دیگر اسٹیشنوں کے مقابلے ان اسٹیشنوں میں داخل ہونےکے بعد مسافر وں کوخوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ ریلوے انتظامیہ کا دعویٰ۔
EPAPER
Updated: May 23, 2025, 5:22 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
دیگر اسٹیشنوں کے مقابلے ان اسٹیشنوں میں داخل ہونےکے بعد مسافر وں کوخوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ ریلوے انتظامیہ کا دعویٰ۔
امرت بھارت اسٹیشنوں میں شامل وڈالاروڈ، چنچپوکلی، ماٹونگا اور پریل میں دیگر اسٹیشنوں کےمقابلے کئی سہولتیں فراہم کرائی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جمعرات کو ا ن اسٹیشنوں کا بھی افتتاح کیا۔ ان اسٹیشنوں کوکافی خوبصورت اور صاف ستھرا بنایا گیا ہے۔
دراصل امرت بھارت کے تحت پورے ملک میں ۱۳۰۰؍ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین اور تجدید کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مسافروں کو بہتر سہولت مہیا کرانے کے ساتھ صاف ستھرا ماحول فراہم کرانا بھی شامل تھا۔ اس کے تحت ۱۰۳؍ اسٹیشنوں کا کام پورا ہوگیا ہے۔ ممبئی میں سینٹرل ریلوے کے ۴؍ اسٹیشن وڈالا ، چنچپوکلی، پریل اور ماٹونگا بھی شامل ہیں۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹر سوپنل نیلا کے مطابق وزیراعظم نےان اسٹیشنوں کی تزئین کیلئے ۶؍اگست ۲۰۲۳ء اور ۲۶؍فروری ۲۰۲۴ء کو دو مراحل میں سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ ان اسٹیشنوں کا کام وقت سے پہلے پورا کرلیا گیا۔
امرت بھارت اسٹیشنوں میں شامل چنچپوکلی ریلوے اسٹیشن پر روزانہ تقریباً ۳۶؍ ہزار ۶۹۶؍ مسافر سفر کرتے ہیں۔ اسٹیشن کی تجدید پر ۱۱؍ کروڑ ۸۱؍ لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ اس میں پلیٹ فارم کاکام، فلورنگ، پینے کا پانی، مسافروں کے بیٹھنے کا بہترنظم، باؤنڈری وال پرورٹیکل گارڈن، فٹ اوور بریج کے داخلی دروازے پرٹینسائل فیبرک کی چھت بنائی گئی، فٹ اووربریج کی دیوار کی مرمت کی گئی، ممبئی کی سمت فٹ اووربریج کی سیڑھیاں بڑھائی گئیں اور کمپاؤنڈ وال کی ورٹیکل تھری ڈی پینٹنگ کی گئی۔
اسی طرح پریل اسٹیشن کی تزئین پر ۱۹؍ کروڑ ۴۱؍لاکھ روپے کا صرفہ آیا۔ وڈالا روڈ اسٹیشن کی تزئین پر ۳۲؍ کروڑ ۲؍ لاکھ روپے کا صرفہ آیا اور ماٹونگا اسٹیشن پرالگ الگ کاموں پر۱۷؍ کروڑ۲۸؍ لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔
چنچوکلی کی طرح مذکورہ تینوں اسٹیشنوں پربھی مسافروں کی سہولت بڑھانے اورخوبصورتی پر توجہ دی گئی ہے تاکہ مسافر اسٹیشن میں داخل ہونے کے بعد صاف ستھرا اورخوشگوار ماحول محسوس کریں ۔
وزیراعظم کے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کے موقع پرسینٹرل ریلوے کے اسٹیشن پر ریاست مہاراشٹر کےگورنر سی پی رادھا کرشنن، وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس، جنرل منیجر مینا اور دیگر افسرا ن موجود تھے جبکہ وڈالا روڈ میں عوام الناس نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔