Inquilab Logo

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب کو’ شریفوں‘ کی’ کنیز‘ قرار دیا

Updated: July 12, 2023, 11:39 AM IST | Islamabad

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جواب میں کہا کہ فوج کے خلاف اندرون اور بیرون ملک منفی پروپگنڈہ کرنے والا ’عمران فتنہ‘ اب تک آزا د کیوں ہے؟

Maryam Aurangzeb
مریم اورنگ زیب

 عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) نے  پاکستان کی وزیر اطلاعات کو شریفوں کی کنیز قرا ر دیا۔  پی ٹی آئی نے ایک تفصیلی بیان جاری کر کے مریم ا ورنگ زیب کا نام لئے بغیر کہا ، ’’شریفوں کی کنیز خاص اپنی فکر کریں اور کہیں اور ڈھنگ کی نوکری تلاش کر لیں ۔ مریم اورنگ زیب کے `تاحیات قائد اور ان کی بیٹی آج تک بیرون ملک جائیدادوں کی رسیدیں نہ دکھا سکے۔ بے شرموں نےتوشہ خانہ سے گاڑیاں چرانے سے لے کر   پائن ایپل کے ڈبے تک نہیں چھوڑ ے۔ن لیگ اس بات کا جواب کیوں نہیں دیتی کہ ان کی پارٹی کو کون سے فنڈنگ دیتا ہے؟  بےنظیر بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اسامہ بن لادن سے فنڈنگ لیتا رہا ہے۔ ‘‘ یاد رہےکہ  ان دنوں  حکمراں اتحاد کی جانب سے مریم  اورنگ زیب مسلسل پریس کانفرنس کررہی ہیں اور اس  دوران عمران خان کے ۴؍سال دور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ مسلسل تنقیدوں کے بعد  پی ٹی آئی  نے  مذکورہ بیان جاری کیا۔  بیان میں حکمراں اتحاد کو آئین شکن گروہ بتایا گیا ۔ بیان  میںکہا گیا ،’’الیکشن کا وقت قریب آتا دیکھ کر اس آئین شکن گروہ کے ہاتھ پاؤں پھول رہے ہیں۔۹؍مئی کے واقعات کو مجرموں کی یہ جماعت اپنے ذاتی مفادات کی خاطر استعمال کر رہی ہے۔
  پی ٹی آئی کے مطابق ’’ تاریخ گواہ ہے کہ تحریک انصاف نے اپنی ۲۷؍سالہ تاریخ میں کبھی انتشار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ آزادانہ تفتیش سے یہ ثابت ہو گا کہ۹؍ مئی کی منظم سازش میں کون کون سے کردار ملوث تھے؟دوسروں پر سازش کے الزام لگانے والے دراصل خود ایک سازش کی پیداوار ہیں۔ بند کمروں میں سازشوں کے جال بننے والے آج ملک  اورمعیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں۔
 اس کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ٹویٹ میں سوال کیا ، ’’ فوج کے خلاف  اندرون اور بیرون ملک  منفی پروپگنڈہ کرنے والا ’عمران فتنہ‘ اب تک آزا د کیوں ہے؟ کب تک اسے دوسروں کی پگڑیاں اچھالنے کی کھلی چھوٹ دی جاتی رہے گی؟

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK