Inquilab Logo

مہنگائی پر کانگریس کی مرکز کو گھیرنے کی تیاری، بڑی ریلی کاا علان

Updated: November 24, 2021, 9:46 AM IST | new Delhi

کانگریس ترجمان نے کہا کہ سبزیاں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ لوگوںکیلئے انہیں خریدنا مشکل ہو گیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہر گھر میں آلو، ٹماٹر اور پیاز پر دفعہ۱۴۴؍ نافذ ہے

Congress spokesperson Pawan Khera said that vegetable production was declining due to farmers not getting fair price.
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نےکہاکہ کسانوں کو مناسب قیمت نہ ملنے کی وجہ سے سبزیوں کی پیداوار کم ہو رہی ہے

:تینوں زرعی قوانین کے معاملے میں شکست کھانے والی مودی سرکار کو اب کانگریس نے مہنگائی کے موضوع پر گھیرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دسمبر میں ایک بڑی ریلی کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ سبزیاں اس قدرمہنگی ہو گئی ہیں کہ عام پہنچ سے باہر نکل گئی ہیں۔ اس حوالے سے کانگریس سربراہ سونیاگاندھی کی ایما پر جہاں ایک دن قبل پارٹی کے اہم لیڈروں نے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا، وہیں منگل کو پارٹی ہیڈ کوارٹرز پراس حوالے سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ٹماٹر،پیاز، آلو، بھنڈی جیسی عام سبزیاں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ لوگوں کیلئے انہیں خریدنا مشکل ہو گیا ہے، ان سبزیوں کودیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہر گھر میں آلو، ٹماٹر اور پیاز پر دفعہ۱۴۴؍ نافذ کر دی گئی ہے۔
  مہنگائی کے موضوع پرکانگریس سربراہ کی ایما پر پیر کو پنجاب، راجستھان، ہریانہ اور دہلی کے انچارج جنرل سیکریٹریوں  اور ریاستی صدورکی  ایک میٹنگ طلب کی گئی تھی جس میں زرعی قوانین کے خاتمے کے بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات  کے مدِ نظر حکمت عملی تیار کرنے کیلئےتبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔کانگریس صدر سونیا گاندھی کی ہدایت پر بلائی گئی اس میٹنگ کی صدارت پارٹی جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کی تھی ۔ میٹنگ  میں وینوگوپال کے علاوہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی ، پنجاب کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو، اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو، دہلی پردیش کانگریس کے صدر چودھری انیل کمار، دہلی کے جنرل سیکریٹری انچارج شکتی سنگھ گوہل، ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا، راجستھان کے انچارج جنرل سیکریٹری اجے ماکن، ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ دوٹاسرا اور کئی لیڈران موجود تھے۔یہ میٹنگ دہلی میں کانگریس کے وارروم میں ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق جب بھی کانگریس پارٹی کو کسی اہم موضوع پرکوئی حکمت عملی تیار کرنی ہوتی ہے تواس کیلئے وہ یہاں رکاب گنج روڈ پر واقع اپنے ’وار روم‘ کا رخ کرتی ہے۔
 میٹنگ کے بعد کانگریس کے ہریانہ انچارج وویک بنسل نے کہا کہ پارٹی دسمبر میں مہنگائی کے خلاف ایک جلسہ عام کرے گی۔فی الحال اس کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلی دہلی میں ہو گی۔ اسی طرح ریلی میں کن مسائل پر بات ہو گی؟ اور پارٹی کن کن مسائل کو عوام کے درمیان لے کر جائے گی؟ ان امور پر بھی اس میٹنگ میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ریلی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران منعقد کی جائے گی۔ کانگریس پارٹی تمام ریاستوں میں مہنگائی کے مسائل کو مسلسل اٹھا رہی ہے، یہ ریلی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ ریلی کا ایجنڈا کیا ہوگا؟ کانگریس پارٹی کی جانب سے کن کن مسائل کو اٹھایا جائے گا ، آج کی میٹنگ میں اس کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ کانگریس پارٹی پہلے ہی ملک گیر مہم چلا کر مہنگائی، بے روزگاری، جرائم، کسانوں سے جڑے تمام مسائل پر مرکزی حکومت کو گھیر رہی ہے۔
 منگل کو دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میںکانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ٹماٹر۱۲۰؍ روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں اور پیاز، آلو، بھنڈی جیسی عام سبزیاں اس قدر مہنگی ہوگئی ہیں کہ لوگوں کیلئے انہیں خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ ان سبزیوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہر گھر میں آلو، ٹماٹر اور پیاز پر دفعہ۱۴۴؍ نافذ کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سبزی سستی نہیں ہے اور اس کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے، اسلئے  لوگوں کو بہت کم مقدار میں سبزی خریدنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کسانوں کو مناسب قیمتیں نہیں مل رہی ہیں، اسلئے  ان کی پیداوار کم ہو رہی ہے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK