Inquilab Logo

بہار میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاری

Updated: June 29, 2021, 3:30 PM IST | Inquilab News Network | Patna

 ۶؍ جولائی کےبعدتعلیمی سلسلہ بحال کرنے کا ارادہ،پہلے مرحلے میں اعلی تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے ،دوسرے مرحلے میں۹ ؍ویں سے ۱۲؍ویں جماعت جبکہ تیسرے مرحلے میں پہلی سے۸؍ ویں جماعت تک کے طلبہ کی تعلیم کا آغاز ہو گا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

بہار میں کورونا کا زور کم ہونے کے بعد تعلیمی سلسلہ بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگر کورونا کی وباء  سے اسی طرح راحت ملتی رہی تو۶؍ جولائی کے بعد ریاست میں مرحلہ وار تعلیمی اداروں کو کھول دیا جائے گا۔ اسی دوران دور درشن پر بہار کے طلبہ کیلئے پڑھائی کا انتظام کیا گیا ہے۔ واضح رہےکہ ان دنوں کورونا کی وباء کی وجہ سے تمام  تعلیمی ادارے بند ہیں جس سے  طلبہ کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔ 
  بہار  کے وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے بتایا کہ اگر صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے تو ۶؍جولائی کے بعد ہی محکمہ تعلیم کی جانب سے بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری  اور پرائیویٹ اسکولوں کے ساتھ ساتھ کالجوں کو کھولنے کے لئے تاریخ طے کی جائے گی۔ فی الحال وباء کمی ہونے کے پیش نظر محکمہ تعلیم کی  جانب  سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
 وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے مزید کہا کہ تمام بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بچوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر تعلیمی ادارے نہیں کھولے جا سکتے۔۶؍ جولائی کے بعد پہلے مرحلے میں یونیورسٹیاں اور کالج کھولے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں (۹؍ویں سے ۱۲؍ویں جماعت)  جبکہ تیسرے مرحلے میں  پہلی سے۸؍ ویں جماعت تک طلبہ کیلئے تعلیم آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے دوسرے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی موجودگی سے متعلق ایک خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔ ایک دن میں صرف۵۰؍ فیصد طلبہ کلاس میں حاضر ہوں گے۔ باقی ۵۰؍ فیصد اگلے دن آئیں گے۔ تمام اضلاع میں کووڈ پروٹوکول  پر عمل کیا  جائے گا۔
 وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام بچوں کی تعلیم پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ہم تعلیمی اداروں کو بھی کھولنا چاہتے ہیں کیونکہ کورونا کی وباء کے انفیکشن کی وجہ سے اسکولوں اور کالجوں  کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی ادارے مسلسل بند ہیں اور اس کی وجہ سے بچوں کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہوگیاہے۔ خاص طور پر چھوٹے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اسے بحال کرنا مشکل ہوتا ہے جبکہ اعلیٰ  جماعت کے طلبہ کی اپنی تعلیم کے بارے میں خود ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اساتذہ اور ہم جماعت کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ سیکھنے کے مقابلے میں بچے اسکولوں میں اپنی تعلیم کے ساتھ بہت کچھ سیکھتے ہیں۔
  ریاست کے سرکاری اسکولوں میں پہلی جماعت سے ۵؍ویں جماعت تک کے  طلبہ کی تعلیم دوردرشن بہار پرپیر سے سہ پہر۳؍ بجے سے شام۵؍ بجے تک شروع ہورہی ہے۔ محکمۂ تعلیم نے اس سلسلے میں اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن  صرف وہ بچے اس تعلیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے گھروں میں ٹی وی سیٹ ہیں۔محکمہ تعلیم ایڈیشنل چیف سیکریٹری سنجے کمار کے مطابق اسکولوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے ’میرا دوردرشن ، میرا اسکول‘پروگرام تیار کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK