’جسٹس فار گھوڑ بندر روڈ اور ذمہ دار کون؟‘ مہم کےتحت مقامی شہریوں نے مختلف مطالبات کئے
EPAPER
Updated: September 16, 2025, 11:27 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
’جسٹس فار گھوڑ بندر روڈ اور ذمہ دار کون؟‘ مہم کےتحت مقامی شہریوں نے مختلف مطالبات کئے
’جسٹس فار گھوڑ بندر روڈ اور ذمہ دار کون؟‘ مہم کےتحت مقامی شہری مسائل مثلاً خستہ حال سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت ، بھاری اور ہلکی موٹرگاڑیوں کیلئے علاحدہ قطاروں کی سہولت، ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کیلئے دہیسر ٹول ناکہ بند کرنے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے مہم چلانے والی صحافی شردھا رائے کی نگرانی میں ناگلا بندر، گھوڑ بندرروڈ پر منگل کوپُرامن احتجاج کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے علاوہ سیکڑوں مقامی افراد نے حصہ لیا ۔ انہوں نے ہاتھوں میں ترنگا اُٹھا رکھاتھا۔
اس موقع پر ایک بیدار شہری نے کہا کہ ’’تھانے سے گھوڑ بندر ہوکر جانے والی گاڑیوں کا ٹریفک پریشان کرنے والاہے ۔ مقامی محکمہ ٹریفک کی توجہ اس جانب متعدد مرتبہ دلائی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کا حل نہیں نکل سکا ہے جس سے شہریوں کوسخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ہم چاہتے کہ ہیوی اور لائٹ موٹر گاڑیوں کےحساب سے لائن مرتب کی جائے تاکہ ٹریفک پر قابو پانےمیں آسانی ہو ۔ اگر ان موٹرگاڑیوں کیلئے علاحدہ قطار بنائی جائے تو راحت ملنے کا امکان ہے ۔ ‘‘
شردھارائے نےلوگوں سےخطاب کرتے ہوئےکہا کہ ’’یہ احتجاج گھوڑ بندر روڈ کے متعدد شہری مسائل کے حل کیلئے کیا گیا ہے ۔یہاں کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی خستہ حالی کسی سے چھپی نہیں ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان راستوں کی ترجیحی بنیاد پر مرمت کی جائے ۔ سڑکیں ٹھیک نہ ہونے سے ٹریفک کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر رہا ہے جس سے لاکھوں لوگوں کو روزانہ تکلیف اُٹھانی پڑ رہی ہے ۔ بھیونڈی، واڑہ ، منور، میرا بھائندر،وسئی ، نالاسوپارہ، ویرار، کلیان اور ڈومبیولی وغیرہ کی ٹریفک پر قابو پانے کیلئے دہیسر ٹول پلازہ کو بند کرنا ضروری ہے جس کیلئے آرٹی او مینجمنٹ بورڈ کا قیام بھی ضروری ہے ۔علاوہ ازیں لاوارث موٹر گاڑیوں کوبھی یہاں سے ہٹایا جانا چاہئے۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت کے ساتھ روڈپر اسپیڈ بریکر بنانے کی ضرورت ہے ۔جہاں اسٹریٹ لائٹ نہیں ہے، وہاں اسٹریٹ لائٹ لگائی جائے اور جہاں ان کی مرمت کرنے کی ضرورت ہے ، ان کی مرمت کی جائے ۔گندگی اور غلاظت پر قابو پانےکیلئے ڈرینج لائن کا درست ہونا بھی ضروری ہے ۔ اس کے ساتھ دیگر شہری مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ چنانچہ شہری انتظامیہ اور حکومت ان مسائل کی جانب توجہ دے اور انہیں حل کر کے ہمارے مطالبات پورے کریں ۔تمام متاثرہ شہریوں کی طرف سےہم احترام کے ساتھ حکومت سے فوری اقدام کی درخواست کرتے ہیں۔‘‘