Inquilab Logo

شہزادی کیتھرین میڈلٹن کینسرمیں مبتلا، خود ویڈیو پیغام جاری کرکےاطلاع دی

Updated: March 24, 2024, 12:34 PM IST | Agency | London

پرنسز آف ویلز نےعوامی زندگی سے اپنی غیر موجودگی سےمتعلق تمام قیاس آرائیاں ختم کردیں، پیٹ کے آپریشن کےبعد کینسر کی تشخیص ہوئی، کیموتھیراپی کروارہی ہیں، عوام سے کہا کہ ’’کچھ وقت اور پرائیویسی چاہئے۔‘‘

Image taken from Kate Middleton`s video in which she reported being diagnosed with cancer. Photo: INN
کیٹ مڈلٹن کے اُس ویڈیو سے لی گئی تصویر جس میں  انہوں نے کینسر سے متاثر ہونے کی اطلاع دی ہے۔ تصویر : آئی این این

برطانوی شہزادی’پرنسز آف ویلز‘کیتھرین میڈلٹن نےان کی صحت کے تعلق سے جاری چہ میگوئیوں اور قیاس آرائیوں  کو ختم کرتے ہوئے جمعہ کو انکشاف کیا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں اور مرض کی تشخیص کے بعد علاج کے ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہیں۔ ایک ویڈیو بیان میں جو بدھ کو ریکارڈ کیاگیاتھا، شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ مشکل ترین مہینوں کے بعد اس مرض کی تشخیص ’بڑا جھٹکا‘ تھا۔ کیٹ میڈلٹن تاہم مثبت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں ٹھیک ہوں اور روز بروز مضبوط ہو رہی ہوں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: پرنس ولیم اور ہیری کا ایک ایوارڈ تقریب میں شہزادی ڈائنا کو خراج

شہزادی کے مطابق’’جنوری میں  لندن میں  میرے پیٹ کا بڑا آپریشن ہوا، اس وقت تک یہی سمجھا جارہاتھا کہ مجھے کینسر نہیں  ہے۔ آپریشن کامیاب رہا مگر آپریشن کے بعد ہونےو الی جانچ سے پتہ چلا کہ کینسر موجود تھا۔ اس کے بعد میری طبی ٹیم نے مجھے کیمو تھیراپی کا مشورہ دیا، ان دنوں   میں  اسی سے گزر رہی ہوں۔ ‘‘ برطانوی شاہی خاندان نے شہزادی کیتھرین میڈلٹن جو کیٹ مڈلٹن بھی کہلاتی ہیں، کو لاحق کینسر کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ ویڈیو پیغام میں شہزادی نے کینسر کے دیگر متاثرین کی بھی ہمت بندھاتے ہوئے کہاکہ ’’جو بھی کسی بیماری کا سامنا کر رہا ہے، وہ امید اور یقین کو نہ چھوڑے۔ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ ‘‘ شہزادی کیتھرین نے ان کی بیماری کے تعلق سے جاری چہ میگوئیوں  کے تعلق سے کہا کہ ’’ولیم اور میں اپنے خاندان کی خاطر اس سارے معاملے کو نجی طور پر سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘‘ اپنے بچوں کے حوالے سے انہوں  نے کہا کہ ’’بیماری کی تشخیص ایک بہت بڑا جھٹکا تھا۔ آپ سمجھ سکتے ہیں  کہ اس سے ابھرنے میں  وقت لگتا ہے مگر اس سے بھی زیادہ اہم ہمارے لئے جارج، شارلٹ اور لوئس کو اس بیماری کے تعلق سے مناسب انداز میں بتانا اور انہیں  یہ یقین دلاناتھا کہ میں ٹھیک ہو جاؤں گی۔ ‘‘ شہزادہ جارج ۱۰؍ سال، شہزادی شارلیٹ ۸؍ سال اور شہزادہ لوئس ۵؍ سال کا ہے۔ شہزادی نے کہا کہ’ ’فیملی کو اب کچھ وقت اور پرائیویسی کی ضرورت ہے۔ ‘سمجھا جا رہاہے کہ وہ اور شہزادہ ولیم ایسٹر کے موقع پر شاہی خاندان کے ساتھ نظر نہیں آئیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK