جے ڈی یو کے کارکنوں میں جشن، کارگزارقومی صدر سنجے جھانے رکنیت دلائی، نتیش کمار غیر حاضررہے۔
EPAPER
Updated: March 09, 2026, 10:15 AM IST | Javed AKhtar | Patna
جے ڈی یو کے کارکنوں میں جشن، کارگزارقومی صدر سنجے جھانے رکنیت دلائی، نتیش کمار غیر حاضررہے۔
دو دہائیوں تک بہار کے وزیر اعلیٰ رہنے والے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار اتوار کو جنتا دل (یونائیٹڈ) میں شامل ہو گئے۔ پٹنہ کے ریاستی دفتر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں نشانت کمار جے ڈی یو میں شامل ہوئے۔ سنجے جھا نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر للن سنگھ، ریاستی وزیر وجے کمار چودھری، پارٹی کےریاستی صدر امیش کشواہا، بہار حکومت میں وزیر شرون کمار، وجے کمار چودھری، زماں خان اور لیسی سنگھ بھی موجود تھے حالانکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار وہاں موجود نہیں تھے۔
نشانت کمار کے سیاسی سفر کے آغاز کےاس موقع پرجے ڈی یو کارکنان ہاتھی، گھوڑے اور اونٹ کے علاوہ ڈھول نگاڑے کے ساتھ پارٹی دفتر پہنچے تھے، جس سے وہاں جشن کاماحول تھا۔ پارٹی کارکنوں نے نشانت کمار اور نتیش کمار کی حمایت میں خوب نعرے بازی کی۔ نشانت کمار نے اس کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد نشانت کمار نے کہا کہ میں ایک فعال رکن کے طور پر پارٹی کی خدمت کروں گا۔ میرے والد کا راجیہ سبھا کے لیے انتخاب لڑنے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ میں ان کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ ہم سب نتیش کمار کی رہنمائی میں کام کریں گے۔ میں آپ کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ پارٹی نے مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیاہے میں اس پرکھرا اترنےکی کوشش کروں گااور پارٹی کارکن کے طورپر پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے کی کوشش کروں گا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ۲۰؍سال میں ریاست کی ترقی کیلئے جو کچھ کیا اسے عوام تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔ میرے والدنے ۲۰؍سال میں جو بھی کام کیا ہے وہ سب کو یاد رہے گا۔ مجھے اس پر فخرہے۔
یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں: رسوئی گیس کے ذخیرہ کے خاتمے کی افواہ، قیمت میں اضافہ
نشانت کمار کے سرگرم سیاست میں شامل ہونے کے بعد انہیں پارٹی اور حکومت میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔ جے ڈی یو کےلیڈروں نے انہیں ریاست کا نائب وزیراعلیٰ بنائے جانے کا مطالبہ بھی کیاہے۔ جے ڈی یو کے رکن اسمبلی ہری نارائن سنگھ نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ پر قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں نتیش کمار کے بعد ریاست میں بننےوالی نئی حکومت میں نشانت کمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانےپر اتفاق رائے سےفیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نشانت اگلے مہینے بہار قانون ساز کونسل کیلئے منتخب ہوں گے۔ نتیش کےقریبی مانےجانےوالے بہار حکومت میں محکمہ دیہی ترقیات کےوزیر شرون کمار نےکہا کہ گزشتہ دو سال سے نشانت کو سیاست میں لانے کا مطالبہ کیاجارہاتھا۔ ریاست کی نئی نسل کا یہ مطالبہ تھا کہ نشانت کوسیاست میں لائیں۔ اب ریاست کےسبھی طبقات کی حمایت انہیں حاصل ہوگی۔