اشوک چوان کی قیادت میں ناندیڑ میں کئے گئے مظاہرے کے دوران گورنر سے معافی مانگنے اور بیان واپس لینے کا مطالبہ ،ناسک میں گورنر کی تصویر پر چپل ماری گئی
Updated: November 23, 2022, 9:43 AM IST | Mumbai
اشوک چوان کی قیادت میں ناندیڑ میں کئے گئے مظاہرے کے دوران گورنر سے معافی مانگنے اور بیان واپس لینے کا مطالبہ ،ناسک میں گورنر کی تصویر پر چپل ماری گئی
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے متنازع بیان پر ہنگامہ ختم نہیں ہو رہا ہے۔ روزانہ ان کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ منگل کو ناندیڑ میں کانگریس نے ایک احتجاج کیا جس کی قیادت ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اشوک چوان نے کی۔ ناندیڑ کے آئی ٹی آئی چوک پر کئے گئے اس احتجاج میں چوان کے علاوہ رکن اسمبلی موہن اہمبرڈے ،رکن قانون ساز کونسل امر راجورکر سابق وزیر ڈی پی ساونت سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مظاہرین نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خلاف جم کر نعرے لگائے اوران سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اشوک چوان نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کو مہاراشٹرمیں بھگوان کا درجہ دیا جاتاہے ان کے تعلق سے بھگت کوشیاری کا دیا ہوا بیان کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ۔ان کے بیان سے مہاراشٹر کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔اس کیلئے انہیں مہاراشٹر کے عوام سے معافی مانگنی ہوگی اور اپنا بیان کو واپس لینا ہوگا ۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر گورنر نے ایسا نہیں کیا تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی اور اس کی ساری ذمہ داری بھگت سنگھ کوشیاری کی ہوگی ۔
ایولہ میں گورنر کی تصویر پر چپل مارے گئے
ادھر ناسک کے علاقے ایولہ میں بھی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے متنازع بیا ن پر احتجاج کیا گیا۔ ان کے خلاف شیوسینکوں ( ادھو گروپ )نے جم کر مظاہرہ کیا۔ گورنر کی تصویر پر چپّل مارے گئے ۔ایولہ کے تحصیل دار پرمود دِلئے کو مکتوب پیش کیا گیا جس میںمطالبہ کیا گیا کہ بھگت سنگھ کوشیاری عوام سے اپنے بیان پر معافی مانگیں ۔اُن کے بیان سے شیواجی کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ایولہ شیوسینا مہیلا اگھاڑی کی پرمکھ سُمترا بوٹے نے کہا کہ گورنر کا مقام آئینی ہوتا ہے ۔انہوں نے ماضی میں بھی کچھ ایسے بیانات دئے ہیں جس سے مہاراشٹرین کلچر اور یہاں کی عوام کو تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’بھگت سنگھ کوشیاری مہاراشٹر کے گورنر ہیں یا بی جے پی کے نمائندے ؟ اس سوال کا جواب مہاراشٹر کے عوام مانگ رہے ہیں ۔اس موقع پر شیوسینا کے تعلقہ پرمکھ رتن بورنارے ،شہر پرمکھ راجندر لیناری سمیت سیکڑوں کی تعداد میں شیوسینک موجود تھے ۔ یاد رہے کہ ریاست بھر میں گورنر کے خلاف گزشتہ ۳؍ دنوں سے مسلسل مظاہرے ہو رہے ہیں۔