Inquilab Logo

نئے سال کے موقع پر تاج محل کا دیدار کرنے کیلئے لوگوں کا جم غفیر

Updated: January 02, 2023, 1:56 PM IST | agra

رنگارنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد،لوگوں نے گزشتہ سال کے لمحات اور نئے سال کی آمد کو اپنے اپنے انداز میں یادگار بنایا ، پولیس اور انتظامیہ الرٹ رہے

The number of tourists arriving to visit the Taj Mahal can be estimated from this picture; Photo: INN
تاج محل کا دیدار کرنے کے لئے پہنچنے والے سیاحوں کی تعداد کا اندازہ اس تصویر سے لگایا جاسکتا ہے ؛تصویر:آئی این این

  محبت کی نشانی سنگ مرمر کے تاج محل کی خوبصورتی کا جادو  سال کے آخری اور نئے سال کے پہلے دن سیاحوں پر حاوی نظر آیا۔ یادگار کو دیکھنے کے  لئے ہزاروں سیاح پہنچ گئے۔  سنیچر  اور اتوار کو ۵۰؍ ہزار سے زائد سیاحوں نے یادگار کا دیدار کیا۔ تاج محل دیکھنے کے بعد ان کے چہرے پر خوشی صاف نظر آرہی تھی۔ تاہم تاج محل دیکھنے کے لیے انہیں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بچے، خواتین اور بزرگ بہت پریشان نظر آئے۔ سیاح بچوں کو بھیڑ کے دباؤ سے بچاتے ہوئے نظر آئے۔تاج محل پر اتوار کی صبح سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی تھی ۔ یاد رہے کہ  تاج محل دسمبر کے آخری ہفتے اور جنوری کے پہلے ہفتے میں سیاحوں سے بھرا ہوتا ہے۔ تاج محل میں صبح سے ہی سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی۔ دوپہر ۱۲؍ بجے کے بعد مشرقی اور مغربی دروازوں پر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سیاحوں نے بھی تاج محل کو دیکھنے کے لیے قطاروں میں انتظار کرنا پسند کیا۔ تاج محل دیکھنے کی خوشی ان کے چہروں پر صاف نظر آرہی تھی۔ 
 یادگار کو دیکھنے میں جو مشکلات درپیش تھیں وہ بھول گئے۔  سنیچر کو۳۵۰۵۹؍ سیاحوں نے تاج محل کا دیدار کیا۔ ان میں۳۲۷۹۰؍ ہندوستانی اور۲۲۶۹؍ غیر ملکی شامل تھے۔تاج محل میں عام دنوں میں، مغربی دروازے پر صرف دو ٹکٹ کھڑکیاں کھلتی ہیں۔ ان دنوں بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے یہاں تین ٹکٹ کھڑکیاں کھلی ہوئی تھیں۔ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے  سنیچر کی سہ پہر یہاں ایک اضافی ٹکٹ ونڈو کھولی گئی ہے۔ اے ایس آئی نے تاج محل میں ہجوم کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ملازمین کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔ کئی سیاح تو صبح صبح ہی قطار میں لگ گئے تھے جس کی وجہ سے یہاں تھوڑی بھیڑ ہو گئی تھی ۔ بہر حال سیاحوں نے نئے سال کی صبح پر تاج محل کا دیدارکیا۔ اس دوران بچوں کی بھی بڑی تعداد یہاں موجود تھی ۔ 
 سپرنٹنڈنگ آرکیالوجسٹ ڈاکٹر راجکمار پٹیل صبح سے دوپہر تک یادگار پر انتظامات کو دیکھتے رہے۔شام ڈھل رہی تھی اور نئے سال کے استقبال کا جشن جواں ہو رہا تھا۔ شہر سے لے کر دیہی علاقوں تک سرد رات اپنے رنگ دکھا رہی تھی اور گانے، موسیقی اور مستی میں اضافہ ہو رہا تھا۔ نوجوان اونچی آواز میں موسیقی پر رقص کرتے نظر آئے۔ جشن کے درمیان سب کی نظریں گھڑی پر جمی ہوئی تھیں۔نئے سال پر ہر طرف جوش و خروش کا ماحول تھا۔ رات بھر لوگ جشن میں ڈوبے رہے۔    اس دوران آگرہ شہر کے ریستوراں اور فاسٹ فوڈ کارنر کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے۔ رات۱۲؍ بجتے ہی لوگوں نے نئے سال کی مبارکباد دینا شروع کردی۔ لوگوں نے فیس بک، وہاٹس ایپ اور دیگر ذرائع سمیت سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔ ایک دوسرے کو فون کرکے نئے سال کی مبارکباد بھی دی ۔
 نئے سال کی آمد کی خوشی میں تاج نگری کی پارشوناتھ پنچ وتی کالونی کے بچوں نے اسٹیج پروگرام میں دھوم مچا دی۔ گانے، رقص، لطیفے کے پروگرام منعقد کیے گئے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK