Inquilab Logo

وزیراعظم مودی نے اپوزیشن کو پھر فرقہ وارانہ بنیاد پر نشانہ بنایا

Updated: May 05, 2024, 12:22 PM IST | Ihtsham-ul-Haq | Mumbai

دربھنگہ میں بی جےپی کی انتخابی ریلی میں کانگریس اور آرجے ڈی پر ایس سی ایس ٹی اور اوبی سی کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دینےکا الزام لگایا، راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کو شہزادے کہہ کر مخاطب کیا، کہا’’ ان کی حکومت بنے گی تو وراثت میں ملی جائیداد بھی لوگوں سے چھین لیں گے۔ ‘‘

LJP candidate from Samastipura Shambhvi Chaudhary taking blessings from Modi. Photo: PTI
سمستی پورسے ایل جے پی کی امیدوارشامبھوی چودھری مودی سے آشیرواد لیتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

 وزیر اعظم نریندر مودی نے متھلا یونیورسٹی احاطہ کے راج میدان میں سنیچر کی سہ پہر بی جے پی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران اپوزیشن کو ایک بار پر فرقہ وارانہ بنیادوں پر نشانہ بنایا۔ ان کے ۲۶ ؍منٹ کےخطاب میں ایک بار پھر مسلمان اور مندر جیسے معاملے چھائے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مودی زندہ ہے کسی کو ایس سی، ایس ٹی اور اوبی ریزرویشن سے کھلواڑ نہیں کرنے دیاجائے گا۔ انہوں نے ’انڈیا‘ اتحاد کو’ انڈی‘ کہہ کر پھر مخاطب کیا اور کہا’’ انڈی والے ان کا ریزرویشن مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں۔ ان کے ارادے کو بے نقاب کیاہے تو یہ بوکھلا گئے ہیں۔ ‘‘مودی نے کہا کہ’’ آئین میں اس پرکافی بحث کی گئی ہے کہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دیا جائے یا نہیں۔ بابا صاحب نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا۔ پنڈت نہرو نے بھی مذہب پر مبنی ریزرویشن کی مخالفت کی تھی۔ ‘‘
 وزیراعظم نے کہا ’’ ایس سی، ایس ٹی، اوبی سی کا کانگریس سے دل ٹوٹ گیا ہے۔ نہرو کے جذبات کے خلاف کانگریس ان کے حصے کا ریزرویشن مسلمانوں کو دینا چاہتی ہے۔ گزشتہ ۱۲؍ دنوں سے چیلنج کر رہا ہوں کہ انڈی گٹھ بندھن والے یہ لکھ کر دیں کہ وہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو نہیں دیں گے لیکن سبھی خاموش ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’شہزادہ‘ کے جواب میں’ شہنشاہ‘، پرینکا کی مودی پر شدید تنقید

وزیراعظم نے اس موقع پر آر جے ڈی کو نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ’’ بہار کو لالٹین کے دور میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ آر جے ڈی سماج کو بانٹنے اور ملک کے اتحاد کو توڑنے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے جو جوان سینے پر گولی کھاتے ہیں وہ پہلے ہندوستانی ہیں۔ آر جے ڈی والے فوجیوں کو بھی ہندو مسلمان کی شکل میں دیکھتے ہیں۔ آر جے ڈی پولر ائزیشن کی سیاست کر رہی ہے۔ یہ لوگ سرجیکل اسٹرائیک پر بھی سوال اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے گودھرا ٹرین حادثہ اور اس میں جل کر ہلاک ہونے والے کار سیوکوں اور کورونا کا بھی ذکر کیا۔ کورونا کے بارے میں کہا کہ اس مدت میں دلی اور مہاراشٹر کی حکومت نے بہار کے لوگوں کے ساتھ جو کیا اس کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ‘‘
وزیر اعظم نے لالو رابڑی حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’ بہار میں اغوا انڈسٹری کی حکومت چل رہی تھی۔ شام ہوتےہی بہو بیٹیاں باہر نکلنے سے ڈرتی تھیں۔ آج نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت ریاست میں ترقی کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ ‘‘ مودی نے کہا کہ دلی میں ایک شہزادہ ہے تو دوسرا بہار میں ہے۔ دلی کے شہزادے کہتے ہیں کہ دلی میں ان کی حکومت بنی تو وراثت پر ۵۵ فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ ماں باپ نے آپ کے لیے جو اثاثہ بنایا ہے وہ آپ کو نہیں ملے گا۔ ان کی حکومت بنی تو آپ سب سے یہ چھین لیا جائے گا۔ 
 وزیراعظم مودی نے رام مندر کا ذکر کرتے ہوئے لوگوں کو مندر بننے پر مبارکباد دی اور کہا’’ ۵۰۰؍ سال ہمارے پروجوں نے جدوجہد کی، قربانی دی۔ انہوں نے رام مندر کا کریڈٹ اپنے سر لیتے ہوئے کہا کہ ان کو پتہ تھا کہ کبھی نہ کبھی کوئی بیٹا ضرور پیدا ہوگا۔ پانچ سو سال کا انتظار پورا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتظار شری رام کو ہی نہیں تھا ماتا سیتا کو بھی تھا اور متھلا کو بھی تھا۔ ‘‘
 وزیراعظم نے اس موقع پر دربھنگہ سے گوپال جی ٹھاکر، مدھوبنی سے اشوک یادو، جھن جھار پور سے رام پریت منڈل اور سمستی پور سےشامبھوی چودھری کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ 
 انتخابی جلسے کے اسٹیج پروزیراعلیٰ نتیش کمار نظر نہیں آئے۔ البتہ بی جےپی کے ریاستی صدر اور نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری، مرکزی وزیر اشونی چوبے، جے ڈی یو لیڈر سنجے کمار جھا، ریاستی حکومت کے وزراء منگنی لال پانڈے، مدن سہنی، ہری سہنی، ایم ایل اے سنجے سراوگی، ونئے چودھری، مراری موہن جھا، جیویش مشرا، سورنا سنگھ، رام چندر پرساد، مشری لال یادو اور ایم ایل سی سنیل چودھری وغیرہ موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK