آپ کے پاس بحران سے نکلنے کا روڈ میپ ہے؟  حکمرانوں میں ملک کو بحران سے نکالنے کی اہلیت نہیں، ملک پر برا وقت آئے تو سب سے پہلے یہ لوگ بھاگیں گے، ڈالر کی کمی بڑا مسئلہ   ہے، جتنے آتے ہیں اس سے زیادہ باہر جاتے ہیں، ڈالر لانے کیلئے برآمدات بڑھانی ہوںگی، ماضی میں اس پر توجہ نہیں دی گئی۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی کہا،’’ سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور جرائم پیشہ ا فراد کو مسلط کیا گیا، اللہ   عوام کے دلوں میں ڈال دیتا ہے تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، انسان ہمیشہ آزادی چاہتا ہے،غلام قوموں کی زندگی میں ذلت ہے،  اور جو قوم ظلم کے سامنے کھڑی نہیں ہوتی غلام بن جاتی ہے۔ کبھی سنا ہے غلام ذہیت کے انسان نے کوئی بڑا کام کیا ہے۔‘‘
  عمران خان نے نواز شریف کا نا م لئے بغیر  ان پرتنقید کی ۔ انہوں نے کہا ،’’ جو لوگ ملک کا پیسہ لوٹ  کر بیرون ملک لے گئے وہ پاکستان کے فیصلے کر رہے ہیں، ڈان لیکس اور میموگیٹ والے ملک کے فیصلے کر رہے ہیں، میں سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آیا اور مجھے ہی غدار بنا دیا گیا۔ ہر دوسرے دن میرے اوپر ایک نیا کیس آجاتا ہے، قوم۵۰؍سال سے مجھے جانتی ہے، کیا قوم مانے گی کہ عمران خان دہشت گرد ہے، قتل کا کیس ہے، دہشت گردی کا کیس ہے، توہین مذہب کا کیس ہے، غداری کا کیس ہے۔‘‘
  پی ٹی آئی سربراہ نے موجود ہ حکومت کو ’مارشل لا ء‘  قرار دیا۔اُ ن کاکہناتھا ، ’’مجھ پر مقدمات کی سنچری ہوگئی، اب ڈیڑھ سو ہونے والے ہیں۔ کوئی قانون نہیں جس کا دل کرتا ہے کسی  کو  بھی گھروں سے اٹھا لیتا ہے،ڈاکٹر روبینہ اپنے کلینک میں بیٹھتی تھیں انہیں اٹھا لیا گیا، دراصل  مارشل لاء میں آئین اور قانون کو اسی طرح ختم کر دیا جاتا تھا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK