• Mon, 02 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ششی تھرور نے برصغیر میں کرکٹ پر سیاست کی مذمت کی

Updated: February 02, 2026, 8:25 PM IST | New Delhi

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے برصغیر میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش کے حالیہ واقعات کو’’شرمناک‘‘ قرار دیا اور خبردار کیا کہ حالات قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔

Shashi Tharoor.Photo:INN
ششی تھرور۔ تصویر:آئی این این

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے برصغیر میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی سیاست  پر تنقید کرتے ہوئے ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش کے حالیہ واقعات کو’’شرمناک‘‘ قرار دیا اور خبردار کیا کہ حالات قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
ہندوستان کے خلاف ۲۰۲۶ء کے آئی سی سی مینز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچ کا بائیکاٹ کرنے کے پاکستان کے فیصلے اور بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان سے متعلق تنازع پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تھرور نے کہا کہ کھیل کو سیاسی تناؤ کا شکار ہونے کے بجائے متحد کرنے والی قوت کے طور پر کام کرنا چاہیے۔
 تھرور نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’سچ کہوں تو، یہ کافی شرمناک ہے دونوں جانب سے کھیل پر اس طرح سیاست کی گئی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ مستفیض کو کولکاتا میں کھیلنے کے لیے ان کے معاہدے سے محروم کیا جانا چاہیے تھا۔ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات تھی۔  تھرور نے پیش رفت پر بنگلہ دیش کے ردعمل کو ضرورت سے زیادہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا یہ اقدام بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش ہے۔  تھرور نے کہا کہ ’’بنگلہ دیش کا ردعمل حد سے زیادہ تھا، لیکن یہ اس کا عکاس ہے۔ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:استاد امجد علی خان، امان اور ایان گریمی ایوارڈ۲۰۲۶ء جیتنے والے واحد ہندوستانی

انہوں نے کہا کہ سارا معاملہ قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ خطے میں کرکٹ کی ثقافتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے،  تھرور نے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ سیاست کو کھیل سے دور رکھیں اور مناسب چینلز کے ذریعے بات چیت دوبارہ شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ ’’میرے خیال میں ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کھیل، جو تمام لوگوں کے لیے بہت معنی رکھتا ہے، وہ کم ازکم کھیل کے میدان پر تو ہمیں ساتھ لانے کا ذریعہ ہونا چاہیے، بالخصوص کرکٹ جیسا کھیل۔موجودہ صورتحال کو خطرے کی گھنٹی  قرار دیتے ہوئے  تھرور نے مشورہ دیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) متعلقہ فریقوں کے درمیان فوری بات چیت کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کر سکتی ہے۔ تھرور نے کہا کہ میں  دیانتداری  سے مانتا ہوں کہ یہ سب ان سب کے لیے وارننگ کی ایک گھنٹی ہے، جنہیں ہنگامی بنیادوں پر ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کی ضرورت کرنی چاہیے۔ آئی سی سی اس کے لیے ایک پلیٹ فارم ہو سکتا ہے، جو صرف یہ کہے کہ چلیے اس بکواس کو یہیں ختم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:شکست کے باوجود جوکووچ نے میلبورن کے شائقین کے دل جیت لیے

ان کے تبصرے پاکستان کی حکومت کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے ہیں کہ اس کی قومی ٹیم ۱۵؍ فروری کو ہندوستان کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ کے لیے میدان میں نہیں اترے گی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، پاکستان حکومت نے کہا کہ اس نے ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شرکت کی منظوری دے دی ہے لیکن وہ ہندوستان  کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK