Inquilab Logo

عید الاضحی کی تیاریاں آخری مرحلے میں

Updated: July 20, 2021, 11:39 AM IST | Inquilab News Network/MOhammad Atif | Gorakhpur/Azamgarh

گورکھپور : متعدد مقامات پر بکروں کا بازار سج چکا ہے ، کووڈ پروٹوکول کے ساتھ عید گا ہ اور مساجد میں نمازدو گانہ ادا کی جائے گی اعظم گڑھ :  دیہی علاقوں میں بکروں کی خریداری تقریبا ًمکمل ہوچکی ہے ،شہری علاقوں میں بکرے تلاش کئے جارہے ہیں

Azamgarh: Sacrificial goats are grazing in Manjir Patti village. Photo: Revolution .Picture:Inquilab
اعظم گڑھ : منجیر پٹی گاؤں میں قربانی کےبکرے چر رہےہیں۔ تصویر : انقلاب

  اتر پر دیش کے ضلع گورکھپور اور اعظم گڑھ میں عیدالاضحی کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔  بدھ کو ملک بھر میں عید الاضحی کا تہوار منایا جائے گا۔اس کے پیش نظر بکروں کی منڈیا ں بھی سج چکی ہیں۔ شہری کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی بکروں کی خریدو فروخت ہورہی ہے ۔  گورکھپور شہر میں قر بانی کے بکروں کا بازار سج چکا ہے۔ اردو بازار، جعفرابازار،خونی پور، الٰہی باغ، رسول پور اوروزیر آباد میںبکرا خریدنے کیلئے لوگ پہنچ رہے ہیں۔ بازار میں ۹؍ہزار سے لے کر۴۵؍ ہزار روپے تک کے بکرے موجود ہیں۔اللہ کی راہ میں قربانی کے لئے بکروں کی خریداری جاری ہے لیکن مہنگائی کی وجہ سے بکروں کی قیمتیں اب بھی عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہیں۔ بازار میں۹؍ ہزار روپے سے کم میں بکرا نہیں مل رہاہے ، جبکہ پچھلے سال  ۷؍ ہزار میں اچھا بکرا مل  جاتا  تھا۔  قربانی کے بکروں کیلئے الٰہی باغ(آغا مسجد کے قریب) میں لگنے والا بازار اہمیت کا حامل ہے۔ اگرچہ بازار میں مختلف رنگ و نسل کے بکرے موجود ہیں لیکن گبر نامی بکرا اب بھی موضوع بحث ہے۔ اندھیاری باغ کے سنجے بکرے کے ساتھ الٰہی باغ پہنچے تو اسے دیکھنے والوں کی بھیڑ لگ گئی۔ خاص طور پر قر بانی کیلئے گھر پر پالے گئے خریدے جارہےہیں۔ ان کےرنگ و نسل  کے ساتھ ان کی صحت بھی دیکھی جارہی ہے ۔ سنجے نے بتایا کہ اس کے بکرے کا نام گبر ہے اور اسے بڑی دیکھ بھال کے ساتھ پالا گیا ہے۔ بکرے کی قیمت ۳۲؍ ہزار  روپے ہے ۔  جعفرا بازار کے حیات احمد نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے بازار میں باہر کے بکرے کم آئے ہیں۔اس کی وجہ سے بکرے زیادہ قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔    صو فی احاطہ کے اعجاز احمد نے بتایا کہ تاجر بکروں کی قیمت بہت زیادہ بتا رہے ہیں۔ پچھلے سال جس سائز کا بکرا۹؍ ہزار میں دستیاب تھا وہ اس بار ۱۳؍ ہزا ر روپے میں مل رہا ہے۔ 
   دوسری جانب کووڈ ۱۹؍ پروٹو کول کے ساتھ گورکھپور کی ضلع کی ۸؍ عیدگاہوں اور ۱۰۰؍سے زائد مسجدوں میں نماز دوگانہ ادا کی جائے گی۔ بارش کے امکانات کے پیش نظر مساجد میں نماز کیلئے خصوصی انتظامات کئے  گئے ہیں۔ 
  ادھر  اعظم گڑھ ضلع میں پیر کو عید کے دو  دن پہلے تک بکروں کی خرید و فروخت ہوتی رہی ، حالانکہ   دیہی علاقوں میں عید الاضحی سے ایک ہفتے پہلے ہی اکثریت نے بکرے خرید ے لئے  تھے لیکن شہری علاقوں  میں  اب بھی ایک بڑ ی تعداد بکرے تلاش کررہی ہے۔ 
  اعظم گڑھ کے دیہی علاقوں میں اس مرتبہ بربری نسل کے بکرے پسند کئے جارہےہیں۔ ضلع میں فی الحال  تاجروں کے ہاں اس نسل کے ۱۰؍ ہزار روپے سے ۵۰؍ ہزار روپے تک بکرے موجود  ہیں۔ اٹاوہ سے لائے جانے والے اس نسل کے بکروں کی ڈیما نڈ زیادہ ہے۔ تاجروں کے مطابق ضلع میں اٹاوہ ، سلطانپور ، مہرا ج گنج اور بہرائچ وغیرہ سے بکرے لائے گئے ہیں اور اُن کی بڑے پیمانےپر خرید وفروخت ہو رہی ہے ۔ پیر کو ضلع  کے مختلف علاقوں انباری،  دیدار گنج  ، پھولپور،  بلریا گنج ، سرائے میر ، نظام آباد ، لال گنج ، اعظم گڑھ شہر اور مبارکپور وغیرہ کے اطراف میں  لوگ بائیک ، رکشا ، کار اور  پیدل قربانی کے بکرے لے جاتےہوئے نظر آئے  ۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK