Inquilab Logo

وزیراعظم مودی نے لاتور،ماڈھا اور عثمان آباد میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا

Updated: May 01, 2024, 8:27 AM IST | Agency | Osmanabad

کہا کہ ’’مہاراشٹر کے لوگ مودی حکومت کے۱۰ ؍سال اور کانگریس حکومت کے۱۰؍ سال کے فرق کو دیکھ رہے ہیں۔‘‘

Chief Minister Shinde, Deputy Chief Minister Farnavis and Ridgar on the occasion of welcoming the Prime Minister in Latur. Photo: INN
لاتور میں وزیراعظم کے استقبال کے موقع پر وزیراعلیٰ شندے،نائب وزیراعلیٰ فرنویس او ردیگر۔ تصویر : آئی این این

وزیراعظم مودی نے منگل کو مہاراشٹر میں لاتور،ماڈھا اور عثمان آباد میںانتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔اس دوران وزیراعظم نے اپنے ۱۰؍سالہ دور حکومت کی حصولیابیاں گنوائیں اور انڈیا اتحاد بالخصوص کانگریس پرشدید تنقید کی۔ رپورٹ کے مطابق لاتور میںعوامی جلسے میں  وزیراعظم مودی نے کہا کہ’’مودی آپ کی زندگی بدلنے کیلئے دن رات ایک کرکے کام میں مصروف ہے۔ ۲۰۱۴ء میں اور ۲۰۱۹ء  میں  عوام نے ہمیں اکثریت سے ووٹ دیا۔ جس کا استعمال ہم نے کسی سے کچھ چھیننے کیلئے نہیں بلکہ دینے کیلئے کیا۔ ہماری حکومت صحیح معنوں میں سماجی انصاف کو تقویت پہنچانے والی حکومت ہے۔‘‘ وزیراعظم نے  انڈیا اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’جو لوگ وزیراعظم بھی قسطوں میں بنانا چاہتے ہیں وہ بڑے اہداف کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ انہوں نے طے کرلیا ہے ایک سال ایک وزیراعظم دوسرے سال دوسرا وزیراعظم‘‘  عثمان آباد میں منعقدہ انتخابی جلسہ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ الیکشن ملک کےسوابھیمان کا الیکشن ہے، آپ نے ۱۰؍  سال پہلے کا وقت دیکھا ہے، آپ آج کا وقت بھی دیکھ رہے ہیں۔ جب کانگریس کی حکومت تھی، تب کسانوں کے حصے کی کھاد بھی لوٹ لی جاتی تھی۔ کسانوں کو یوریا کیلئے لاٹھیاں کھانی پڑتی تھیں۔ لیکن گزشتہ ۱۰؍ سال میں کسانوں کو ہم نے یوریا کی کمی نہیں آنے دی۔ پچھلے سال ہم نے کھاد پر کسانوں کو ۲ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کی سبسڈی دی ہے۔وزیراعظم نے کانگریس پر حملہ کیا اور کہا کہ ’’جن کے گھوٹالے میں نے روکے ہیں، وہ مودی سے غصہ ہوں گے یانہیں؟ وہ مودی کو گالیاں   دیں گے یا نہیں؟ آج کل یہ اسی کام میں لگے ہیں۔ ان کی حالت یہ ہے کہ جھوٹ نہیں چلتا ہے تو اے آئی کے ذریعے ہمارے چہروں کا استعمال کرکے ان کی محبت کی دکان میں  فیک ویڈیو بکنے لگے  ہیں، یہ فیک ویڈیو بنارہے ہیں۔ مودی کی آواز کو اور مودی کے بھاشن کا استعمال کرکے نئی نئی چیزیں  بناکر کانگریس دیوالیہ پن کا ثبوت دے رہی ہے، اسے ہار کا ڈر ستارہا ہے۔‘‘انہوں نے شرکاء سے سوال کیا کہ’’کیا ایک کمزور حکومت ایک مضبوط ملک بناسکتی ہے؟‘‘ وزیراعظم نے ماڈھا میں منعقد کی گئی ریلی سے خطاب میںکہا کہ’’مہاراشٹر کے لوگ مودی حکومت کے ۱۰ ؍سال اور کانگریس حکومت کے ۱۰؍ سال کے فرق کو دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس جو ۶۰؍سال میں نہیں کرپائی وہ کام ہم نے ۱۰؍ سال میں کرکے دکھایا ہے۔پچھلے ۶۰؍سال میں آپ نے کئی بار کانگریس کے کئی وزرائے اعظم اور لیڈروں کے منہ سے ایک ہی بات سنی ہوگی کہ غریبی ہٹائیں گے، لیکن غریبی ہٹائی نہیں اور آپکے آشیرواد سے ہم نے ۱۰؍ سال میں ملک کے ۲۵؍ کروڑ لوگوں کو غریبی کی سطح سے باہر نکالا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ مودی نے گیارنٹی دی ہے کہ ۳؍کروڑ بہنوں کو لکھ پتی دیدی بناؤں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK