Inquilab Logo

دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس فورس کو مزید مضبوط بنانا ہے

Updated: November 27, 2020, 10:03 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی اور مہاراشٹر پولیس ہیڈ کواٹر میں جمعرات کو ۱۱؍۲۶ کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یاددگار اور گیلری کا افتتاح عمل میں آیا

CM Uddhav Thackeray with Governor - Pic : PTI
گورنر اور وزیراعلیٰ شہید افسروں کے اہل خانہ کے ساتھ۔(تصویر:پی ٹی آئی

ممبئی اور مہاراشٹر پولیس ہیڈ کواٹر میں جمعرات کو  ۱۱؍۲۶ کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یاددگار اور گیلری کا افتتاح عمل میں آیا۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سمیت دیگر وزراءنے اس تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پولیس کو مزید مستحکم بنانے کا پابند ہونے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے  مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔  اس موقع پر اے ٹی ایس کے چیف ہیمنت کرکرے کے علاوہ آفیسر اشوک کامٹے ، وجئے سالسکر ، تکارام  امبلے اور ششی کانت شندے کے اہل خانہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔
  دہشت گردانہ حملوں کی ۱۲؍ ویں برسی کے موقع پر حال ہی میں مرین ڈرائیو  پولیس جم خانہ پر میں ۱۶؍ پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ ایک این ایس جی کمانڈو کی یاد گار کو کرافورڈ مارکیٹ پر واقع ممبئی پولیس ہیڈ کواٹر میں منتقل کیا گیا تھا اور اسےنئی آب و تاب کے ساتھ ۱۲؍ ویں برسی کے موقع پر سجایا گیا جہاں وزیر اعلیٰ اور گورنر کے علاوہ ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر شہیدوں کے اہل خانہ ونیتا اشوک کامٹے، سمیتا وجئے سالسکر، تارا تکارام امبلے اور مانسی ششانک شندے نے بھی شہیدوں کو گلہائے عقیدت  پیش کئے تھے ۔
 مہاراشٹر پولیس ہیڈ کواٹر میں شہیدوں کی گیلری کا افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنے صدارتی خطبہ  میں کہا کہ ’’ ممبئی پولیس کے جانباز افسروں کی شہادت کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ ساتھ ہی ہم ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کو مزید مستحکم بنانے کے پابند ہیں اور اس بات کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہ دہشت گردوں کامقابلہ کرنے کے لئے پولیس کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔‘‘ انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس  وباء کے سبب حکومت مالی مسائل کا شکار ہے لیکن جلد ہی حکومت پولیس کی قوت بڑھانے کے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس موقع پر ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کی کورونا وائرس سے کئے گئے مقابلہ اور بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کورونا سے فوت ہونے والے جوانوں کو بھی یاد کیا گیا اور ’ ٹرو گریٹ ‘کے نام سے ایک کتاب کا اجراء کیا گیا ۔ 
 دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ ہمیں پولیس کو اتنا مضبوط اور مستحکم بنا دینا ہے کہ آئندہ پھر کوئی دہشت گرد ممبئی اور مہاراشٹر کی طرف آنکھ اٹھا کردیکھنے یا سوچنے کی ہمت نہ کر سکے ۔ پولیس کو اتنا مضبوط بنا دیا جائے گا کہ دہشت گرد کے داخل ہوتے ہی اسے ختم کر دیا جائے۔ ہم سابقہ دہشت گردانہ حملہ کےبعد مستحکم ہوگئے ہیں۔ ساتھ ہی ہمیں کورونا وائرس جیسے مہلک مرض سے محفوظ کرنے کے لئے پولیس کی صحت پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔‘‘ادھو ٹھاکرے نے ۲۶؍ نومبر ۲۰۰۸ء کو ہوئے دہشت گردانہ حملوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب حملہ ہوا تھا اس وقت وہ دھولیہ اور ناسک میں الیکشن ریلی کے لئے گئے تھے ۔   انہوںنے کہا کہ’’ حملہ کی اطلاع ملنے پر میں نے وجے سالسکر کو فون کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ابھی گھر پہنچے تھے لیکن اب پھر جائے واردات پر جارہے ہیں۔ اس درمیان میں نے دو سے تین بار انہیں کال کیا  اور وہ مجھے حالات سے باخبر رکھ رہے تھے لیکن اسکے بعد جب میں نے انہیں کئی کال کئے تو انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا اور جب میں ناسک پہنچا تو مجھے ان کی موت کی دل دہلانے والی اطلاع ملی تھی۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’ عوام کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ پولیس کن حالات میں کام کرتی ہے اور ہم ان کی وجہ سے چین کی نیند سوتے ہیں ۔‘‘ اس موقع پرپروگرام شریک  ہونے والے شہید پولیس افسران و اہلکاروں کے اہل خانہ نے کہا کہ ’’حملونن میں شہیدپولیس افسران اور اہلکاروں کی خدمات اوران کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔‘‘ ممبئی پولیس کمشنر نے پرم بیر سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK