• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائن اسپتال میں فلم کی کمی سے مریض موبائل فون پر ایکسرے کی تصویر لینےپر مجبور

Updated: February 20, 2026, 9:38 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

سی ٹی اسکین اورایم آرآئی مشینیں کم ہونےاور کام نہ کرنے سے ۴؍مہینے کےبعد کااپائنٹمنٹ دیاجارہاہے۔ مریضوں کو دشواریاں۔

Sion Hospital. Photo: INN
سائن اسپتال۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں میں طبی خدمات کا معیار دن بدن گرتا جارہاہے۔ سائن اسپتال میں سی ٹی اسکین اور ایم آرآئی مشین کی خرابی اور کمی سے جہاں مریضوں کو۴؍ تا۶؍ مہینے کے بعد کا اپائنٹمنٹ دیاجارہاہے وہیں فلم کی کمی سے مریض موبائل فون پر ایکسرے کی تصویر لینے پر مجبورہیں۔ ڈائیلاسس مشین بھی دھول کھارہی ہے جس سےمریضوں کو پریشانی ہورہی ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ ۶؍مہینوں سے سائن اسپتال میں ایکسرے فلم جیسی ضروری اشیاء کی کمی پائی جارہی ہے۔ اس لئے مریضوں کو موبائل فون پر فوٹو کھینچنا پڑ رہا ہے۔ سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینیں کام نہیں کررہی ہیں۔ ڈائیلاسس مشین خاک آلودہ پڑی ہے جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ 
سائن اسپتال سے علاج کروانے والے اشرف علی نامی مریض نےبتایاکہ ’’گزشتہ ۶؍ مہینے سے اسپتال انتظامیہ مریضوں کو موبائل فون پر ایکسرے کی تصاویر فراہم کر رہا ہے۔ موبائل فون پر ایکسرے کروانے کے بعد جب ہم ڈاکٹر کو دکھانے گئے تو فریکچر کہاں ہےیہ معلوم نہیں ہوپارہاتھا۔ چونکہ اس کی تشخیص نہیں ہوسکی اس لئے ہمارے ڈاکٹر نے نجی سینٹر سے ایکسرے کروانے کا مشورہ دیا۔ سائن اسپتال کے ٹراما سینٹر میں حادثات میں شدید زخمی افراد داخل ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ انہیں ایکسرے فلم بھی نہیں مل رہی ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گزشتہ ۵؍ برس سے سڑک حادثات میں لگاتار اضافہ

سائن اسپتال میں گردوں کے مریضوں کا بڑی تعداد میں علاج کیا جاتا ہے لیکن یہاں کی ۱۰؍ ڈائیلاسس مشینیں خراب ہونے سے مریضوں کا علاج نہیں ہوپارہاہے۔ یہ مشینیں ٹیکنیشنز کی کمی کی وجہ سے بندپڑی ہیں ، ان کی مرمت نہیں ہوسکی ہے۔ جو مشینیں چل رہی ہیں، ان پر صرف ایسے مریضوں کا ڈائیلاسس ہورہاہےجو شدید تکلیف میں ہیں۔ مشینوں کی کمی سے مریضوں کو تین سے چار گھنٹے تک قطاروں میں انتظار کرنا پڑرہاہے۔ ایک ٹیکنیشین کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا تھا لیکن اسے ملازمت سے ہٹانے سے مسئلہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ 
ڈپٹی میونسپل کمشنر برائے صحت عامہ شرد اُگاڈے کےمطابق ’’باہر سے ضروری سامان فراہم کر کے مریضوں کی مدد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈائیلاسس اور سی ٹی اسکین مشینوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات طلب کی گئی ہیں۔ اضافی آلات کیلئے تجاویز پیش کرنے کو کہا گیا ہےتاکہ ان مسائل پر قابوپایاجاسکے۔ ‘‘
سائن اسپتال۔ تصویر: آئی این این

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK