• Thu, 19 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گزشتہ ۵؍ برس سے سڑک حادثات میں لگاتار اضافہ

Updated: February 19, 2026, 10:58 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی پونے ایکسپریس وے پر گیس ٹینکر حادثہ کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے اور حادثوں کےحساس مقامات کی نشاندہی شروع کردی۔

A Scene Of A Road Accident In A Suburban Area.Photo:INN
مضافاتی علاقے میں سڑک حادثے کا ایک منظر۔ تصویر:آئی این این
گزشتہ دنوں  ممبئی  پونے ایکسپریس وے  پر گیس ٹینکر  حادثہ  سے ٹریفک جام اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔  اس حادثہ کے چند روز بعد ہی ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہر اور ریاست کی مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے ، سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے ، گشت بڑھانے اور حادثات  کے ان حساس مقامات کی نشاندہی کرنا شروع کردیا ہے۔ یہی نہیں حادثات سے بچنے اور ٹریفک قوانین کا پاس رکھنے کی تلقین کے ساتھ روڈی سیفٹی بیداری مہم اور ’فن رن ‘ کا بھی اہتمام کیا گیا  تھا۔دوسری جانب ٹریفک پولیس،  محکمہ ٹرانسپورٹ  اور دیگر ایجنسیوں کے ترتیب کردہ ریکارڈ کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ ۵؍ برس میں سڑک حادثات میں نہ تو کمی آئی ہے اور نہ ہی اس سے ہونے والی اموات کے اعداد وشمارمیں ہی کوئی خاطر خواہ فرق پڑا ہے ۔
  روڈ سیفٹی مہم کے تحت ۶؍ سو بائیک رنرز نے اس میں حصہ لیا تھا ۔  اس مہم میں اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھیں۔ روڈ سیفٹی بیداری مہم اور فن رن کے نام سے گھاٹکوپر پمپنگ اسٹیشن سے وڈالا ٹرک ٹرمنس تک اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے گھاٹکوپر مشرق تک ۵؍ کلومیٹر تک بائیک ریلی نکالی گئی ۔ اس ریلی کے ذریعہ جہاں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ۔ وہیں سڑک پر مسافروں کی حفاظت کے سنگین مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مناسب اقدامات کا عہد کیا گیا۔
 
 
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے گزشتہ ۶؍ برس میں شہر و مضافات اور اطراف کے علاوہ  سڑکوں اور شاہراہوں پر حادثات میں مسلسل اضافہ ہونے کا اعتراف کیا ہے البتہ اموات میں کمی آنے کی اطلاع دی ہے ۔  سڑک حادثات سے متعلق وزارت برائے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائے ویز کے علاوہ ہائی وے پولیس کے ترتیب کردہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ ۵؍ برس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد حادثات رونما ہوئے  جبکہ ۶۵؍ ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہے اور۴؍ لاکھ مسافرزخمی ہوئے ہیں۔ ان میں شدید طور پر زخمی ہونے والوں کا فیصد ۱۰؍ ہے۔ اسی طرح شہری سطح پر۵؍ برس میں ممبئی میں ۲۰؍ ہزارسے زائد رونما ہونےوالے سڑک حادثات میں تین ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ ممبئی میں   سڑک حادثات کے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ۲۰۱۸ء تا ۲۰۲۰ء کے درمیان ایک سال میں سڑک حادثہ میں ۶؍ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ اسی طرح ۲۰۲۱ء سے ۲۰۲۴ء میں نہ صرف حادثات میں بلکہ اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ ان برسوں کے درمیان ہر سال   حادثہ میں ۷؍ سو سے زائد اموات ہوئی تھیں۔
 
 
ممبئی  ، مہاراشٹر ٹریفک پولیس اور ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسلسل  سڑک حادثوں پر قابو پانے کے لئے جو ایکشن پلان بنایا ہے اور اسے نافذبھی کیا ہے ۔ یہ ایکشن پلان اور پالیسی سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔ اس ضمن میں حادثات سے محفوظ رکھنے اور عوامی بیداری کے لئے روڈ سیفٹی ویک منانے   ، گاڑیوں کی رفتار کو کنٹرول کرنے اور ان پر نگرانی رکھنے کے لئے پالیسی بنانا ، شہر کی سڑکوں اور ہائی ویز پر کیمرہ نصب کرنا ، ہائی ویز پر گشت میں اضافہ کرنا ، حادثات کی صور ت میں متاثرین کو فوری طبی مدد کیلئے ایمبولنس مہیا کرانا ، ہیوی گاڑیوںکی جانچ اور ڈرائیوروں کی ٹریننگ اس پالیسی کا حصہ ہیں ۔یہی نہیں اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے ۲۰۳۰ء سے قبل تک حادثات اور اموات میں ۵۰؍ فیصد کمی لانے کا ہدف رکھا ہے ۔ اسے عملی طور پراس ہدف کو پورا کرنے کیلئے ٹریفک قوانین کو سختی سے نافذ کرنا بھی اس میں شامل ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK