Inquilab Logo

پولنگ مکمل، کانگریس پُرامید مگربی جےپی کو اقتدار میں واپسی کا یقین

Updated: December 06, 2022, 9:38 AM IST | Ahmedabad

دوسرے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہوتے ہی ایگزٹ پول کی باڑھ آگئی، گجرات کے ساتھ ہی ساتھ ہماچل میں بھی بی جےپی کی واپسی کی پیش گوئی، جے رام رمیش نے ۸؍ دسمبرکو نتائج کے اعلان تک انتظار کرلینے کی صلاح دی، ووٹنگ کے دوران وزیراعظم کے روڈ شو پر کانگریس برہم، کمیشن سے شکایت

When Prime Minister Narendra Modi went to vote, he went with Lao Lashkar, which is believed to be a road show. Congress has objected to it
وزیراعظم نریندر مودی جب ووٹ ڈا لنے گئے تو لاؤ لشکر کے ساتھ گئے جس پر روڈ شو کا گمان ہوتاہے۔ کانگریس نے اس پر اعتراض کیا ہے

 پیر کو گجرات اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلے  ۹۳؍ اسمبلی حلقوں میں  ۵۹؍ فیصد رائے دہندگان   نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ۲۰۱۷ء میں  ان ہی اسمبلی حلقوں  میں  ۷۰؍ فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی تھی ۔  الیکشن کمیشن  کی جانب سے حتمی اعدادوشمار ظاہر کئے جانے کے وقت پولنگ فیصد میں اضافہ متوقع ہے کیوں کہ  ۵؍ بجے کے بعد بھی کئی پولنگ بوتھوں میں ووٹروں کی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔  پولنگ مکمل ہوتے ہی نیوز چینلوں اور ویب سائٹس پر ایگزٹ پولس کی باڑھ آگئی ۔ بی جےپی کو گجرات میں  واضح  اکثریت  ملنے کا دعویٰ کیاگیاہے جبکہ ہماچل پردیش میں حکومت مخالف لہر کے باوجود کانگریس سے کڑی ٹکڑ کے بعد اقتدار بچانے میں کامیابی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 
ووٹنگ فیصد میں کمی سے کس کو نقصان
  گجرات میں  پہلے مرحلے میں  ۶۳ء۳۱؍  فیصد   اور دوسر ے مرحلے میں پیر کو ۵۹ء۱۱؍ فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں  پولنگ فیصد دیر رات تک ۶۴؍ سے ۶۵؍ فیصد تک ہوسکتا ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو گجرات میں  دونوں  مرحلوں کی  مجموعی پولنگ ۶۴؍ فیصد تک پہنچے گی جو گزشتہ اسمبلی الیکشن کے مقابلے میں کم ہے۔ گزشتہ  الیکشن میں گجرات میں ۶۹ء۲؍ فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ ۲۰۱۷ء کے مقابلے میں پولنگ فیصد میں  ہونے والی ۵؍ فیصد گراوٹ سے کس کو نقصان ہوگا، یہ موضوع ِ بحث ہے۔ گزشتہ ۳؍ اسمبلی حلقوں میں  ووٹنگ فیصد میں کمی کا نقصان بی جےپی کو  ہی اٹھانا پڑا ہے جبکہ کانگریس کو فائدہ ہوا ہے۔ 
 دونوں طرف سے فتح کے دعوے
  پولنگ مکمل ہوتے ہی نیوز چینلوں پر  جاری کئے گئے ایگزٹ پول میں بی جےپی کو ۱۱۷؍ تا۱۵۱؍ سیٹوں پر کامیابی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اگر یہ صحیح ثابت ہوتا ہے تو ۱۸۲؍ رکنی گجرات اسمبلی میں   بی جےپی  واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ دوسری جانب کانگریس  نے ایگزٹ پول کے نتائج سے متاثر ہوئے بغیر اپنی فتح کی امید ظاہر کی ہے۔ ایگزٹ  پول کے نتائج پر کانگریس  کے ترجمان جے رام رمیش نے  ۸؍ دسمبر کو نتائج کے اعلا ن کا انتظار کرلینے کا مشورہ دیا۔  اس بیچ گجرات کانگریس کے لیڈر بھرت سنگھ سولنکی نے دعویٰ کیا کہ ’’پہلے مرحلے میں کانگریس کو سوراشٹر اور جنوبی گجرات میں بھر پور حمایت ملی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آنے والے ۸؍ دسمبر کے بعد ہم گجرات میں حکومت بنائیں گے۔‘‘ 
مودی کےروڈ شو پر کانگریس برہم
 پیر کو وزیراعظم نریندر مودی جب اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پولنگ بوتھ پہنچے تو پورے لاؤ لشکر کے ساتھ اپنے حامیوں کو ہاتھ دکھاتے ہوئے گئے۔  کانگریس نے الزام لگایا کہ ووٹ دینے کیلئے جاتے ہوئے وزیرعظم نے روڈ شو نکالا ہے جو انتخابی تشہیر کے مترادف ہے۔ پارٹی  نے اس کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔  شکایت میں کہاگیا ہے کہ مودی  بی  جے پی کا پرچم لئے ہوئے تھے اور انہوں نے زعفرانی شال اوڑھ رکھی تھی۔ وہ پولنگ بوتھ سے ۵۰۰؍ سے ۶۰۰؍ میٹر پہلے گاڑی سے اتر گئے اور روڈ شو کرتے ہوئے پولنگ بوتھ پہنچے۔ انہوں نے کمیشن سے اس پر کارروائی کی مانگ کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK