Inquilab Logo

بیت المقدس میں کشیدگی پرپوپ کوتشویش

Updated: January 11, 2023, 11:55 AM IST | Vatican City

عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس مقام کو تختۂ مشق بنانے سے بچنے کا مشورہ دیا اور اسے قیام امن کا ذریعہ بنانے پر زور دیا۔ ان کے بقول: ’’یروشلم( بیت المقدس) کو تنازعات کا تھیٹر ہونے کے بجائے امن کا فورم ہونا چاہئے۔‘‘

A scene from Pope Francis` annual meeting with diplomats in Vatican City.
ویٹی کن سٹی میں سفارت کاروں سے پوپ فرانسس کی سالانہ ملاقات کا ایک منظر۔

عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس  نے مقبوضہ بیت المقدس   میں کشیدگی پر تشویش کااظہار کیا ۔  انہوں نے اس علاقے کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
 عرب نیوز نے فلسطینی  خبر رساں ایجنسی  وفا کے حوالے سے بتایا کہ پیر کو ویٹی کن سٹی میں سفارت کاروں سے سالانہ ملاقات میں پوپ فرانسس نے  بیت المقدس میں  بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ پوپ نے   اس مقام تختۂ مشق بنانے سے  بچنے کا مشورہ دیا اور اسے قیام  امن کا ذریعہ بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا،’’ یروشلم( بیت المقدس) کا تعلق تین مذاہب سے ہے جن میں اسلام، یہودیت اور عیسائیت شامل ہیں، لہٰذا اس (یروشلم) کو تنازعات کا تھیٹر ہونے کے بجائے امن کا فورم ہونا چاہئے۔‘‘
 انہوں نے امید ظاہر کی ،’’  آئندہ فلسطین اور اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق براہ راست مذاکرات کو بحال کریں گے۔‘‘
 ویٹی کن سٹی کیلئے فلسطین کے سفیر عیسٰی قسیسیہ نے پوپ فرانسس کو صدر محمد عباس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور ان پر زور دیا کہ وہ  بیت المقدس  میں انصاف، امن اور فلسطینی عوام کے خود مختاری کیلئے دعا کریں۔
   اس سے پہلے پوپ نے کرسمس کے اپنے خصوصی خطاب میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات  بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے ، کیونکہ  موجودہ دور میں دنیا امن کیلئے ترس رہی ہے ۔ واضح رہےکہ  اس سے پہلے بھی پوپ فرانسس  فلسطین اور اسرائیل کے درمیان  قیام امن کیلئے بیانات دیتےرہےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK