Inquilab Logo

پیوش گوئل پر’غریب مخالف‘ ہونے کا الزام

Updated: March 30, 2024, 10:44 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شیوسینا (یو بی ٹی) کے اہم  لیڈر آدتیہ ٹھاکرے کے مطابق ہم ممبئی کے جھوپڑا واسیوں کو جبراً نمک سارمنتقل نہیں ہونے دیں گے۔

aditya thackeray
آدتیہ ٹھاکرکے

شیو سینا ( ادھو بالا صاحب ٹھاکرے ) کے لیڈر  اور ممبئی کے سابق نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نےمرکزی وزیر پیوش گوئل پر غریب مخالف ہونے کا الزام عائد کیا  ہے۔ ان کے مطابق بی جےپی کی جانب سے ممبئی کو جھوپڑ پٹیوں سے پاک شہر بنانے کے بہانے دھاراوی اور دیگر جھوپڑ پٹیوں کے مکینوں کو جبراً ان کے گھروں سے نکالنے اور انہیں نمک سار میں منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ کوشش بی جے پی کے دوست ڈیولپرس کیلئے کی جارہی ہے لیکن ہم ممبئی کے لاکھوں جھوپڑا واسیوں کو ان کے مکان سےنکالنے اور انہیں دور دراز منتقل کرنے نہیں دیں گے۔ہم ممبئی کے جھوپڑا واسیوں کو جبراً نمک سارمنتقل نہیں ہونے دیں گے۔ 
سابق ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے سنیچر کو کلانگر (باندرہ ) میں واقع اپنی رہائش گاہ ماتوشری میں منعقدہ پریس کانفرنس  سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کے دل کی بات گزشتہ دنوں مرکزی وزیر پیوش گوئل کی زبان پر آگئی ۔ دراصل بی جے پی ’غریبی ہٹاؤ ‘ نہیں بلکہ ’غریبوں کو ہٹاؤ‘ نعرے پر یقین رکھتی ہے۔ ‘‘  انہوں نے کہا کہ ’’مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ممبئی نارتھ سے لوک سبھا کا چناؤ لڑنے کا اعلان کیاہے۔انہوںنے ایک انٹر ویو میں کہا تھاکہ ممبئی کے جھوپڑا  واسیوں کوبے گھر کر کے نمک سار میں گھر یا کیمپ میں منتقل کیاجائے گااور ممبئی کو جھو پڑ پٹیوں سے پاک شہر بنا یا جائے گا ۔‘‘
آدتیہ نے  یہ بھی کہا کہ ’’ممبئی کو جھوپڑوں سے پاک شہر بنانے کا خواب کئی برسوں سے دکھا یاجارہا ہے۔ ایس آر اے  کاقیام  اسی لئے عمل میں آیا تھا اور اس کی کئی اسکیمیں کامیاب ہوئی ہیں اور کئی جاری ہیں۔جب ہماری سرکار تھی تو ورلی میں بی ڈی ڈی چال ری ڈیولپمنٹ کیا گیا ،۱۰؍ ہزار افراد کو ورلی ، ڈھائی ہزار افراد کو این ایم جوشی مارگ  اور ڈھائی ہزار ا فراد کو وڈالا میں مکان ملنے والے ہیں اور یہ عمارتیں ۴؍ منزلہ تک تعمیربھی ہو چکی ہیں۔ اس طرح  بہتر مکانات دے کر شہر کی ترقی ہو سکتی ہے لیکن ترقی کے نام پر جھوپڑا واسیوں کو بے گھر کرنے کی ہم  شدید مخالفت کرتے ہیں، کیونکہ غریبوں کی آواز نہیںسنی جارہی ہے،  انہیں جبراً ان کے گھروں سے نکالا جارہا ہے۔ یہ  آمریت  ہے۔‘‘  ان کاکہنا تھا کہ’’ دھاراوی کیلئے بھی انہوں نے ۱۷؍سال نمک سار میں منتقل کرنے کی بات کہی۔ مجموعی طو ر پر بی جے پی ممبئی کے نمک کے کھیت تباہ کرنے ، جھوپڑا واسیوںکو بے گھر کرنے اور اپنے دوستوں کو ری ڈیولپمنٹ کا ٹھیکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسے وقت میں جب بے روزگاری عروج پر ہے اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے ، غریبوں  سے ان کا گھر اور ان کے سپنوں کو چھیننا اچھی بات نہیں۔‘‘
انہوںنے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ یہ سوٹ بوٹ کی سرکار کے دل کی بات ان کی زبان پر آئی ہے۔ پہلے  یہ خود کو غریبوں کی سرکار کہتے تھے لیکن  اب  یہ غریبوں کو بے گھر کر رہے ہیں۔ شاید ان جھوپڑا واسیوں نے بی جے پی کے بونڈز نہیں خریدے ، اسی لئے انہیں بے گھر کیا جارہا ہے۔یہی وہ مرکزی وزیر ہیں جنہوں نے کووڈ کے دوران اس وقت کی مہا وکاس اگھاڑی کی سرکار کی درخواست کے باوجود ٹرین چلانے سے انکار کر دیا تھا  اور یکم مئی کو ٹرین شروع کی تھی تب تک  بڑی تعداد میں مزدور کئی دن تک پیدل چل کراپنے گھروں کو پہنچ چکے تھے۔ ایسی ہی غریب مخالف باتیں ان کے دلوں میں اب بھی ہیں اور اسی لئے جھوپڑپٹیوں کی بازآباد کاری کے بہانے جھوپڑا واسیوں کو  ان گھروں سے دور نمک سارمیں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس طرح بی جے پی وزیر نمک کے کھیت بھی برباد کر دیں گے اور  جو ممبئی کی ترقی کیلئے رات دن محنت کرتے ہیں ان غریبوں کو بے گھر کردیں گے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK