راہل گاندھی نے بہار پولیس پر شدید تنقید کی، اس بچے نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمراٹ چودھری کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 11:17 AM IST | Agency | Patna/New Delhi
راہل گاندھی نے بہار پولیس پر شدید تنقید کی، اس بچے نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمراٹ چودھری کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔
گزشتہ روز پٹنہ میں ہونے والے احتجاج اور سی ایم ہائوس کے گھیرائو کے دوران میڈیا کی توجہ ایک ۶؍ سالہ بچے آدتیہ پر بھی گئی جو نہ صرف احتجاج میںشامل تھا بلکہ بی جے پی مخالف نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کررہا تھا ۔ میڈیا نے اس سے گفتگو کی تو اس نے واضح طور پر کہا کہ وہ ملک کے ایک ذمہ داری شہری کے طور پر یہاں آیا ہے اور احتجاج میں شامل ہوا ہے۔ اس کی میڈیا بائٹس دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ۔ اس نے کہا کہ وہ بھی جاننا چاہتا ہے کہ دہلی میں طلبہ پر لاٹھی چارج اور پھر پیلٹ گن چلانے کا حکم کس نے دیا تھا ۔ میڈیا سے اس گفتگو کے فوراً بعد وہاں موجود پولیس افسران نے اسے حراست میں لےلیاتھا اور مظاہرہ گاہ سے ہٹاکر قریبی پولیس اسٹیشن پہنچادیا تھا۔ اس پر بدھ کو بھی پٹنہ میں کافی ہلچل رہی کہ پولیس نے ۶؍ سال کے ایک معصوم بچے کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: میٹا کے اسمارٹ گلاسیز سے خفیہ ریکارڈنگ، میٹا اور انسٹا کے خلاف قانونی نوٹس جاری
جب یہ معاملہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے ’ایکس‘ پر این ایس یو آئی کی ایک پوسٹ کو ری-پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’’بہار کے طلبہ کا سوال بہت سیدھا ہے، بھرتی کے امتحانات میں گڑبڑی کیوں؟ پیپر لیک کے الزامات پر کارروائی کیوں نہیں؟ اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کب تک؟‘‘کانگریس لیڈر نے یہ بھی لکھا کہ ’’یہ صرف پولیس کی کارروائی کا سوال نہیں ہے۔ یہ اس بی جے پی حکومت کی ذہنیت کا سوال ہے جس کے پاس جواب نہیں ہے، اس لیے وہ بچوں کو بھی گرفتار کررہی ہے۔ اس معاملے میں بہت زیادہ ہنگامہ ہونے اور پولیس پر تنقیدوں کے بعد پٹنہ پولیس نے باقاعدہ بیان جاری کیا کہ اس بچے کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہاںسے ہٹاکر قریبی پولیس اسٹیشن لے جایاگیا تھا اور وہاں اسے اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ واضح رہے کہ آدتیہ پٹنہ کے پونائچک علاقے میں رہائش پذیر ہے۔ اس کے والد یومیہ مزدوری کرتے ہیں۔