Inquilab Logo

فائر بریگیڈ محکمہ میں ملازمت کیلئے پہنچنے والی لڑکیوں پر پولیس کا لاٹھی چارج

Updated: February 05, 2023, 10:17 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

انتظامیہ نے تاخیر سے پہنچنے کا الزام لگاتے ہوئےانہیں وہاں سے باہر نکالنے کی کوشش کی تو لڑکیوں نے احتجاج شروع کردیا، احتجاج پرکارروائی

The scene of lathi charge on girls coming for recruitment in fire brigade
فائر بریگیڈ میں بھرتی کیلئے آنے والی لڑکیوں پرلاٹھی چارج کا منظر

فائربریگیڈ محکمہ میں ملازمت کیلئے یہاںبنائےگئے سینٹرکےباہر کم و بیش  ۲؍ ہزار سے زائد جمع ہونے والی لڑکیوں پر پولیس  اہلکاروں نےاس وقت اچانک لاٹھی چارج کرکےمنتشر کردیاجب انھوں نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ پر الزام لگایا کہ ملازمت کیلئے آنے والی لڑکیاںجو ملازمت کیلئے شرائط پر پوری اتررہی تھیں، انھیں بھی کسی نہ کسی بہانے سے ملازمت دینے سے انکار کرتے ہوئے واپس کیا جارہا ہے  ۔ 
 دہیسر کے مغربی جانب آنجہانی گوپی ناتھ منڈےمیدان میں فائر بریگیڈ محکمہ میں ملازمت کیلئے۲؍ ہزار سے زائدلڑکیاںسنیچر کو صبح ۸؍بجے  جمع تھیں لیکن سینٹر کےباہر جمع ہونے والی لڑکیوں  کوگوپی ناتھ منڈے میدان میں داخلے سے یہ کہہ کر روک دیا گیا کہ وہ تاخیر سے آئی ہیں  ۔ جبکہ ان ہی لڑکیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ رات کو ۱۲؍بجے سے میدان کےباہر جمع ہوکر انٹرویو کی تیاری کررہی تھیں ۔فائر بریگیڈ محکمہ میں ملازمت کیلئے آنے والی  لڑکیوں کا کہنا ہےکہ  یہ الزام کہ ملازمت کیلئے آنےوالی  لڑکیاں سینٹر پر تاخیر سے پہنچی تھیں، سراسرغلط ہے ۔ البتہ کچھ لڑکیوں کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ  دیر سے آئی ہوں گی ۔ 
 سینٹر کے باہر جمع ہونے والی ایک لڑکی نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا  کہ ’’لڑکیوں کو ملازمت کیلئے  قد۱۶۲؍ سینٹی میٹر  ہونا لازمی ہےجبکہ میراقد۱۶۴؍سینٹی میٹر ہے۔ اس کےباوجود مجھے  جانچ کے دوران وہاں سے نکال دیاگیا۔‘‘اسی طرح ایک دوسری لڑکی نے الزام لگایا کہ میرا قد۱۶۳؍ سینٹی میٹر ہے لیکن جانچ کے دوران یہ کہہ کرسینٹر سے نکال دیا گیا کہ وزن شرائط میں بتائے گئے وزن سے زیادہ ہے ۔ 
 اس معاملے میںسینٹر پرموجود فائر بریگیڈ کے افسرسنجے مانجریکرنےکہا کہ سنیچر کو صبح  ۸؍ بجے  تک آنے والی  ۳؍ ہزار ۳۱۸؍ لڑکیوں کو سینٹر میں داخل کیا گیا ہے اوران کی میڈیکل اور فزیکل  جانچ چل رہی  ہے۔جانچ میں خامی پائی جانے والی لڑکیوں کو سینٹر سے واپس کیا جارہا  ہے ۔
 سنجے مانجریکر کا الزام ہے کہ کئی لڑکیاں زبردستی سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کررہی تھی۔گیٹ پر سیکوریٹی گارڈاور پولیس اہلکاروں کےساتھ دھکا مکی اور ملازمت کیلئے جوکارروائی چل رہی تھی، اس کو روکنے  اور اس میں اڑچن پیدا کرنےکیلئے سینٹر کے باہر نعرے بازی اور انتظامیہ پربے بنیاد الزامات عائد کررہی تھیں ۔
 انھوں نےمزید کہا کہ جو لڑکیاں  وقت پر ملازمت کیلئے نہیں پہنچ  سکتی ہیں وہ کیا کام کریں گی۔اس کے علاوہ یہ ملازمت ممبئی والوں کیلئے تھی جبکہ ملازمت کیلئے پورے مہاراشٹر سے لڑکیاں جمع ہوگئی تھیں۔ان کیلئے میرا مشورہ ہےکہ آنے والے دنوںمیںبھرتی کیلئےوہ  تیاری کریں اور اس میں بڑی تعداد میں لڑکیوں کو ملازمت دینے کی کوشش کی جائے گی ۔  اس ضمن میںنمائندہ نے ایم ایچ بی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹرسدھیر کڈالکر اور زون نمبر ۱۱؍ کے ڈی سی پی اجئے کمار بنسل سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK