Inquilab Logo

اساتذہ کیلئے تدریسی سرگرمیوں کی تفصیلا ت فراہم کرنے کا فرمان

Updated: September 27, 2020, 5:27 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکول اور جونیئر کالج کےاساتذہ کو پیر سے سنیچر تک کی تمام تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات ہرہفتہ ایس سی ای آر ٹی کی ویب سائٹ پر درج کرنےکی ہدایت

School - Pic : INN
اسکول ۔ تصویر : آئی این این

کووڈ ۱۹؍ اور لاک ڈائون کی وجہ سے گزشتہ ۶؍مہینے سے اسکول بند ہیں۔ ایسی صورت میں طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو اس لئے ریاستی محکمہ ٔ  تعلیم نے مختلف ذرائع مثلاً آن لائن ، آف لائن ، شکشک متر  اور اسی طرح کے دیگر پروجیکٹ کے تحت طلبہ کی پڑھائی جاری رکھنےکی کوشش کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ اس ضمن میں ریاستی اور مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کرنےکیلئے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( ایس سی ای آر ٹی) پونے نے ممبئی سمیت ریاست کے تمام میڈیم کے پرائمری،  اپرپرائمری، سیکنڈری ، ہائر سیکنڈری اور جونیئر کالج کے  اساتذہ کوہدایت دی ہے کہ وہ  پیر تا سنیچر کی تمام تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات ہرہفتہ  اتوار تک  ایس سی ای آر ٹی کی ویب سائٹ پر درج کریں۔ 
 اس نئی ذمہ داری سے تعلیمی تنظیموںمیں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ ان تنظیموں کے مطابق کووڈ ۱۹؍ کی صورت حال میں آن لائن کےعلاوہ آف لائن تعلیم، کاپیوںاور اناج کی تقسیم، مختلف قسم کے سروےمیں حصہ لینےاور اسی طرح کی دیگر ذمہ داریاں پہلے سے ٹیچروںپر عائد ہیں ۔ اب ٹیچروں کو ایک نئی ڈیوٹی دی جارہی ہے ۔ تنظیموں نے اس فرمان پر کووڈکی ڈیوٹی سے ٹیچروںکو آزاد کئے جانےکےبعد ہی عمل کرنے کیلئے کہا ہے۔
 ممبئی ہیڈماسٹر اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری پرشانت ریڈی نے انقلاب  کو بتایا کہ ’’ٹیچروںکو ہرہفتہ تعلیمی سرگرمیوںکی تفصیلات درج کرنےکی ہدایت پر ہمیںکوئی اعتراض نہیں ہے مگر اس تعلق سے ایس سی ای آرٹی نے علاحدہ سے سرکیولر جاری کرکے یہ ثابت کردیاہےکہ سرکار کو ہیڈماسٹر اور اساتدہ پر اعتماد نہیں ہے ۔ خیر یہ کوئی نئی بات نہیں ہے گزشتہ ۴؍سال سے اسی طرح کا سلسلہ جاری ہے ۔ ٹیچروںکو اس طرح کے کام دیئے جارہےہیں جن کا تعلیم سےسروکا ر نہیں ہے ۔ اگر اس طرح کا کام ٹیچروںکو کرنا ہے تو پھر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کی تقرری کس کام کیلئے کی گئی ہے ۔ کیاانہیں صرف اس طرح کے احکامات جاری کرنےکی ذمہ داری دی گئی ہے ۔‘‘
  مہاراشٹرشکشک پریشد ممبئی کے جنرل سیکریٹری شیوناتھ دراڈے نے کہاکہ ’’ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ ٹیچروںکو کس طرح کی ذمہ داری دی جا رہی ہے ۔ گزشتہ ۶؍مہینے سے ٹیچر آن لائن پڑھائی کو کامیاب بنانےکی متواتر کوشش کر رہےہیں مگر ابھی تک اس میں کامیابی نہیں ملی ہے ۔ آن لائن پڑھائی کے علاوہ ٹیچروںکو دیگر غیر تعلیمی سرگرمیوںکی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان تمام ذمہ داریوںکو پورا کرنےمیں ہی ٹیچروںکاپورا دن گزر جاتاہے ۔ اب ہر روزکی تعلیمی کارکردگی کی تفصیلات درج کرنے کی نئی ڈیوٹی دی گئی ہے  اور ویڈیوبنانےکیلئے کہاگیاہے ۔ ٹیچرکاکام بچوںکو پڑھاناہے یا ویڈیو بنانا ہے ۔ سمجھ میں نہیں آرہاہے کہ ٹیچروںکو ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے کیا سمجھ لیاہے۔ ریاست  بھر میں ۷؍لاکھ ٹیچرس ہیں ۔ ان کی تعلیمی سرگرمیوںکو اگر آن لائن درج بھی کیا جاتاہے تو ان تفصیلات کی جانچ کون کرے گا۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے صرف ٹیچروںکو پریشان کرنےکی کوشش کی جارہی ہے اور اس کا کوئی مقصدنہیں ہے ۔ اس طرح کی متعدد اسکیم پہلے بھی متعارف کرائی گئی ہے مگر ان کا کوئی فائدہ نہیں ہواہے ۔ ہم مذکورہ پروجیکٹ کی بھی شدید مخالفت کرتےہیں۔‘‘
  اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے اس ضمن میں ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر دنکر پاٹل کو ایک مکتوب روانہ کیاہے جس میں اس بات کی وضاحت کی ہےکہ ٹیچر ان دنوں غیر تعلیمی سرگرمیوں سے بیزار ہوگئے ہیں ۔ ایسےمیں پیر تا سنیچرتک کی تعلیمی کارگزاریوںکی تفصیلات ہر ہفتہ  اتوار تک ایس سی ای آرٹی کی ویب سائٹ پر درج کرنےکی ہدایت پر اسی وقت عمل کیاجائے گا جب کووڈ ۱۹؍ کی ڈیوٹی پر مامورہزاروں اساتذہ کو اس ڈیوٹی سے آزادکیاجائے گا۔‘‘

lockdown Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK