ٹرین اورپلیٹ فارم کا خلاء بڑھنے سے بہت سےمسافر اترتے وقت بے خیالی میں گرجاتے ہیں۔ ریلوے نے کام کوضروری قراردیا
EPAPER
Updated: September 16, 2022, 9:51 AM IST | Mumbai
ٹرین اورپلیٹ فارم کا خلاء بڑھنے سے بہت سےمسافر اترتے وقت بے خیالی میں گرجاتے ہیں۔ ریلوے نے کام کوضروری قراردیا
:ان دنوں باندرہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۳؍ اور ۴؍پر دونوں جانب ۴؍دن سے مرمت کا کام جاری ہے۔لادی ہٹاکر دوسری لادی لگانے کا کام کیا جارہا ہے جس سے ٹرین اورپلیٹ فارم کا خلاء بڑھ گیا ہے ۔چونکہ یہ کام مسافروں کی آمدورفت جاری رہنے کے دوران کیا جارہا ہے ، اس لئے اس سے کئی مسافر ٹرین سے اترتے وقت بے خیالی میں گر جاتے ہیں۔خاص طور پر بھیڑ بھاڑ کے دوران زیادہ مسئلہ پیش آرہا ہے۔ اس کی وجہ یہ بھی ہےکہ ایک جانب فاسٹ ٹرین آتی ہے تو دوسری جانب سلو ۔تاہم ریلوے نے اس کام کو ضروری قرار دیا ہے۔
عبدالرحمٰن خان نامی مسافر نے کہاکہ ’’ یہ سب کام عموماً بلاک کےدوران یا رات کو جب ٹرینوں کی آمدروفت بند ہوجاتی ہے تب کیا جاتا تھا لیکن اس وقت توصبح سے ہی کام جاری رہتا ہے ۔ اس سے کئی دفعہ ایسا ہوتا ہےکہ مسافر گرجاتے ہیں کیونکہ بھیڑبھاڑ میںیہ خیال رکھنا مشکل ہوتا ہے کہ پلیٹ فارم پر کام چل رہا ہےیا خلاء بڑھ گیا ہے۔‘‘ مولانا وصی احمدنامی مسافر نے کہا کہ’’ بھیڑبھاڑ کے دوران جب پلیٹ فارم پر مسافروں کی کثرت ہوتی ہے توان کے ذہن میںیہی خیال رہتا ہے کہ کسی طرح سے ٹرین میںداخل ہونا ہے ۔ بیشتر مسافر یہ بھول جاتے ہیں کہ کام جاری ہے اورلادی نکالنے کے سبب ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان خلاء بڑھ گیا ہے۔‘‘
ویسٹرن ریلو ے کےچیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ ’’ دراصل لادی نکالنے اور دوسری لادی لگانے کا کام ضروری تھا کیونکہ بہت سے مسافر پھسل جاتے تھے اس لئے یہ کام شروع کیا گیا ہے۔کوشش کی جارہی ہے کہ جلدکام پورا ہوجائے ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’مسافروں کی پریشانی سے انکار نہیںکیا جاسکتا لیکن ضرورت کے لحاظ سے اسے تیزی سے کیا جارہا ہے تاکہ مسافروں کو مزیدپریشانی سے بچایا جاسکے اوربارش میں ٹرین میںسوار ہوتے اور اترتے وقت پھسلنے کا بھی خطرہ نہ رہے۔‘‘