• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں آج پرینکا گاندھی اور کل راہل گاندھی کی ریلی

Updated: October 27, 2025, 10:39 PM IST | Patna

ساتھ میں تیجسوی بھی ہوں گے، آج ہی مہاگٹھ بندھن کاانتخابی منشور بھی جاری ہوگا، جس میں پہلی میٹنگ میں۱۰؍ لاکھ ملازمتوں کا دعویٰ کیاگیا ہے

Congress leaders Rahul Gandhi and Priyanka Gandhi (File photo)
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی (فائل فوٹو)

 بہار میں انتخابی سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہوتی جارہی ہیں۔ سیٹوں کی تقسیم ہوجانے کےبعد عظیم اتحاد نےاب اپنا پورا زور انتخابی میٹنگوں پر لگانا شروع کردیا ہے۔ بہار کے بڑے تہوار ’چھٹھ‘ کے ختم ہوتے ہی اس میں مزید تیزی کے اشارے مل رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق منگل کو جہاں مہاگٹھ بندھن نے انتخابی منشور جاری کرنے کااعلان کیا ہے، وہیں منگل ہی کو پرینکا گاندھی کی پہلی ریلی بھی ہونے جارہی ہے۔ اس کے بعد دوسرے دن راہل گاندھی بہار پہنچ رہے ہیں جہاں تیجسوی یادو کے ساتھ ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے۔ ان دونوں ریلیوں کی وجہ سے مہاگٹھ بندھن میں شامل جماعتوں کے بالخصوص کانگریس کے کارکنان پرجوش ہیں۔  
 پرینکا گاندھی منگل کو بیگوسرائے سے اپنی مہم کا آغاز کر رہی ہیں۔ وہ  وہاں  بچھواڑہ میں ایک ریلی منعقد کریں گی۔ ذائع کے مطابق  ۲۰۲۵ء کے بہار اسمبلی انتخابات کیلئے عظیم اتحاد کا انتخابی منشور تیار ہے۔ اسے منگل کو شام۴؍ بجے پٹنہ میں جاری کیا جائے گا۔ اس موقع پر مہاگٹھ بندھن کے اہم لیڈران موجود رہیں گے البتہ راہل گاندھی اُس وقت وہاں نہیں ہوں گے۔
  پرینکا گاندھی کی ریلی کے بعد دوسرے دن  لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی ریلی ہوگی۔ ان کی پہلی انتخابی مہم۲۹؍ اکتوبر کو مظفر پور ضلع کے سکرا اسمبلی حلقہ سے شروع ہوگی۔  بہار کانگریس کے میڈیا انچارج راجیش راٹھور نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بہار اسمبلی انتخابات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا یہ پہلا انتخابی دورہ ہے۔ وہ سکرا (محفوظ) اسمبلی امیدوار امیش رام کی حمایت میں اپنے پہلے جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جس کے بعد وہ دربھنگہ میں آر جے ڈی اور مہاگٹھ بندھن  کے امیدواروں کی حمایت میں مختلف جلسوں سے خطاب کریں  گے۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو بھی اس مہم کے دوران ان کے ساتھ اسٹیج شیئر کریں گے اور مشترکہ طور پر جلسوں سے خطاب کریں گے۔
 قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل  راہل گاندھی نے بہار میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں مسلسل ۱۶؍دنوں تک حصہ لیا تھا اور ریاست کے مختلف علاقوں میں تقریباً ۱۳۰۰؍ کلومیٹر کا سفر کیا تھا۔
 مہاگٹھ بندھن کے انتخابی منشور میںتیجسوی یادو نے ایک بڑا وعدہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے حکومت بننے کے بعد پہلی ہی کابینی میٹنگ میں۱۰؍ لاکھ مستقل سرکاری نوکریاں دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ جو کہتے ہیں، وہ کرتے ہیں۔ اس سے قبل بھی جب وہ نتیش کمار کی حکومت میں شامل تھے، اُس وقت بھی انہوں نے ملازمتوں سے متعلق اپنا وعدہ پورا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک  جملے باز پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی کی عمر کچی ہے زبان پکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلئے میں اپنی زبان کی قدر کرتا ہوں۔ اب یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ اپنے خاندان میں کسی ایک فرد کی سرکاری نوکری چاہتے ہیں یا صرف ۱۰؍ ہزار روپے میں خوش ہیں۔
 بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  یہ ایک جملے باز پارٹی ہےجو صرف فسادات اور تشدد کو ہوا دینا جانتی ہے۔ یہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑنے پر اکساتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نتیش کمار کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کو اگر کسی نے زمین دینے اور اسےپروان چڑھانے  کا کام کیا ہے، تو وہ نتیش کمار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK