Inquilab Logo

ہم جنس پرستی گناہ ہے جس کی کبھی حمایت نہیں کی جا سکتی: پوپ فرانسس

Updated: March 17, 2021, 11:07 AM IST | Agency | Vatican City

پاپائے روم کے مطابق خدا کبھی اس طرح کے گناہ کو معاف نہیں کرتا، شادی کے بغیر عورت اورمرد کے درمیان رشتے کو بھی ناجائز قرار دیا

Pope Francis - Pic : INN
پوپ فرانسس ۔ تصویر : آئی این این

ویٹی کن سٹی کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستی بہت بڑا گناہ ہے جس کی وہ کبھی  حمایت نہیں کر سکتے۔ عیسائیوں کے مقدس ترین مقام ویٹی کن سٹی نے عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کیتھولک چرچ کبھی بھی نہ تو ہم جنس پرست افراد کے ساتھ رہنے کی اجازت دے سکتا اور نہ ہی اس کو قانونی تسلیم کرسکتا ہے کیوں کہ ہم جنس پرستی گناہ ہے جس کی کبھی حمایت نہیں کی جاسکتی، خدا کبھی بھی ایسے گناہ کو معاف نہیں کرسکتا۔
 ویٹی کن سٹی نے بیان میں مزید کہا  ہےکہ شادی کے بغیر کسی رشتے کو جس میں جنسی عمل شامل ہو کبھی بھی جائز تصور نہیں کیا جاسکتا، ہم جنس پرست افراد کے لئے انفرادی حیثیت میں یقینی طور پر دعا کی جاسکتی ہے اگر وہ چرچ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں تاہم ہم جنس پرست افراد کے ایک ساتھ رہنے کیلئے دعا کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کیتھولک چرچ ایسے عمل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ایک ایسا طرز زندگی جو خدا کے بتائے گئے اصولوں سے ہٹ کر ہو کسی صورت میں تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔
 واضح رہے کہ گزشتہ سال پوپ فرانسس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم جنس پرست افراد بھی  خدا کے بچے ہیں لہٰذا انہیں بھی خاندان میں ایک ساتھ رہنے کا حق حاصل ہے، انہیں خاندان سے باہر نہیں پھینکا نہیں چاہئے بلکہ ہمیں ان کے ساتھ رہنے کے لئے قانون بنانا ہوگا جس میں یہ قانونی طور پر ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔ اس وقت ان کے اس بیان پر کافی چہ میگوئیاں ہوئی تھیں کیونکہ کیتھولک چرچ کبھی اس طرح کی بے راہ روی کو برداشت نہیں کرتا۔ یاد رہے کہ یورپ میں اس طرح کی شادیاں اور رشتے عام ہیں اور ان کی مخالفت کرنے والوں کو دقیانوسی قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن پوپ فرانسس کی جانب سے وقتاً فوقتاً ان معاملات پر تبصرے آتے رہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK