سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ، دورے سے قبل اعلیٰ افسران کی میٹنگ ، آج رامائن کانکلیو کا افتتاح کریں گے ۔ گورکھپور میںوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاستی گورنر آنندی بین پٹیل کی موجودگی میں گرو گورکھناتھ آیوش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا
EPAPER
Updated: August 29, 2021, 8:53 AM IST | Ayodhya
سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ، دورے سے قبل اعلیٰ افسران کی میٹنگ ، آج رامائن کانکلیو کا افتتاح کریں گے ۔ گورکھپور میںوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاستی گورنر آنندی بین پٹیل کی موجودگی میں گرو گورکھناتھ آیوش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند آج (اتوار کو) ایودھیا میں ’رام للا کا درشن کرنے کے بعد رامائن کانکلیو کا افتتاح کریں گے۔ اس کےپیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئےہیں۔ سنیچر کوصدر جمہوریہ نے گرو گورکھناتھ آیوش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ۔
ایودھیا دورے سے قبل سنیچر کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انج کمار جھا کی سربراہی میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں کانکلیو میں ایودھیا کی روایت پر خصوصی دھیان رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈی ایم نے بتایا کہ پروگرام میں صدر جمہوریہ شرکت کریں گے اور شام کے وقت ثقافتی پروگرام بھی ہوں گے۔۳۰؍اگست کو رام کتھا سماجی ہم آہنگی کے موضوع پر سمینار ہوگااور ثقافتی پروگرام ہوں گے۔
سینئر ایس پی شیلیش کمار پانڈے نے بتایا کہ اس پروگرام میں سیکوریٹی کے پختہ انتظاما ت کئے گئے ہیںاور کووڈ پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں چیف ڈیولپمنٹ افسر انیتا یادو، چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر اجے راجا، ایس پی سٹی وجئے پال سنگھ، اے ڈی ایم شہر ڈاکٹر ویبھو شرما، سی آر او پی ڈی گپتا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ادھرصدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے سنیچر کو بتایا کہ عالمی وباء کووڈ۹۱؍ کی دوسری لہر کو کنٹرول کرنے میں آیوش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ کووند نے گورکھپور ضلع کے بھٹہٹ بلاک کے پپری ترکلہا میں گرو گورکھناتھ آیوش یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے موقع پر کہا کہ قدیم زمانے ہی سے جسم کو صحت مند رکھنے کے کئی طریقے رواج میں تھے ،اسے اصطلاح طور سے آیوش کہتے ہیں۔کورونا کی دوسری لہر کو کنٹرول کرنے میں آیوش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وید کے زمانے سے ہمارے ہاں آروگیہ کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی رہی ہے۔ کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے جسم پہلا ذریعہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے آیوش کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار بھی مل رہا ہے۔ صدر جمہوریہ نے یہ کہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ گورکھناتھ کے نام پر آیوش یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے اور جلد ہی اس سے ملحق ہوکر یوپی میں آیوش کے تمام ادارے مزید بہتر کام کریں گے۔ کوونڈ نے کہا کہ عوامی صحت کے شعبے میں یوگا کی افادیت سے ہم سبھی اچھی طرح سے واقف ہیں۔ہندوستان کا یوگ اتنا ہی قدیم ہے جتنی یہاں کی تہذیب وثقافت۔یوگ کے شعبے میں گورکھناتھ کا کردار غیر معمولی ہے۔ گورکھناتھ جی کی زندگی بے حد سادہ تھی۔ ۔صدرجمہوریہ نے کہا کہ آیوروید قدیم طبی طریقہ ہے جس میں من جسم اور روح کے توازن پر پورا دھیان دیا جاتا ہے جبکہ فطری علاج ہمیںہر طرح کی بیماریوں سے پاک ہونے کی راہ دکھاتا ہے۔بابائے قوم مہاتما گاندھی فطری علاج کے قوی حامی تھی۔اس سے قبل کووند نے ویدک منتروں کے درمیان گروگورکھناتھ آیوش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا اور اسٹیج پر پہنچ کر فاؤنڈیشن اسٹون کی نقاب کشائی کی۔ بھومی پوجن میں صدر جمہوریہ کی بیوی اورخاتون اول سویتا کووند، گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر جمہوریہ کے دورے پر سیاست حاوی ہے ۔ ہدف ۲۰۲۲ء کا اسمبلی الیکشن ہے۔