Inquilab Logo

’شہزادہ‘ کے جواب میں’ شہنشاہ‘، پرینکا کی مودی پر شدید تنقید

Updated: May 05, 2024, 8:29 AM IST | Agency | Ahmedabad

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا کے جارحانہ تیور ایم پی کے مورینا حلقے کے بعد گجرات کے بناس کانٹھا میں بھی دیکھنے کو ملے ۔ یہاں انہوں نے براہ راست وزیر اعظم مودی پر تنقید یں اور ان کی متعدد تنقیدوں کا جواب بھی دیا۔

Congress General Secretary Priyanka Gandhi. Photo: INN
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا  کے جارحانہ تیور ایم پی کے مورینا حلقے کے بعد گجرات کے بناس کانٹھا میں بھی دیکھنے کو ملے۔ یہاں انہوں  نے براہ راست وزیر اعظم مودی پر تنقید یں اور ان کی متعدد تنقیدوں کا جواب بھی دیا۔ جلسہ عام سے خطاب  کےدوران انہوں نے راہل گاندھی کو شہزادہ کہنے پر وزیر اعظم مودی کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مودی خود شہنشاہوں والی زندگی گزارتے ہیں۔پرینکا نے کہا کہ وہ میرے بھائی کو شہزادہ بولتے ہیں لیکن میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ شہزادہ ۴؍ ہزار  کلومیٹر سے زیادہ پیدل چلتا ہے۔ کنیا کماری سے کشمیر تک آپ کے مسائل سننے کے لئے پیدل سفرکرتا ہے۔ میرے بھائیوں،بہنوں، کسانوں، مزدوروں سے ملا اور  سب سے پیار سے پوچھا کہ آپ کو کیا مشکلات ہیں، زندگی کے مسائل کیا ہیں اور انہیں ہم کس طرح حل کر سکتےہیں۔
 پرینکا نے مزید کہا کہ اور ایک طرف آپ کے شہنشاہ نریندر مودی ہیں۔ محلوں میں رہتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی ٹی وی پر ان کا چہرہ دیکھا ہے؟ بہت صاف ستھرا سفید کرتا، جس میں دھول  یا مٹی کا  ایک بھی داغ نہیں۔  ان کا ایک بال بھی ادھر کا ادھر نہیںہوتا  ہے۔ وہ آپ کی مزدوری، آپ کی کھیتی کو کیسے سمجھیں گے؟ آپ جس دلدل میں ہیں اسے نکالنے کا انتظام کیسے کریں گے؟ آپ مہنگائی سے پریشان ہیں۔مٹی کا تیل کتنے کا ہے؟ میری بہنیں سبزی لینے جاتی ہیں، بازار کا کیا حال ہے ؟ یہ سب باتیں مودی جی کیسے جانیں گے وہ تو محلوں میں رہتے ہیں اور کبھی سڑک پر نظر بھی نہیں آتے۔

یہ بھی پڑھئے: بی جے پی کی حمایت کرنے کا صلہ، شکر کارخانے پر لگی سیل کھو دی گئی

مہنگائی کے معاملے پرمزید تنقید کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ میرے کسان بھائیو، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کیا ہے؟ آپ کیسے گزارا کر رہے ہیں؟ ہر زرعی سامان  پر جی ایس ٹی ہے۔ ہر شئے مہنگی ہو گئی ہے۔ میری بہنوں کوئی تہوار ہو تو کچھ خریدنا پڑتا ہے، بچوں کیلئے نئے کپڑے،  اسکول کیلئےیونیفارم ، فیس دینی پڑتی ہے، کوئی بیمار ہو جاتا ہے اور اگر  علاج کرانا ہو تو کیا حالت ہوتی ہے آپ کی؟ یہ بات میرا بھائی راہل گاندھی تو جانتا ہے اور جان سکتا ہے لیکن نریندر مودی یہ نہیں جان سکتے ۔ ان کی آنکھوں پر کارپوریٹ کاپردہ پڑا ہوا ہے۔
  کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ آئین کو تبدیل کرنے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ آپ کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں۔ پی ایم مودی نے ۱۰؍سال میں لوگوں کے حقوق کو کم کرنے کا کام کیا ہے۔ پہلے پی ایم گاؤں گاؤں جا کر لوگوں کے مسائل سنتے تھے۔ گجرات نے پی ایم مودی کو سب کچھ دیا، اقتدار دیا۔ لیکن اب آپ دیکھیں، وہ  صرف  امیروں کیساتھ نظر آتے ہیں، کسانوں یا غریبوں میں کبھی نظر نہیں آئیں گے۔ اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں بھی وہ کسی غریب کے گھر کبھی نہیں گئے۔
  پرینکا نے کسان تحریک بھی یاد دلائی اور بتایا کہ ہزاروں کسان وزیر اعظم کے گھر سے صرف ۴؍کلومیٹر دور احتجاج کرتے ہیں لیکن  وہ ان سے ملنے نہیں جاتے ہیں۔ جب انہیں پتہ چلتا ہے کہ الیکشن آ رہے ہیں اور انہیں ووٹ نہیں مل رہے ہیں تو وہ قانون بدل دیتے ہیں۔  پرینکا نے راہل گاندھی کے امیٹھی سے نہ لڑنے پر بی جے پی کی تنقیدوں کا بھی جواب دیا اور کہا کہ جب بی جے پی لیڈروں نے راہل گاندھی کے امیٹھی کے بجائے رائے بریلی سے الیکشن لڑنے کو ایشو بنایاتو کسی نے یہ کیوں نہیں پوچھا کہ  `پی ایم مودی گجرات سے الیکشن کیوں نہیں لڑ رہے ہیں؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK