• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھکے لگانے کے ریکارڈ سے آگے نکلے پنت، اب مستقل مزاجی پر توجہ

Updated: November 22, 2026, 7:07 PM IST | Wellington

ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے اپنی جارحانہ بلے بازی اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پہنچانے کی صلاحیت کے باعث شہرت حاصل کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔ انفرادی ریکارڈ کے بجائے مستقل مزاجی برقرار رکھنا اور ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

Rishabh Pant.Photo:X
رشبھ پنت۔ تصویر:ایکس

ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے اپنی جارحانہ بلے بازی اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پہنچانے کی صلاحیت کے باعث شہرت حاصل کی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔ انفرادی ریکارڈ کے بجائے مستقل مزاجی برقرار رکھنا اور ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کو پیچھے چھوڑنے کے بعد پنت نے واضح کیا کہ اب ایسے سنگ میل ان کے کریئر کے اہداف میں نمایاں اہمیت نہیں رکھتے۔

یہ بھی پڑھئے:اے ٹی پی فائنلز۲۰۲۶ء: الکاراز نے شیلٹن کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی

پنت نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنانے کے بعد کہاکہ بچپن میں یقیناً میرے ایسے اہداف ہوا کرتے تھے اور میں بہت زیادہ چھکے لگانا چاہتا تھا، لیکن اب اپنے کریئر کے اس مرحلے پر میں ان چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ میں صرف زیادہ مستقل مزاجی سے کھیلنا اور جہاں بھی کھیلوں، وہاں ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے کرکٹر کی بدلتی ہوئی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے بے خوف انداز نے انہیں ٹیسٹ کرکٹ کے غیر متوقع بلے بازوں میں شامل کیا ہے۔ اگرچہ ان کا جارحانہ انداز اب بھی برقرار ہے، لیکن پنت کے مطابق اب ان کی توجہ وکٹ پر زیادہ دیر تک ٹھہرنے اور ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے پر ہے۔
نیوزی لینڈ میں بنائی گئی سنچری ان کے لیے خاص طور پر اطمینان بخش رہی، کیونکہ اس ملک میں سنچری بنانا ان کے اہداف میں شامل تھا۔ ایسی پچ پر جہاں بلے بازی کے لیے صبر اور مسلسل محنت درکار تھی، پنت نے زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزارنے پر توجہ مرکوز رکھی۔ انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ ایک ایسی جگہ تھی جہاں میں ہر حال میں سنچری بنانا چاہتا تھا۔ اس طرح کی پچ پر، جہاں صبر کے ساتھ کھیلنا پڑتا ہے اور تمام بلے باز اچھی بلے بازی کر رہے ہوتے ہیں، میں صرف زیادہ سے زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنا اور ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا تھا۔ 
پنت نے اپنی بلے بازی کے فلسفے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شاٹس کے بارے میں ضرورت سے زیادہ سوچنے کے بجائے کھیل کو سادہ رکھنا پسند کرتے ہیں۔ان کے مطابق وہ عموماً گیندباز کے ارادوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور جب گیند ان کے شاٹس کھیلنے کے دائرے میں آتی ہے تو خود پر بھروسہ کرتے ہوئے حملہ آور انداز اختیار کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پنت نے اعتراف کیا کہ وہ عموماً چھکا لگا کر سنچری مکمل کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن اس بار انہوں نے صبر سے کام لیا، کیونکہ ماضی میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ کئی سنچریاں مکمل کرنے سے محروم رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی ایڈوانس بکنگ ۴۱؍ کروڑ روپے سے تجاوز، ٹکٹ ۴؍ ہزار کا

انہوں نے کہاکہ عموماً جب میں سنچری مکمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو چھکا لگا کر اسے پورا کرنا چاہتا ہوں، لیکن اس وجہ سے میں ماضی میں کئی سنچریاں بنانے سے بھی محروم رہا ہوں۔ اس لیے اس بار میں انتظار کر رہا تھا اور میں نے بہت صبر سے کام لیا۔ لیکن جب مڈ آف کا فیلڈر آگے آگیا تو مجھے لگا کہ یہ شاٹ کھیلنے کا صحیح موقع ہے۔بلے بازی کے علاوہ پنت نے کہا کہ میدان میں اپنے وقت سے لطف اندوز ہونا بھی ان کے کھیل کا اہم حصہ ہے، چاہے وہ وکٹوں کے پیچھے ہوں یا بلے بازی کر رہے ہوں۔انہوں نے کہاکہ جب بھی میں میدان میں اترتا ہوں، چاہے فیلڈنگ کر رہا ہوں یا بلے بازی، میں خوب لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ صرف میدان میں موجود رہنا ہی مجھے خوشی دیتا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی مشکل نوعیت کو قبول کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، خصوصاً ایسی پچوں پر جہاں گیندبازوں کو زیادہ مدد نہیں ملتی۔
پنت نے کہاکہ ہر روز آپ کو گیندبازوں کے لیے سازگار پچ نہیں ملے گی۔ آپ کو مسلسل محنت اور صبر کے ساتھ کھیلنا ہوتا ہے، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم اپنی توجہ اور بہترین کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے ماحول کو خوشگوار رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے لیے ہندوستان کو مزید آٹھ وکٹوں کی ضرورت ہے۔ پنت نے کہا کہ ٹیم آخری دن ہدف حاصل کرنے کے لیے پوری کوشش کرے گی۔انہوں نے کہاکہ یقیناً ہمارا یہی ارادہ ہے اور ہم ہر حال میں یہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK