ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی کے مطابق اب سے ہر ہفتے میونسپل ڈاکٹر اسپتال کا جائزہ لیں گے۔
EPAPER
Updated: September 19, 2025, 6:49 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی کے مطابق اب سے ہر ہفتے میونسپل ڈاکٹر اسپتال کا جائزہ لیں گے۔
ممبرا کے ایم ایم ویلی علاقے میں جاری مجاہد آزادی حکیم اجمل خان میونسپل اسپتال میں مریضوں کو کون کون سے مسائل درپیش ہیں اور علاج کی کن سہولتوں کا فقدان ہے؟اس بارے میں این سی پی ( شرد) کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کےصدر شمیم خان اور سابق کارپوریٹر اور مقامی لیڈرو ں نے کچھ روز قبل تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ سے ملاقات کی تھی۔ اسی ملاقات کے بعد میونسپل کمشنر کی ہدایت پرایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی، میونسپل ہیلتھ آفیسر اور کلوا میونسپل اسپتال کےسپرنٹنڈنٹ نے گزشتہ دنوں ممبرا میونسپل اسپتال کادورہ کیا ۔ اس دوران افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ماہر ڈاکٹروں کی تعداد کم ہونےسے یہاں مریضوں کو علاج میں پریشانی ہوتی ہے اس لئے ان ڈاکٹروں کی تعداد میں میں اضافہ کیاجائے گا نیز سونو گرافی اور سرجری کی سہولتیں بھی بڑھائی جائیں گی۔ اس دورے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی نے یہ بھی یقین دلایاکہ اب سے ہر ہفتہ میونسپل ڈاکٹر اسپتال کا جائزہ لیں گے۔
اس تعلق سے دورے میں شامل چھترپتی شیواجی مہاراج میونسپل اسپتال(کلوا) کے میڈیکل سپرنٹنڈ ڈاکٹرانیرودھ مزگاؤنکر نے بتایا کہ’’اسپتال کی کمیوں کو دور کرنے کیلئے ایک مانیٹرنگ ٹیم بنائی گئی ہےجو ہر ہفتہ اسپتال کا دورہ کرے گی، یہاں کی کمیوں اورشکایتیوں کو سنے گی اور جلد از جلد کمی دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ ‘‘
اس ضمن میں میڈیکل آفیسر آف ہیلتھ ( ایم او ایچ) ڈاکٹر پرساد پاٹل نے کہا کہ ’’ ممبرا میونسپل اسپتا ل پر مریضوں کی بھیڑ بڑھتی جارہی ہے اور اسی لئے یہاں ماہر اسٹاف کو بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جسے انتظامیہ نے پورا کرنے کا یقین دلایا ہے۔ ان میں (۱)ماہر ڈاکٹروں کی تعداد بڑھانا تاکہ مریضوں کو علاج کی سہولتیں میسر ہو سکیں اور ڈاکٹر تک پہنچنے میں انہیں زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے اور سرجری یا سونو گرافی وغیرہ جلد ہو سکے، (۲)مریضوں کے ساتھ بدتمیزی سے بات کرنے کی شکایت موصول ہوئی۔ اس تعلق سے جو بھی بدتمیزی کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل بھی متعدد اسٹاف کو معطل کیاجاچکا ہے۔ اس کےعلاوہ گزشتہ مرتبہ جب اسپتال میں علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا تھا تو اس وقت جتنے مسائل پیش کئے گئے تھے ان میں سے ۲۰؍ تا ۴۰؍فیصد مسائل کوحل کر لیا گیا ہے بقیہ کمیوں کو دورکرنے کاسلسلہ جاری ہے اور یہ آہستہ آہستہ ہی دور ہوں گی۔ اس کیلئے وقت درکار ہے۔ ‘‘سونوگرافی کیلئے ایک ماہ بعد کا اپوائٹمنٹ دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر پرساد پاٹل نے کہا کہ ’’ سونوگرافی مشین اور ٹیکنیشین دونوں کو بڑھانے کی ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی نے ہدایت دی ہے۔ ‘‘