Inquilab Logo

ناگپاڑہ اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی ،عوام پریشان

Updated: July 01, 2022, 9:50 AM IST | saadat khan | Mumbai

موٹر بند ہونے سے لوگوں کو پانی بھرنے میں دقت ، اونچی عمارتوں کی لفٹ بند ، لوگ اپنے گھروں پر جانے سے قاصر

Madanpura where electricity remains a problem
مدنپورہ جہاں بجلی ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے

 ناگپاڑہ ، مدنپورہ، آگری پاڑہ ، مومن پورہ، مورلینڈ روڈاور اطراف کے علاقوں میں جمعرات کو ۲؍مرحلوںمیں تقریباً۸؍گھنٹے تک بجلی غائب ہونے سے ان علاقوںکےعوام کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ علی الصبا ح  بجلی نہ ہونے سےلوگوں کو پانی بھرنے میں دقت تو ہوئی ہی صبح کے وقت بچوںکو اسکول بھیجنےمیں دشواری بھی پیش آئی ۔نیز بلند عمارتوںکی لفٹ بند ہوجانےسے عمررسیدہ افراد خواتین اور بچوںکو تکلیف اُٹھانی پڑی۔ بیسٹ کے مطابق ان علاقوںکے کچھ ٹرانسفارمرمیں تکنیکی خرابی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی  ۔
  محمد عمر رجب روڈ پر واقع ۱۹؍منزلہ رحمانی ٹاور کےمکین طارق خان نے بتایاکہ ’’مدنپورہ اور اطراف کے علاقوںمیں گزشتہ چند دنوں سے بجلی سپلائی کامسئلہ ہے جس کی وجہ سے یہاں کےمکینوںکو بڑی پریشانی ہورہی ہے۔ بدھ کو گھیلابائی اسٹریٹ میں واقع ۲۹؍منزلہ دانش ولا کی بجلی دوپہر میں ایک بجے سے ۳؍بجے تک غائب تھی۔ اس دوران بلڈنگ کی لفٹ بند ہو گئی  جس کی وجہ سے   عمررسیدہ افراد ، خواتین اور بچوںکو اُوپر کی منزلوں سے آنےجانے میں  دقت  ہو رہی تھی۔ 
 جمعرات کو صبح کے وقت مدنپورہ ، مومن پورہ ، مورلینڈ روڈ اور بائیکلہ ٹرانزٹ کیمپ وغیرہ کے علاقےمیں بجلی نہ ہونے سے صبح ۴؍تا۷؍بجے کے درمیان آنےوالے پانی سےمتعدد لوگ محروم رہے۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ جمعرات کو ہی دوپہر میں ایک بجے دوبارہ بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ۔ بجلی نہ ہونے سے لفٹ بند ہوگئی تھی جس سے ہماری بلڈ نگ(رحمانی ٹاور) کے اُوپری منزل پر رہنےوالے لوگ جو باہر تھے ،وہ گھر نہیں جاسکے ۔ جب تک بجلی بحال نہیں ہوئی ،وہ بلڈنگ کے احاطے میں بیٹھے رہے۔ ‘‘
  گوشت بازار کے خوجہ بلڈنگ میں رہائش پذیر ناصر حسین نےبتایاکہ ’’ ہماری بلڈنگ کی بجلی صبح ۷؍بجے منقطع ہوئی تھی۔ اس کےبعد ساڑھے ۹؍ بجے  بجلی بحال ہوئی۔ ہمارے علاقےمیں پانی صبح ۴؍سے ۷؍بجے کےدرمیان آتاہے ۔ اس لئے ہم نے پانی تو بھر لیاتھا لیکن بجلی نہ ہونےسے اسکول کے وقت بچوںکو تیار کرنےمیں پریشانی ہوئی ۔‘‘مومن پورہ ،ٹرانزٹ کیمپ کے قریب رہنے والے عبدالصمد نے بتایاکہ ’’مومن پورہ ، آگری پاڑہ اور فینسی مارکیٹ  جیسے علاقوں کی متعدد عمارتوں میں صبح ۵؍بجے سے بجلی غائب تھی جسکی وجہ سے پانی کی موٹرنہیں چلائی جاسکی  اور کئی گھروں میں پانی نہیں بھرا جاسکا۔ میں ٹرانزٹ کیمپ کی طوبیٰ مسجد میں فجر کی نماز پڑھنے گیاتھاجہاں اندھیرے میں نماز ادا کی گئی ۔‘‘
 مورلینڈروڈ ،نیانگر ،مامسااسٹیٹ کے محمد شمیم منصوری نے بتایا کہ ’’ ہمارے علاقےمیں صبح ۷؍ بجے بجلی گل ہوئی تھی۔ پورے علاقےمیں گرمی سےپریشان  لوگ نیند  سے اُٹھ کر گھروں سے باہر چہل قدمی کرتے دکھائی دیئے ۔ متعدد مرتبہ بیسٹ میں شکایت کئی گئی  اس کے باوجودڈھائی گھنٹے تک بجلی بحال نہیں کی گئی ۔ ساڑھے ۹؍بجے بجلی بحال ہوئی تھی۔  اچانک ایک بجے دوپہر میں دوبارہ بجلی غائب ہوگئی جوکہ ساڑھے ۵؍بجے تک بحال نہیں ہوئی تھی۔ 
  اس تعلق سے انقلاب نے جب بیسٹ کے کمپلینٹ نمبر پر رابطہ کیاتو  بتایا گیاکہ ’’ ان  علاقوں کے کئی ٹرانسفارمرمیں تکنیکی خرابی ہونے سے بجلی سپلائی منقطع ہے۔ ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام جاری ہے۔ جلد ہی بجلی بحال ہوجائے گی۔‘‘

nagpada Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK